کراچی: پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ لوٹ لیا۔
پولیس کے مطابق سرجانی کے سیکٹر 5 ڈی میں 4 کے چورنگی کے قریب پولیس کی وردی میں ملبوس 8 سے 10 مسلح ملزمان پیٹرول پمپ پر آئے اور پمپ کے عملے اور صارفین کو یرغمال بنا کر ہزاروں روپے چھین کر فرار ہوگئے تاہم ملزمان نے کسی سے بھی موبائل فون نہیں چھینا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے جب کہ پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ پولیس وردی میں ملبوس ڈاکو کون تھے۔
دوسری جانب اے وی ایل سی پولیس نے درخشاں کے علاقے سے گاڑیاں چھیننے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے آن لائن ٹیکسی سروس کی گاڑی بہادر آباد سے ڈیفنس جانے کے لیے بک کروا کر ڈیفنس فیز 8 میں چھین لی تھی اور گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر اسے بیچنے کی کوشش کررہے تھے، ملزمان سے 2 پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں مچھر کالونی میں آپس کے جھگڑے میں فائرنگ اور پستول کے بٹ لگنے سے خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔