چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس قتل کیس کے ملزم عاطف زمان اور کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ترجمان نیب کے مطابق چیئرمین نیب نے اینکر مرید عباس قتل کیس کے ملزم عاطف زمان کے خلاف ٹائروں کے جعلی کاروبار کے نام پر اربوں روپے لوٹنے کی شکایات کا نوٹس لیا ہے۔
نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کو کراچی پولیس کی جانب سے تحقیقات کی درخواست ملی تھی جس پر انہوں نے نیب کراچی سے اب تک کی تحقیقاتی رپورٹ 7 دن میں طلب کرلی ہے۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب نےکے الیکٹرک اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے پر بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے سرمایہ کاری کرنا تھی، معاہدے کی مکمل پاسداری نہ کرنے پر نیب کراچی کو انکوائری کا حکم دیا گیا، اس حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ 7 روز میں طلب کی گئی ہے۔
چیئرمین نیب نے مزار قائد کے اطراف چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی تعمیرات کی تحقیقات کا بھی حکم دیتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ 7 دن میں طلب کی ہے۔