کے پی کے:اسکولوں میں ڈبل شفٹ کا آغاز،بلوچستان،جلد تعطیلات کا اعلان

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اسکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ محمود خان کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں ڈبل شفٹس شروع کرنے کی اصولی منظوری محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم کے اجلاس میں دی گئی۔

اجلاس میں وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے شرکت کی جب کہ دوران اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈ میں یکساں نظام رائج کرنے، تعلیمی بورڈزکی خالی آسامیوں کو جلد سے جلد پرُ کرنے اور امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

[pullquote]بلوچستان : کورونا کے باعث موسم سرما کی تعطیلات جلد کرنے کا اعلان[/pullquote]

بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات جلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند کا کہنا ہےکہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات یکم دسمبر سے ہوں گی اور نیا تعلیمی سال 3 ماہ کی تعطیلات کے بعد مارچ میں شروع کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا خصوصی اجلاس ہوا تھا جس میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران تعلیمی اداروں میں کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات نومبر سے جنوری تک کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔

وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے البتہ ابھی اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق جو فیصلہ ہوگا اس پر سب کو عمل کرنا ہوگا۔

بعد ازاں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا گیا اور اسکولوں کی بندش سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے بعد کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے