لاہور: مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ ہم نواز شریف کی تقریر کے ہر حرف سے متفق ہیں اور ان کی تقریرپارٹی پالیسی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کیس میں بے بنیاد الزامات ہیں، اس کیس کی کوئی حقیقت نہیں اور یہ کیس صرف ایک سیاسی انتقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنس دائر ہوچکا تو شہباز شریف کوگرفتارکرنا سیاسی مقصد ہی ہوسکتا ہے، ہمیں عدالت سے امید ہے کہ انصاف ملے گا البتہ شہباز شریف گرفتار ہوئے تو اے پی سی اجلاس میں کے فیصلوں کے مطابق لائحہ عمل طے کریں گے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کی تقریر کے ہر حرف سے متفق ہیں، ان کی تقریرپارٹی پالیسی ہے، لندن میں نوازشریف کی رہاشگاہ کے باہر پی ٹی آئی نے مظاہرہ کروایا، پہلے بھی پی ٹی آئی کی طرف سے اس قسم کی گھٹیا حرکات کی جاتی رہی ہیں۔
طلال چوہدری کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومت اس پر پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے، اس معاملے پر (ن) لیگ کی کمیٹی ایک دو روز میں اپنا فیصلہ سنائےگی، اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے عوام کو حقائق بتائیں گے اور کارروائی کرنا پڑی تو ضرور کریں گے۔