پی ڈی ایم کے اسٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا گیا ؛ شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کاکہنا ہےکہ بھارت، اسرائیل اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) ایک ہی تکون کے 3 رخ ہیں، اسی اتحاد کے ایک رہنما اویس نورانی نے جلسے کے اسٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک دشمن عناصر کی تائیدکر رہاہے، اویس نورانی نے جلسے کے اسٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

شبلی فرازکاکہنا تھاکہ پی ڈی ایم اگر جلسے میں شان رسالتﷺ پر بات کرتی تو بہتر ہوتا، افسوس کی بات ہے جلسے میں اس معاملے پر معمولی بات کی گئی، لوٹی ہوئی دولت بچانےکےلیےکسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے، عمران خان کی سیاست کا محور ملک کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے، سابقہ ادوار میں اداروں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیاگیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، ہماری سمت ٹھیک ہے، ہم اداروں کو مضبوط کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنارسی ٹھگوں کے ٹولے نے بلوچستان میں پڑاؤ ڈالا ہے، جلسے میں ایک ایسے شخص نے تقریر کی جسے عدالتیں مفرور قرار دے چکی ہیں، آج اس شخص نے پاک فوج کو ٹارگٹ کیا ہے، یہ وہی فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، یہ وہی فوج ہے جس نے ملک کو شام اور عراق بننے سے روکا۔

شبلی فراز نے مزیدکہا کہ سزا یافتہ مریم نواز کو سوالات پوچھنےکا کوئی حق نہیں ہے، انہوں نے 4 سال سے ایک سوال کا جواب نہیں دیا کہ لندن کے فلیٹ خریدنےکے لیے پیسے کہاں سے آئے ؟ اور وہ پیسے کیسے پاکستان سے برطانیہ بھیجے ؟جب اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک، اقتدار سے جائیں تو ادارے غلط، عدالتوں کے فیصلوں کی تشریح ان کے مطابق نہیں ہو سکتی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے