وزیراعظم سے جنرل اسمبلی کے صدر کی ملاقات، کشمیر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے ملاقات کی جس میں تنازع کشمیر اور دنیا سے اسلامو فوبیا کے خاتمے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس کے لیے صدر منتخب ہونے پر وولکن بوزکر کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم عمران خان نے وولکن بوزکر سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ تنازع کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دی جائے۔

وزیراعظم نے وولکن بوزکر کو کورونا کے دوران حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت کا فوکس لوگوں کی زندگیاں بچانا اور معیشیت کی بحالی تھا۔

انہوں نے بتایا کہ غریب اور ضرورت مندوں کے لیے حکومت پاکستان نے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا جو پاکستانی تاریخ میں کسی حکومت کی جانب سے سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے۔

عمران خان نے جنرل اسمبلی کے صدر کو قرضوں سے ریلیف سے متعلق عالمی مہم سے بھی آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کے دوران ترقی پزیر ممالک کو معاشی ریلیف فراہم کیا جائے۔

وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے خاتمے، ترقی پزیر ممالک سے غیر قانونی طور پر رقوم کی منتقلی کا معاملہ بھی اٹھایا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی 75ویں جنرل اسمبلی ان تمام ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھے گی، یہ ایشوز دنیا بھر میں اربوں لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے