ہفتہ : 24 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے ڈرامائی پھیلاؤ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ حکام نے ہفتے کو بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ کے تین لاکھ چھیالیس ہزار سات سو چھیاسی نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو اس عالمی وبا پھوٹنے کے بعد سے کسی بھی ملک میں یومیہ بنیادوں پر کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس بحران کی وجہ سے ملک کا طبی نظام مفلوج ہو گیا ہے۔ ادھر چین کے بعد امریکا نے بھی کہا ہے کہ وہ اس صورتحال میں نئی دہلی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گا تاکہ بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

[pullquote]افغانستان میں متعدد حملے، بائیس افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں ہفتے کے دن رونما ہونے والے متعدد پرتشدد واقعات کے نتیجے میں بائیس افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ کارروائیاں پانچ مختلف صوبوں میں ہوئیں۔ کابل میں نامعلوم مسلح افراد نے تین مختلف حملوں میں چار سکیورٹی اہلکاروں اور یونیورسٹی کے ایک لیکچرر کو ہلاک کر دیا۔ ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت اور طالبان کے مابین کوئی ڈیل نہیں ہوتی تو افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد خانہ جنگی ایک نیا رخ اختیار کر سکتی ہے۔ اس برس گیارہ ستمبر تک اس شورش زدہ ملک سے غیر ملکی افواج کا انخلاء مکمل ہو جائے گا۔

[pullquote]کورونا سے نمٹنے کے لیے سخت قوانین ناگزیر ہیں، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں نافذ کی جانے والی نئی پابندیوں کا احترام کریں۔ اپنے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ نئے قواعد ’سخت‘ ہیں لیکن اس عالمی وبا پر قابو پانے کی خاطر یہ ناگزیر تھے۔ ان قوانین کے تحت ملک کے جس علاقے میں بھی کووڈ کے کیسز زیادہ ہوں گے، وہاں سخت حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے جائیں گے۔ سخت تر پابندیوں میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک کا کرفیو شامل ہے جس پر سب سے زیادہ اعتراض کیا جا رہا ہے۔ جرمنی میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد تینیس لاکھ ہو چکی ہے جبکہ اکاسی ہزار سے زائد افراد موت کے مُنہ میں بھی جا چکے ہیں۔

[pullquote]ایرانی گارڈز نے افغانستان سے متصل ایرانی علاقے میں تین جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

ایران کے پاسداران انقلاب نے افغان سرحد سے متصل ایک علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تین جنگجؤوں کو ہلاک جبکہ ان کے ٹھکانوں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ’دہشت گردوں‘ اور پاسدران انقلاب کی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین جنگجو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان جنگجوؤں سے اسلحہ اور باردو بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ تاہم یہ جنگجو کون تھے، اس بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

[pullquote]میانمار کی فوج تشدد کا خاتمہ ممکن بنائے، ملائیشیائی وزیر اعظم[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر اعظم نے میانمار پر زور دیا ہے کہ ملکی فوج پرتشدد کارروائیوں کا خاتمہ ممکن بنائے۔ میانمار کے بارے میں ہونے والی آسیان ممالک کی تنظیم کی ہنگامی سمٹ کے دوران محی الدین یاسین نے یہ امید بھی ظاہرکی کہ فوجی جنتا ملائیشیا کے اس منصوبے پر غور کرے گی، جس میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کی گئی ہے۔ میانمار فوج کے سربراہ جنرل مِن آنگ ہلینگ بھی جکارتہ میں ہونے والی اس سمٹ میں شریک ہیں۔ میانمار میں یکم فروری کی فوجی بغاوت کے بعد سے مِن آنگ ہلینگ ہی ملک کا انتظام چلا رہے ہیں۔ میانمار میں سیاسی بحران کے بعد پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے کوئی عالمی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ مِن آنگ نے انڈونیشیا روانہ ہونے سے قبل کہا تھا کہ وہ ملکی سیاسی بحران کے خاتمے کی خاطر ہمسایہ ممالک سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

[pullquote]انڈونیشیائی فوجی آبدوز کی کچھ باقیات مل گئیں[/pullquote]

انڈونیشیا کی بحریہ نے کہا ہے کہ لاپتا ہونے والی فوجی آبدوز کی کچھ باقیات مل گئی ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ آبدوز ڈوب چکی ہے اور اس میں سوار عملے کے ترپن افراد کے زندہ بچنے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا انڈونیشیا کی لاپتا ہونے والی اس آبدوز کی تلاش کے کاموں میں امریکی نیوی بھی فعال ہو گئی ہے۔ بالی کی سمندری حدود میں لاپتا ہونے والی اس آبدوز کے سرچ اور ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے امریکا P-8 Poseidon )پی۔ ایٹ پوسائیڈن ایئر کرافٹ( تعینات کر دیا ہے۔ بدھ کے دن اس آبدوز کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

[pullquote]امریکا نے جانسن اینڈ جانسن کورونا ویکسین پر سے پابندی اٹھا لی[/pullquote]

امریکی طبی حکام نے جانسن اینڈ جانسن کی ویکیسن کے استعمال پرعائد پابندی اٹھا لی ہے۔ امریکا میں یہ ویکسین آٹھ ملین افراد کو لگائی گئی تھی، جن میں سے پندرہ افراد میں ’ انجماد خون‘ یا خون کی پھٹکیاں بننے جیسے ضمنی اثرات سامنے آئے تھے۔ اس کے بعد امریکا میں اس کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ تاہم تحقیق اور مزید تجربات کے بعد اب اس کے فوائد اور مثبت اثرات کو ضمنی اثرات سے کہیں زیادہ قرار دے دیا گیا ہے۔ اسی ہفتے یورپی طبی ریگولیٹرز نے بھی اس ویکسین کو محفوظ قرار دے دیا تھا۔ توقع ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کے دوبارہ استعمال کی اجازت سے عالمی سطح پر ویکسین خوراکوں کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

[pullquote]اسرائیلی فوج کی غزہ پٹی میں جوابی کارروائی[/pullquote]

اسرائیلی فضائیہ نے ہفتے کی صبح جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ پٹی میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق ان جنگجوؤں نے اسرائیل پر راکٹ داغے، جس کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی۔ اس تازہ کارروائی میں اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی میں فعال جنگجوؤں کے زیر زمین ٹھکانوں کو تباہ کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ غزہ پٹی میں تقریبا دو ملین فلسطینی آباد ہیں، جو انتہائی کسمپرسی کی صورتحال میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

[pullquote]افغان فورسز مکمل طور پرتیار نہیں، سی آئی اے اہلکار[/pullquote]

امریکی خفیہ سروسز کے تین سینیئر اہلکاروں نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ امریکی افواج کے انخلا کے بعد افغان فورسز دہشت گردی سے نمٹنے کی خاطر مکمل طور پر تیار نہیں ہیں۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انہوں نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ حال ہی میں افغانستان کا ایک غیر اعلانیہ دورہ کرنے والے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے کچھ آپریشنز مقامی فورسز کو منتقل کر دیے تاہم مقامی فورسز ابھی تک اس قابل نہیں ہوئیں کہ وہ اپنے طور پر یہ ذمہ داریاں نبھا سکیں۔ امریکی محکمہ دفاع نے ان خبروں پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

[pullquote]افغان طالبان قیام امن ممکن بنائیں، ترکی ، پاکستان، افغانستان[/pullquote]

ترکی، پاکستان اور افغانستان نے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں قیام امن کو ممکن بنانے کی خاطر اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ ان تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے استنبول میں مذاکرات کے بعد افغانستان میں پائیدار امن کی خاطر اپنی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق افغانستان میں امن کی خاطر فوری فائر بندی اور مذاکراتی عمل کے آغاز پر زور دیا گیا۔ جمعے کو استنبول میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال اور افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کو تیز تر بنانے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔

[pullquote]میانمار کے فوی سربراہ جکارتہ پہنچ گئے[/pullquote]

میانمار فوج کے سربراہ جنرل مِن آنگ ہلینگ جکارتہ پہنچ گئے، جہاں وہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کی ایک سمٹ میں شرکت کریں گے۔ میانمار میں یکم فروری کی فوجی بغاوت کے بعد سے مِن آنگ ہلینگ ہی ملک کا انتظام چلا رہے ہیں۔ میانمار میں سیاسی بحران کے بعد پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے کوئی عالمی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ مِن آنگ نے انڈونیشیا روانہ ہونے سے قبل کہا تھا کہ وہ ملکی سیاسی بحران کے خاتمے کی خاطر ہمسایہ ممالک سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں۔ ادھر میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف عوامی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا کی آبدوز کی تلاش میں امریکا بھی شامل[/pullquote]

انڈونیشیا کی لاپتا آبدوز کی تلاش کے کاموں میں امریکی نیوی بھی فعال ہو گئی ہے۔ بالی کی سمندری حدود میں لاپتا ہونے والی اس آبدوز کے سرچ اور ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے امریکا P-8 Poseidon )پی۔ ایٹ پوسائیڈن ایئر کرافٹ( تعینات کر رہا ہے۔ چوالیس سالہ پرانی اس آبدوز میں عملے کے ترپن افراد سوار تھے۔ بدھ کے دن اس آبدوز کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ خدشہ ہے کہ آکسیجن کے ختم ہونے کی وجہ سے اب تک یہ افراد دم توڑ چکے ہوں گے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا سے نمٹنے کے لیے متنازعہ قوانین پر عملدرآمد شروع[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہفتے کے دن سے نئے متنازعہ قوانین پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ ان قوانین کے مطابق ملک کے جس علاقے میں بھی کووڈ کے کیسز زیادہ ہوں گے، وہاں سخت حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے جائیں گے۔ سخت تر پابندیوں میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک کا کرفیو شامل ہے جس پر سب سے زیادہ اعتراض کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے زیادہ تر اختیارات وفاقی حکومت کو حاصل ہیں، جنہیں صوبائی حکومتوں کو تسلیم کرنا ہو گا۔ رواں ہفتے ہی ملکی پارلیمان نے اس قانون کو منظور کیا ہے، جس پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج بھی کیا تھا۔ جرمنی میں حالیہ کچھ ماہ سے کووڈ انیس کے کیسز میں مسلسل اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے