لائیو: کراچی میں طوفانی بارش کا ایک اور اسپیل، بیشتر علاقوں میں بجلی معطل، حد نگاہ بھی کم ہوگئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کی سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئیں جب کہ شدید بارش سے حد نگاہ بھی کم ہوگئی۔

کراچی میں جاری مون سون کے اسپیل نے شہر کو ایک بار پھر پانی پانی کردیا ہے، جمعرات کی صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ملیر، قائدآباد، نیشنل ہائی وے، شارع فیصل، لیاری، آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، قیوم آباد، کورنگی، نارتھ کراچی، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر، نمائش، گرومندر، لانڈھی، گلشن حدید، ملیر اور ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں صبح سے ہی تیز بارش شروع ہوگئی۔

موسلا دھار بارش سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ایک بار پھر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

شہر میں شدید بارش کے باعث حد نگاہ بھی انتہائی کم ہوگئی اور دوپہر کے اوقات میں اندھیرا چھانے سے گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس جلاکر سفر کیا جارہا ہے۔

’ رات 11 بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے‘
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتی ہے اور سہہ پہر میں بارش تیز ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں بننے والا سسٹم کمزور پڑ رہا تھا لیکن بارش کا سسٹم کمزور ہونے کی بجائے دوبارہ زور پکڑ رہا ہے، کمزور ہوتا سسٹم بلوچستان سے آنے والے سسٹم سے مل کر مضبوط ہوگیا، بلوچستان سے آنے والے سسٹم کے بقیہ حصے نے اسے مضبوط کردیا اور دباؤ کے زیر اثر کراچی میں بادل برس رہے ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رات 11 بجے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ 10 محرم کو بھی کراچی میں معتدل بارش کا امکان ہے۔

بجلی کی فراہمی معطل
شہر میں بارش کے باعث کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ٹرپ گئے جس سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔

گارڈن، ملیر، جعفر طیارسوسائٹی، غریب آباد، علیم آباد، شبانہ ٹاؤن، مہران گوٹھ،، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، محمودآباد، کلفٹن، شاہ فیصل کالونی،گلستان جوہر، گلشن اقبال، گلبرگ، ایف سی ایریا، رنچھوڑ لائن، جوبلی، کھارادر، لیاری،نشتر روڈ، لسبیلہ، منظور کالونی، کشمیر کالونی، دادا بھائی ٹاؤن، قیوم آباد، کھوکھراپار، سعود آباد، گلبہار، گولیمار، رضویہ، پٹیل پاڑہ، پاک کالونی، شاہ لطیف ٹاؤن، بن قاسم، رزاق آباد، قائد آباد اور ملحقہ علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

بجلی بحالی کا وقت نہیں بتا سکتے: کے الیکٹرک
کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہےکہ کچھ علاقوں میں حادثات سے بچنےکے لیے بجلی بند کی گئی ہے اور بجلی بحالی کا وقت نہیں بتا سکتے، نشیبی علاقوں میں نکاسی کے بعد بجلی بحالی کا کام شروع ہوگا۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ بارش کی صورت میں احتیاط کریں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول جان لیوا ہے، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں،کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔

کراچی: پانی کی نکاسی کے لئے انتظامیہ کام کر رہی ہے،کمشنر کراچی

واضح رہے کہ کراچی میں اگست میں ہونے والی ریکارڈ بارشوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس میں سرجانی ٹاؤن سمیت بعض علاقوں میں گھروں میں پانی بھرنے سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے