این سی او سی نے محرم میں کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) نے خبردار کیا ہے کہ محرم الحرام میں کورونا سے متعلق ضابطہ کار(ایس اوپیز) پر عمل نہ کرنے سے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے جلوسوں میں عوام کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانےکے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیاگیا۔

این سی او سی اعلامیے کےمطابق صوبوں نے مختلف شعبوں کوکھولنے کے بعدکی صورت حال سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل سے آگاہ کیا اور این سی اوسی کے پلان آف ایکشن کو سراہا۔

وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے بتایاکہ محرم کے دوران کورونا سے متعلق جامع پروٹوکول کےلیے علماء سے مدد لی جارہی ہے۔

اس موقع پر این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ سیاحت سمیت کورونا وبا کی وجہ سے بند متعدد شعبے کھول چکے ہیں،کھولے گئے سیکٹرز میں کورونا سے متعلق ٹریس، ٹریک اور ٹیسٹ کی ضرورت ہے ۔

اسد عمرکا کہنا تھا کہ عوام کی صحت اور تحفظ کے لیے واحد راستہ کورونا کی ٹیسٹنگ ہے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اگر محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے صحت کے حوالے رہنما اصولوں اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو کورونا وائرس کے مریضوں میں بڑی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 84ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 6 ہزار 97 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے