قومی اسمبلی میں حاصل بزنجو کیلئے فاتحہ خوانی، احترام میں اجلاس ملتوی

قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس مرحوم سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کے احترام میں ملتوی کر دیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

میر حاصل خان بزنجو کے انتقال پر وزیر مملکت شہریار آفریدی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حاصل بزنجو حقوق کی بات ڈنکے کی چوٹ پر کرتے تھے، انہوں نے پاکستان کی سالمیت پر کبھی سوال نہیں اٹھایا، ان جیسی شخصیات کے لیے پارلیمان میں کوئی کارنر مختص کیا جائے۔

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری پارٹی کے ساتھ میر حاصل بزنجو کے قریبی تعلقات تھے، ان جیسے لوگ ہماری سیاست سے آہستہ آہستہ اٹھتے جا رہے ہیں، ان جیسی جمہوری سوچ رکھنے والے لوگوں کی آج ضرورت محسوس ہوتی ہے۔

خواجہ آصٖ نے کہا کہ میر حاصل بزنجو کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، میر حاصل بزنجو کی جمہوریت کے لیے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میری رائے ہے کہ میر حاصل بزنجو کی یاد میں آج کا اجلاس ملتوی کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ میر حاصل بزنجو کمال کے سیاستدان تھے، ان کا لفظوں کا چناؤ مشکل حالات میں بھی کمال کا تھا، انہوں نے کینسر جیسے مرض کا مقابلہ بھی بڑی جرات سے کیا۔

بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میر حاصل بزنجو ایک بہت بڑی شخصیت تھی، انہوں نے پارلیمانی روایات کو فروغ دیا اور ہمیشہ بھرپور جمہوری انداز میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کی بات کی۔

اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کا مؤقف ہے کہ میر حاصل بزنجو کے احترام میں اجلاس ملتوی کیا جائے اس لیے آج کا اجلاس ملتوی کرتے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس پیر 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے