وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہےکہ (ن) لیگ کی عسکری قیادت سے دو ماہ میں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی رہنماؤں اور عسکری قیادت کی ملاقات سے متعلق ایک بار پھر شیخ رشید اپنے مؤقف پر قائم رہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں اور عسکری قیادت کی گلگت بلتستان پرمیٹنگ بلائی گئی مگر سیاست پرکھل کربات ہوئی، (ن) لیگ کی عسکری قیادت سے دو ماہ میں دو ملاقاتیں ہوئی ہیں، احسن اقبال عسکری قیادت کے ساتھ دونوں ملاقاتوں میں موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی ملاقات 5 گھنٹےاور دوسری ملاقات سوا 3 گھنٹے ہوئی، پہلی ملاقات میں شہبازشریف اور میں نے ایک ٹیبل پرکھانا کھایا۔
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ خواجہ آصف اور احسن اقبال نے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز جس دن سچ بولیں گی اس دن ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔
دوسری جانب شیخ رشید کے بیان پر رد عمل میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں کی عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات میں شریک تھا اور جو ملاقات ہوئی ایک ہال میں ہوئی جہاں تمام نمائندے موجود تھے، اس ملاقات کا موضوع گلگت بلتستان تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ آرمی چیف سے پارلیمانی رہنماؤں کی ایک ہی ملاقات کا مجھے پتا ہے۔
لیگی رہنما نے شیخ رشید کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات نہیں ہوئی۔