وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور(ایف سی) بلوچستان کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں 7 بہادر جوانوں کی شہادت پر دکھی ہوں۔
Saddened to hear of 7 brave soldiers martyrdom as a result of terrorist attack on FC post in Harnai Balochistan late last night. My heartfelt condolences & prayers go to their families. Our nation stands with our courageous soldiers who face attacks from Indian backed terrorists.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 27, 2020
وزیر اعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کیلئے دعا گو ہوں۔
انہں نے کہا کہ ہماری قوم بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارے بہادر سپاہی دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں اور دہشت گردوں کو بھارتی پشت پناہی حاصل ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ہرنائی میں دہشت گردوں کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے، بہادر سیکیورٹی فورسز وطن کا دفاع اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئرکور (ایف سی) بلوچستان کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 جوان شہید ہوگئے۔