وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا وبا کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پاکستان میں اس وقت کورونا وبا دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کنٹرول میں ہے اور یہاں اب تک کورونا کے باعث 3 لاکھ 14 ہزار 600 سے زائد افراد متاثر اور 6 ہزار 513 افراد جان کی بازہ ہار چکے ہیں۔
کورونا وبا کی صورت حال میں بہتری کے بعد اسکول، دفاتر، کاروباری مراکز اور شادی ہالز بھی کھل گئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
اب وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اللہ کی رحمت سے دوسرے ممالک کی نسبت ہم کورونا کے شدید خطرات سے بڑی حد تک محفوظ رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ کورونا وبا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے، لہذا عوام سے اپیل ہے کہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
Compared to some other states, Allah has been kind to us in Pak & spared us worst effects of COVID-19. There is a fear onset of winter could result in 2nd wave. I urge everyone to wear face masks in public to avoid a spike. All offices & ed institutions must ensure masks are worn
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 4, 2020