اپوزیشن کو ضرورت نہیں کہ فوج سے کہے تختہ الٹ دو : مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو جواب دیا ہے کہ اپوزیشن کو ضرورت نہیں کہ فوج سے کہے تختہ الٹ دو۔

سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس عوام کی طاقت ہے، کسی کو نکالنے کیلئے کسی سے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی فکر چھوڑو اپنی اور اپنے اراکین اسمبلی کی فکر کرو جنھیں پتا ہے کہ عمران جارہا ہے اور واپس نہيں آئے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے آج چکوال میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ خود کو جمہوری کہنے والی اپوزیشن فوج سے کہہ رہی ہے کہ منتخب حکومت کا تختہ اُلٹ دے ، مریم اور بلاول نے ایک گھنٹہ نوکری نہیں کی اور چلے ہیں ملک چلانے، دونوں این آر او کا جلسہ کررہے ہيں ، کوئی استعفے نہیں دے گا ، ان کی جماعتوں میں فارورڈ بلاک بنیں گے۔

اس حوالے سے مریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی ملک نے ترقی کی وہ نوازشریف کا دور تھا،جب بھی ملک کی ترقی کی بات آتی ہے نواز شریف کا نام آتا ہے، جب بھی پاکستان میں جمہوریت کی بات ہوگی نواز شریف کا نام آئے گا، نواز شریف نے اپنی تین حکومتیں قربان کردیں، وہ وقت دور نہیں جب نوازشریف عوام کے درمیان ہوں گے،

مریم نواز نے مزید کہا کہ ترقی کا سفر وہاں سے شروع ہوگا جہاں سے نواز شریف کے جانے کے بعد ٹوٹا تھا، سونامی پہلے بدنامی میں تبدیل ہوئی اور اب گم نامی میں تبدیل ہوگی، جب پتا تھا کہ نالائق ہو ، تیاری نہیں تو کیوں 22 کروڑ عوام کی قسمت سے ساتھ کھلواڑ کیا، دوستوں کی جیبیں بھرنے کی تمھاری پوری تیاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ 11 روپے فی یونٹ جس کے دور میں تھی وہ چور ہے یا 17 روپے بجلی والا چور ہے؟ کون کہتا تھا کہ جب ملک میں منہگائی ہوتی ہے تو سمجھو حکمران چور ہیں؟ عوام کے ساتھ جو تم نے جھوٹ بولے تھے ایک ایک کرکے سامنے آرہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ تم نے مخالفین پر الزامات لگائے آج اللہ نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیا، ایک تو اپنی دماغ سے یہ غلط فہمی دور کرلو کے تم منتخب ہو، اپوزیشن کو کوئی ضرورت نہیں کہ فوج کو کہے تختہ الٹ دو ، پی ڈی ایم کے ساتھ عوام کی طاقت ہے ، جن کے ساتھ عوام کی طاقت ہوتی ہے وہ کسی کی طرف نہیں دیکھتے، ہم پوری طرح تمہارا محاسبہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک ہی کوالیفکیشن ہے اور وہ ہے جوتے پالش کرنا، عمران خان کی ایک ہی کوالیفکیشن ہے وہ ہے تابعداری، اگر یہی کوالیفکیشن ہے تو نوازشریف اور مریم نواز کو اس کی ضرورت نہیں۔

مریم نے کہا کہ ’تم نوازشریف کا مقابلہ کیا کرو گے تمہیں تو مریم نواز کا مقابلہ کرنے کے لیے جیل میں بند کرنا پڑتا ہے، ن لیگ کے 160 ایم پی ایز کے استعفے میرے پاس آچکے ہیں، ہمارے دو ارکان اسمبلی کے استعفے کسی نے شرارت سے اسپیکر کے پاس بھیج دیے، بھلے ہی وہ شرارت سے کسی نے استعفے بھیجے ہوں، دونوں ارکان استعفوں کی تصدیق کریں، مسلم لیگ ن کے کارکن اپنے قائد کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ووٹ کی عزت کی خاطر اپنی جان بھی دیں گے، لوگ نوازشریف کے نام اور شیر کے نشان کو ووٹ دیتے ہیں، تم اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کی فکر کرو جنہیں پتہ ہے عمران خان جا رہا ہے واپس نہیں آئے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈھائی سال بعد ناکامی کا رونا رونے والا جانتا ہے کہ اگر یہ چلاگیا تو دوبارہ نہیں آئے گا، نئے الیکشن ہوں گے اور مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت کے ساتھ واپس آئے گی، لوگ جانتےہیں عمران خان جارہا ہے اور نوازشریف آرہا ہے، پی ڈی ایم تمہیں پوری تیاری سے گھر رخصت کرے گی، ہوسکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت نہ پڑے یہ لانگ مارچ سے پہلے چلے جائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے