اتوار : 17 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]صدر پوٹن کے ناقد روسی سیاستدان ناوالنی آج ماسکو پہنچ رہے ہیں[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ناقد اور منحرف سیاستدان آلیکسی ناوالنی آج اتوار کے روز ماسکو پہنچ رہے ہیں۔ چوالیس سالہ ناوالنی کو روس میں زہر دے دیا گیا تھا اور وہ طویل عرصہ جرمنی میں زیر علاج رہے تھے۔ ناوالنی کا الزام ہے کہ انہیں زہر کریملن کے ایما پر دیا گیا تھا۔ وہ آج شام برلن سے ایک روسی ایئر لاین کی پرواز کے ذریعے ماسکو پہنچیں گے اور خدشہ ہے کہ روس پہنچنے پر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد اب چھیالیس ہزار سے متجاوز[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب چھیالیس ہزار چار سو انیس ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں اس وبا کی وجہ سے مزید چار سو پینتالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ اسی دوران کل ہفتے کے روز کورونا کی نئی انفیکشنز کی تعداد تیرہ ہزار نو سو کے قریب ریکارڈ کی گئی۔ جرمنی میں اس مہلک وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد اب بیس لاکھ تینتیس ہزار پانچ سو سے تجاوز کر چکی ہے۔

[pullquote]وسطی افریقی جمہوریہ: باغیوں کے زیر قبضہ شہر پر دوبارہ امن دستوں کا کنٹرول[/pullquote]

وسطی افریقی جمہوریہ میں اقوام متحدہ کے امن دستوں نے باغیوں کے زیر قبضہ ایک اہم شہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ امن دستوں کے ایک ترجمان نے اتوار کے روز بتایا کہ اس شہر پر مختلف مسلح گروپوں نے قبضہ کر لیا تھا لیکن اب یہ شہر دوبارہ امن دستوں کے کنٹرول میں ہے۔ یہ عسکری گروہ اس افریقی ریاست میں صدر تُوآدیرا کی حکومت کے خلاف اپنی مسلح کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق بانگاسُو نامی شہر پر گزشتہ جمعے کے دن سے عالمی امن دستوں کا قبضہ بحال ہو چکا ہے۔

[pullquote]کورونا کے باعث پابندیوں کے خلاف آسٹریا میں ہزاروں شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

جرمنی کے ہمسایہ ملک آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں تقریباﹰ دس ہزار شہریوں نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث عائد کردہ پابندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا۔ شرکاء نے ان پابندیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے چانسلر سباستیان کُرس کی حکومت کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرین میں سے اکثر نے اپنے چہروں پر حفاظتی ماسک بھی نہیں پہنے ہوئے تھے اور انہوں نے حکومتی احکامات کے برعکس ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ رکھنے کے ضابطے کی بھی خلاف ورزی کی۔ اس احتجاج میں سابق نائب چانسلر ہائنز کرسٹیان شٹراخے بھی شامل تھے۔ اب تک وہاں کورونا وائرس کی وبا کے باعث تقریباﹰ سات ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ آسٹریا میں اس وقت سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے، جس کی مدت چوبیس جنوری کو پوری ہونا تھی۔ تاہم آج ہی چانسلر کُرس کی حکومت نے اس مدت میں آٹھ فروری تک کی توسیع کر دی۔

[pullquote]کابل میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے دو خواتین ججوں کو گولی مار دی[/pullquote]

افغان دارالحکومت میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو خواتین ججوں کو ہلاک کر دیا۔ افغانستان کی سپریم کورٹ کے ترجمان احمد فہیم قاوم نے آج اتوار کے روز کابل میں بتایا کہ یہ دونوں خواتین ملکی سپریم کورٹ کی اہلکار تھیں۔ افغان وزارت داخلہ نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ اس حملے میں دو خواتین ہلاک اور ایک تیسری خاتون زخمی ہو گئی۔ ان تینوں خواتین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ملکی سپریم کورٹ کے ترجمان کے مطابق ان خواتین ججوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ کابل میں اپنے دفاتر جانے کے لیے سفر میں تھیں۔ اس حملے کی تاحال کسی مسلح گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]سینکڑوں شہریوں کا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف رات بھر احتجاج[/pullquote]

یروشلم میں سینکڑوں شہریوں نے سخت سردی کے باوجود ہفتے کی رات سے لے کر اتوار کی صبح تک اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو اپنے خلاف لگائے گئے کرپشن کے الزامات کی وجہ سے مستعفی ہو جائیں۔ یہ احتجاج یروشلم میں نیتن یاہو کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب کیا گیا۔ اسرائیل میں نیتن یاہو کے خلاف ایسے ہفتہ وار احتجاجی مظ‍اہرے گزشتہ سات ماہ سے بھی زیادہ عرصے سے جاری ہیں۔ نیتن یاہو پر فراڈ اور رشوت ستانی کے تین واقعات میں باقاعدہ فرد جرم عائد کی جا چکی ہے تاہم وہ اپنے خلاف ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آغاز فروری میں ہو گا۔

[pullquote]سوڈانی علاقے دارفور میں مسلح جھڑپیں جاری، درجنوں افراد مارے گئے[/pullquote]

سوڈان کے بحران زدہ علاقے دارفور میں مختلف قبائلی ملیشیا گروپوں کے مابین جاری خونریز جھڑپوں میں کم از کم اڑتالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ملک کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ جھڑپیں کل ہفتے کی صبح شروع ہوئی تھیں جو ابھی تک جاری ہیں۔ مختلف ملیشیا گروپوں کے ایک دوسرے پر کیے گئے ان خونریز حملوں میں نوے سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ اور افریقی یونین کے امن دستوں نے سوڈان کے اس بحران زدہ علاقے میں اپنا تیرہ سالہ امن مشن ابھی دو ہفتے پہلے ہی ختم کیا تھا۔

[pullquote]بائیڈن کی حلف برداری سے چند روز قبل کیپیٹل ہل کے قریب مسلح شخص گرفتار[/pullquote]

نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی حلف برداری سے چند روز قبل واشنگٹن میں امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل کے قریب پولیس نے ایک مسلح شخص کو گرفتار کر لیا۔ اس مشتبہ شخص کے قبضے سے پولیس کو ایک پستول اور پانچ سو گولیاں ملی ہیں۔ یہ ملزم جعلسازی سے تیار کیے گئے ایک خصوصی اجازت نامے کے ساتھ امریکی کانگریس کی عمارت کے ارد گرد سکیورٹی زون میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ نو منتخب ڈیموکریٹ صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب بدھ بیس جنوری کے روز کیپیٹل ہل میں منعقد ہو گی۔

[pullquote]امریکا جانے کے خواہش مند ہزاروں تارکین وطن گوئٹے مالا میں محو سفر[/pullquote]

امریکا جانے کے خواہش مند ہزاروں تارکین وطن کے مسلسل سفر میں ہونے کی وجہ سے گوئٹے مالا کی حکومت نے ہنڈوراس میں حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہزارہا انسانوں کے اس قافلے کو روکنے کی کوشش کریں۔ گوئٹے مالا کے صدر آلیخاندرو جیاماتائی نے کہا کہ خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہمسایہ ملک ہنڈوراس میں حکام کو لازمی طور پر اب تک کے مقابلے میں کہیں زیادہ مؤثر کاوشیں کرنا ہوں گی۔ قبل ازیں ہنڈوراس سے تقریباﹰ نو ہزار تارکین وطن ایل فلورِیڈو کی سرحدی گزرگاہ عبور کر کے گوئٹے مالا میں داخل ہو گئے تھے۔ ہنڈوراس کے یہ تارکین وطن امریکا داخلے کے بعد وہاں اپنے لیے زیادہ بہتر زندگی کے خواہش مند ہیں۔

[pullquote]جرمنی: ویکسین لگوانے والوں کی ریستورانوں اور سینما گھروں میں جلد واپسی کی تجویز[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس بات کی حمایت کر دی ہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوانے والے افراد کو دیگر شہریو‌ں کے مقابلے میں ریستورانوں اور سینما گھروں میں جانے کی اجازت جلد دے دینا چاہیے۔ ماس میرکل حکومت کے وہ پہلے وزیر ہیں، جنہوں نے اس تجویز کی حمایت کی ہے۔ ہائیکو ماس نے جرمن اخبار ’بلڈ ام زونٹاگ‘ میں آج اتوار کے روز شائع ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ویکسینیشن کروا لینے والے شہریوں کو یہ اجازت مقابلتاﹰ جلد دے دینا چاہیے کہ وہ اپنے بنیادی شہری حقوق کا استعمال کر سکیں۔ ساتھ ہی ہائیکو ماس نے یہ بھی کہا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ ویکسینیشن کروا لینے والے افراد کس حد تک صحت مند افراد میں کورونا وائرس کی منتقلی کا سبب بن سکتے ہیں۔

[pullquote]ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی اشد ضروری، فرانسیسی وزیر خارجہ[/pullquote]

فرانسیسی وزیر خارجہ لدریاں نے کہا ہے کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات میں ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کر رہا ہے اور عالمی طاقتوں کے ساتھ تہران کے طے کردہ جوہری معاہدے کی بحالی اشد ضروری ہو چکی ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے یہ بات اپنے ایک اخباری انٹرویو میں کہی۔ انہو‌ں نے کہا کہ ایران نے اسی مہینے یورینیم کی بیس فیصد تک افزودگی کا عمل بحال کر دیا اور تہران کی طرف سے بھی جوہری معاہدے کی خلاف ورزیاں مسلسل زیادہ ہوتی جا رہی ہیں۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین تہران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام سے متعلق معاہدہ دو ہزار پندرہ میں طے پایا تھا۔ دو ہزارا ٹھارہ میں صدر ٹرمپ نے امریکا کے اس معاہدے سے یک طرفہ اخراج کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے خلاف دوبارہ پابندیاں لگا دی تھیں۔ تب سے یورپی ممالک اس معاہدے کو ناکامی سے بچانے کی کوششوں میں ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے