لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے منی لانڈرنگ ریفرنس کے ابتدائی مراحل میں اہلخانہ کو طلب نہ کرنے کی استدعا کردی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اس لیے انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
شہبازشریف نے وکیل امجد پرویز کے ذریعے عدالت سے استدعا کی کہ اہلخانہ کو ابتدائی مراحل میں طلب نہ کیا جائے اس پر فاضل جج نےکہا کہ قانون کے مطابق شریک ملزمان کو پیش ہونا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔
یہ حکومت انتقام ہی لے سکتے ہیں: شہبازشریف
عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ میں ہوش حواس میں پنجاب کی حکومت کرتا رہا ہوں لیکن موجودہ حکومت کو انتقام کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، یہ صرف دن رات انتقام ہی لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ اس حکومت کے ظلم کا شکار ہوا ہے، اللہ تعالی حمزہ شہباز سمیت کورونا کےتمام مریضوں کوصحت دے۔