وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری عدالتی فیصلہ ہے، اس معاملے کو سیاسی مقدمہ نہ بنائيں۔
جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل میں شبلی فراز کاکہنا تھاکہ شہباز شریف کی گرفتاری نوشتہ دیوار تھی کیوں کہ ان کے خلاف بہت واضح ثبوت موجود ہیں۔
شبلی فراز کاکہنا تھاکہ عدالت نے ثبوت دیکھ کر فیصلہ کیا ہے، اس میں سیاست کہاں سے ہے؟ اس گرفتاری کا ذمہ عمران خان پر ڈال کر مقدمے کو سیاسی نہ بنایا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے ملکی دولت کو نہيں لوٹا تو انہیں بالکل بے فکر ہونا چاہیے، تحریک انصاف احتساب کا نعرہ لےکر آئی ہے اور وہی کررہی ہے۔
[pullquote]عدالتی فیصلہ آگیا اب کون کیا کہتا ہے معنی نہیں رکھتا، شہزاداکبر[/pullquote]
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کے مشیر داخلہ و احتساب شہزا د اکبر کا کہنا ہے کہ معاملہ صرف بچوں کا نہیں، ریفرنس میں شہباز شریف کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے، اکاونٹس سے فائدہ اٹھانے کے براہ راست الزامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شواہد ہونے کے بنیا دپر ہی لاہور ہائی کورٹ نےشہباز شریف کی ضمانت قبل از گرفتار ی مسترد کی، ایک عدالتی فیصلہ آگیا اب کون کیا کہتا ہے معنی نہیں رکھتا، عدالتی معاملات کو سیاسی رنگ دینا توہین عدالت ہے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو گرفتارکرلیا ہے۔
نیب حکام شہبازشریف کو عدالت سے لے کر ٹھوکر نیاز بیگ کے دفتر روانہ ہوگئے اورکل انہیں عدالت میں پیش کیا جائےگا۔