لاہور: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ لوگوں کو کہتا ہوں اگر میں غلط کام کروں تو میری گاڑی کو پتھر ماریں۔
لاہور چیمبر میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز شاہ نے کہا کہ درگاہوں سے پیسا ضرور لیں مگر بتائیں وہ رقم کہاں خرچ کی، منی لانڈرنگ کرنے والوں کے بارے میں سب جانتے ہیں، جس کے گھر میں غربت ہے وہ منی لانڈرنگ کہاں سے کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ننکانہ صاحب میں پولیس افسر غلط کام کرتا ہے تو میں ذمہ دار ہوں اور میں لوگوں کو کہتا ہوں کہ میری گاڑی کو پتھر ماریں اگر غلط کام کروں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نعروں سے ملک ٹھیک نہیں ہوگا احتساب کریں اور عوام ووٹ کے ذریعے سیاستدانوں کا احتساب کریں۔
اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ ملک میں صنعتیں لگانے کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں، ٹیکس دینے اور لینے دونوں کے مسائل ہیں، حکومت کتنے بیروزگاروں کو نوکریاں دے سکتی ہے، ایک ایک گاؤں میں 50 ، 60 پڑھے لکھے نوجوان موجود ہیں، نوکریاں اسی صورت ملیں گی جب کاروباری طبقہ صنعتیں لگائے گا۔