فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے سال 19-2018 کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کر دی ہے لیکن اس فہرست میں وفاقی وزراء اور سینیٹرز سمیت کئی اراکین اسمبلی ایسے بھی ہیں جنہوں نے کوئی ٹیکس نہیں دیا۔
ایف بی آر کے مطابق سب سے زیادہ 24 کروڑ 13 لاکھ 29 ہزار 362 روپے ٹیکس شاہد خاقان عباسی نے جمع کرایا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے 2 لاکھ 82 ہزار روپے ٹیکس دیا۔
لیکن اس فہرست میں ایسے وفاقی وزراء، سینیٹر اور اراکین قومی اسمبلی بھی شامل ہیں جنہوں نے سرے سے ٹیکس دیا ہی نہیں۔
ایف بی آر کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نےکوئی ٹیکس نہیں دیا جب کہ سینیٹر فیصل جاوید اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی ٹیکس نہ دینے والوں میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، فاٹا سے سینیٹ کے رکن شمیم آفریدی اور سینیٹر رانا مقبول احمد نے بھی ٹیکس جمع نہیں کروایا۔
ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق ایم این اے بشیر خان اور محمد ساجد بھی ٹیکس ادا نا کرنے والوں میں شامل ہیں جب کہ زاہد اکرم درانی اور شیر علی ارباب نے بھی ٹیکس نہیں دیا۔