وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کاکہنا ہےکہ مسئلہ کشمیر کاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہوناچاہیے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کے موقع پر سارک وزراءکونسل کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ ہمیں متنازع علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی مذمت اور مخالفت کرنی چاہیے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہوناچاہیے۔
انہوں نے کونسل کے ارکان پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعے سے متاثرہ لوگوں کے خلاف انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کانوٹس لیں اور ان کا تحفظ یقینی بنائیں۔
شاہ محمودقریشی کاکہنا تھاکہ کوروناکے دوران معاشی چیلنجز کا سامنا رہا،کورونا ویکسین کی تمام ممالک تک رسائی ممکن بنانا ہوگی، کورونا، خوراک کے عدم تحفظ، ٹڈی دل کے حملے اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی سوچ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کی بھرپور حمایت کرتاہے، پاکستان شراکت داری کے ذریعے خطے میں خوشحالی کے لیے اقدامات پریقین رکھتا ہے۔