جمعرات : 11 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فوکوشیما کے جوہری حادثے کے دس سال، ہلاک شدگان کی یاد میں تقریبات[/pullquote]

جاپان میں سونامی کی وجہ سے تباہی اور اسی وجہ سے فوکوشیما کے جوہری سانحے کے ٹھیک دس سال مکمل ہونے پر آج جمعرات 11 مارچ کو مثاثرین کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر دو بج کر 26 منٹ پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقے میں 11 مارچ 2011 ء کے روز آنے والا تباہ کن زلزلہ ایک بڑی سونامی لہر اور فوکوشیما کے جوہری پلانٹ میں بڑے حادثے کی وجہ بھی بنا تھا۔ ملکی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلے، سونامی اور جوہری سانحے میں مجموعی طور پر 18 ہزار پانچ سو افراد ہلاک اور ڈھائی ہزار سے زائد لاپتہ ہو گئے تھے۔ مرنے والوں میں سے اکثریت کی موت کی وجہ تباہ کن سونامی بنی تھی۔

[pullquote]آئیوری کوسٹ کے وزیر اعظم باکایوکو انتقال کر گئے[/pullquote]

افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے وزیر اعظم حامد باکایوکو انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی موت کا اعلان ملکی صدر الاسان وتارا نے کیا۔ 56 سالہ حامد باکایوکو سرطان کے مریض تھے اور جرمنی میں زیر علاج تھے۔ وہ گزشتہ برس جولائی میں آئیوری کوسٹ کے وزیر اعظم بنے تھے۔ انہیں گزشتہ ماہ کے وسط میں علاج کے لیے فرانس لایا گیا تھا، جہاں سے انہیں بعد ازاں جرمنی منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ جرمن شہر فرائی برگ میں زیر علاج رہے تھے۔ آئیوری کوسٹ میں حکومتی سربراہ کے فرائض عبوری طور پر پیٹرک آچی نامی سیاسی رہنما کو سونپ دیے گئے ہیں۔

[pullquote]برازیل میں کووڈ انیس کے باعث یومیہ ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

برازیل کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تقریباﹰ دو ہزار دو سو رہی، جو ایک نیا افسوس ناک ریکارڈ ہے۔ اس دوران ملک میں رجسٹر کی گئی نئی کورونا انفیکشنز کی تعداد بھی تقریباﹰ 80 ہزار رہی۔ برازیل کے سابق صدر لولا ڈی سلوا نے موجودہ صدر بولسونارو کو اس صورت حال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان پر شدید تنقید کی ہے۔ لولا ڈی سلوا کے مطابق صدر بولسونارو کی کورونا کے خلاف پالیسی ’ناقص اور فضول‘ ہے۔

[pullquote]چین کی ہانگ کانگ کے انتخابی قانون میں تبدیلی کی مہم[/pullquote]

چینی پیپلز کانگریس نے ہانگ کانگ میں انتخابی قانون میں ترمیم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس ترمیم سے بیجنگ میں ملکی قیادت کو چین کے اس خصوصی انتظامی علاقے میں انتخابی امیدواروں پر اپنا کنٹرول رکھنے کا موقع مل جائے گا۔ اس سلسلے میں تقریباً تین ہزار اراکین پارلیمان نے ہانگ کانگ میں انتخابی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک ترمیمی مسودہ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اس قانون میں تبدیلی کا مقصد اس سابقہ برطانوی نو آبادی میں الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سے متعلق چین کو ویٹو کا حق دلانا ہے۔ یورپی یونین اور امریکا انتخابی قانون میں اس ترمیم کو ہانگ کانگ کے اس کی خود مختاری کے حق کی کھلی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔

[pullquote]میانمار کی فوج مظاہرین کے خلاف جنگی ہتھیار استعمال کر رہی ہے، ایمنسٹی[/pullquote]

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے میانمار کی فوج پر مظاہرین اور عام شہریوں کے خلاف بار بار جنگی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگایا ہے۔ برلن میں انسانی حقوق کی اس بین الاقوامی تنظیم کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھیاروں کے استعمال کا اندازہ عوامی مظاہروں کی 55 ویڈیوز دیکھنے کے بعد لگایا گیا۔ ایمنسٹی کے مطابق میانمار کے فوجی افسروں کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ایسے جنگی ہتھیاروں کے استعمال کے فیصلے کر سکیں۔ میانمار کے فوجی کمانڈروں پر پہلے ہی جرائم کے ارتکاب کے الزامات بھی لگائے جاتے ہیں۔ ان میں یہ الزامات بھی شامل ہیں کہ ملکی فوجی افسروں نے میانمار کی ریاستوں راکھین، کاچین اور شان میں نسلی اقلیتوں کے خلاف اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کیا۔

[pullquote]چینی اور امریکی وزرائے خارجہ کی ملاقات طے پا گئی[/pullquote]

امریکا اور چین کے خارجہ پالیسی کے چوٹی کے سیاستدان ایک ہفتے بعد امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکا کی طرف سے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اور سکیورٹی کے مشیر جیک سلیوان جبکہ چین کی طرف سے کمیونسٹ پارٹی کے ملکی خارجہ پالیسی کے نگران اعلیٰ ترین سیاستدان یانگ جی ایچی اور وزیر خارجہ وانگ یی اس ملاقات میں حصہ لیں گے۔ بلنکن نے کہا ہے کہ یہ اجلاس چین کے بارے میں بہت سے خدشات کے ’انتہائی واضح الفاظ میں اظہار‘ کا اہم موقع ہو گا۔

[pullquote]یورپی یونین کا بائیو این ٹیک فائزر کو چار ملین اضافی ویکسینز کا آرڈر[/pullquote]

یورپی کمیشن نے بائیو این ٹیک فائزر کو کووڈ انیس کے خلاف چار ملین اضافی ویکسینز کی فراہمی کا آرڈر دے دیا ہے۔ برسلز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ اضافی ویکسینز کورونا ’ہاٹ سپاٹس‘ میں اس مہلک وائرس کے خطرناک حد تک پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ بائیو این ٹیک فائزر سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ اضافی ویکسینز دو ہفتوں کے اندر اندر فراہم کرے۔ مجموعی طور پر یورپی کمیشن اب تک اس ویکسین کی دو ارب سے زائد خوراکوں کی فراہمی کے آرڈر دے چکا ہے۔ اس دوا ساز کمپنی کو پیداوار میں رکاوٹوں کا سامنا ہے اور اس وجہ سے یورپ میں ویکسینیشن مہم بھی سست روی کا شکار رہی ہے۔ یونین کی رکن بالٹک کی تین ریاستیں برسلز سے کورونا ویکسینز کی تقسیم کے نئے نظام کا مطالبہ کر چکی ہیں۔

[pullquote]امریکی کانگریس نے کورونا امدادی پیکج کی منظوری دے دی[/pullquote]

نئے امریکی صدر جو بائیڈن کے لیے کورونا وائرس کی وبا سے پیدا شدہ بحران سے نمٹنے کے لیے نئے امدادی پیکج کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ واشنگٹن میں ایوان نمائندگان نے حزب اختلاف کے ری پبلکن ارکان کی طرف سے مخالفت کے باوجود اس پیکج کی اکثریتی رائے سے منظوری دے دی۔ اس امدادی پروگرام کی مالیت 1.9 ٹریلین ڈالر بنتی ہے۔ اس پیکج میں دیگر باتوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد کو فی کس ایک ہزار چار سو ڈالر کی یکبارگی ادائیگی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ صدر بائیڈن کل جمعے کو اس پیکج کی دستاویز پر دستخط کر دیں گے، جس کے بعد یہ ’امریکی ریسکیو پلان‘ مؤثر ہو جائے گا۔ امریکی سینیٹ نے اس پیکج کی گزشتہ ہفتے کے روز ہی منظوری دے دی تھی۔

[pullquote]عالمی سطح پر تحفظ ماحول کے لیے امریکا کا مالی تعاون، اعلان آئندہ ماہ[/pullquote]

تحفظ ماحول کے پیرس معاہدے میں اپنی واپسی کے بعد امریکا اگلے ماہ یہ اعلان کرے گا کہ وہ گلوبل وارمنگ کے خلاف بین الاقوامی جنگ میں مالی طور پر کس حد تک شامل ہو گا۔ یہ بات امریکا کے تحفظ ماحول کے لیے نگران اہلکار جان کیری نے پیرس میں فرانسیسی وزیر خزانہ برونو لمیئر سے ملاقات کے بعد کہی۔ جان کیری نے فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے بھی ملاقات کی۔ ماکرون نے اس ملاقات میں کہا کہ وہ نئے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ’انتہائی قریبی تعاون‘ کرنا چاہتے ہیں۔ ماکروں اور کیری نے نے عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں کمی اور تحفظ ماحول کے لیے مالیاتی وسائل کی دستیابی جیسے موضوعات پر بات چیت کی۔

[pullquote]صنعاء کے مہاجر کیمپ میں آتش زدگی کے سبب ہلاکتیں 80 سے زائد[/pullquote]

یمنی دارالحکومت میں گزشتہ اتوار کو ایک مہاجر کیمپ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 80 سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ ابتدائی طور پر یہ تعداد صرف آٹھ بتائی گئی تھی۔ طبی ماہرین کے مطابق اس حادثے میں زخمی ہونے والے 150 افراد میں سے اکثر کی حالت نازک ہے اور ان کی زندگی خطرے میں ہے۔ آتش زدگی کے اس واقعے کی ذمہ داری حوثی باغیوں پر ڈالی جا رہی تھی۔ تاہم اتنی بڑی تعداد میں انسانی ہلاکتوں کا باعث بننے والے اس واقعے کی اب آزادانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے