العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سزا دلوانے والے اسپیشل پراسیکیوٹر نیب مستعفی

سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا دلوانے والے قومی احتساب بیورو (نیب) کے اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک مستعفی ہوگئے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں واثق ملک ایڈووکیٹ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو استعفیٰ بھجوا چکا ہوں۔

خیال رہے کہ واثق ملک نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ہیں اور وہ اہم مقدمات کی پیروی کرتے رہے ہیں جس میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس اور جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق نیب کیسز شامل ہیں۔

واثق ایڈووکیٹ نواز شریف کو العزیزیہ ملز ریفرنس میں سزا دلوانے والی ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے نواز شریف کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل بھی دائر کی تھی۔

اس کے علاوہ واثق ملک جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق نیب ریفرنسز میں بھی نیب کی ٹیم کا حصہ رہے۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) حکام کا کہنا ہے کہ واثق ملک کسی اختلاف پر نہیں بلکہ کنٹریکٹ پورا ہونے سے ایک ماہ پہلے پریکٹس کے لیے مستعفی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بری کرتے ہوئے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں 29 اکتوبر 2019 کو نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے