خارجہ پالیسی سے کراچی پلان تک فوج عمران خان کے ساتھ ہے : فیصل جاوید

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہےکہ خارجہ پالیسی سے کراچی پلان تک فوج عمران خان کے ساتھ ہے۔

ٹوئٹر پرجاری بیان میں فیصل جاوید نے کہا کہ دھاندلی کا شور کرنے والے یہ بتائیں کہ کون سا فورم آزمایا، حلقے بتائیں، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو 22 سال کی جدوجہد کے بعد عوام کے مینڈیٹ سے اقتدار میں آئے، باقی تمام لوگ اقتدار میں پہلے آئے اور بعد میں پارٹیاں بنیں، ان کو جنرل ضیاء الحق، جنرل جیلانی لائے اور جنرل ایوب کی کابینہ میں رہ کر آئے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان اس قوم اور اپنے وطن عزیز کے ساتھ مخلص ہیں، ہندوستان چاہتا ہے کہ پاکستان کے تین ٹکڑے ہو جائیں، ہماری افواج ہی ہیں جو پاکستان کے دفاع کی ضامن ہیں، آج جو ہمارے اداروں کے خلاف ہیں اس کے پیچھے ایک پوری مہم ہے لیکن اداروں کے خلاف مہم ہر صورت ناکام ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی،کرتارپور،کورونا او رکراچی پلان، ہر جگہ فوج عمران خان کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور ہم آہنگی اس لیے ہے کہ وہ جانتے ہیں عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے، وہ جانتے ہیں عمران خان کرپٹ نہیں ان کاکوئی بزنس انٹرسٹ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑے بڑے چیلنجز سے نمٹنے میں فوج نے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، وہ ہر پالیسی پر وزیراعظم عمران خان کو سپورٹ کرتے ہیں۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ذرا سوچیں کیوں نواز شریف کی تقریر کو انڈیا نے پسند کیا؟ آج پاکستان کی کامیابیوں پر ان کو کیا تکلیف ہے ؟

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے