[pullquote]ویانا میں ایرانی جوہری مذاکرات دوبارہ شروع[/pullquote]
ایرانی جوہری معاہدے میں شامل ممالک نے ہفتے کے روز ویانا میں تہران حکومت کے مذاکرات کاروں کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کر دی۔ اس کا مقصد امریکا کو ایک مرتبہ پھر اس معاہدے کا حصہ بنانا ہے۔ سن 2015 میں امریکا سمیت چھ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان ایک جوہری معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ایران سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنی جوہری سرگرمیاں محدود کر دے، جب کہ اس کے جواب میں تہران پر عائد امریکی اور عالمی پابندیوں میں نرمی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ تاہم سن 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے اس معاہدے سے نکل جانے کا اعلان کرتے ہوئے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
[pullquote]امریکی فوج کے انخلا کی ’ڈیڈلائن‘، کابل میں ہائی الرٹ[/pullquote]
امریکا اور طالبان کے درمیان طے کردہ امن معاہدے کے تحت آج یکم مئی کو افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کی ڈیڈلائن کے تناظر میں افغان دارالحکومت کابل میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ صدر جو بائیڈن کے اعلان کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کی تاریخ کو گیارہ ستمبر تک بڑھا دیا گیا تھا، جس پر طالبان کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق آج ہفتے کے روز کابل شہر کے تمام داخلی راستوں پر سکیورٹی چوکیوں پر بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
[pullquote]بھارتی ہسپتال میں آتش زدگی، کورونا وائرس کے اٹھارہ مریض ہلاک[/pullquote]
ایک بھارتی ہسپتال میں ہفتے کو علی الصبح آتش زدگی کے ایک واقعے میں کووِڈ انیس کے کم از کم اٹھارہ مریض ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ آتش زدگی کا یہ واقعہ ریاست گجرات کے ایک ہسپتال کے کورونا وارڈ میں پیش آیا۔ بھارت اس وقت کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لیکن بہت تباہ کن لہر سے گزر رہا ہے۔ آج ہفتے کے دن بھارت میں کورونا وائرس کے چار لاکھ سے زائد نئے کیس ریکارڈ کیے گئے، جو اس وبا کے آغاز سے اب تک کسی بھی ملک میں ایک روز میں نئی کورونا انفیکشنز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بھارت میں اس وائرس کے ہاتھوں ہلاکتوں کی تعداد بھی ساڑھے تین ہزار سے زائد رہی۔
[pullquote]میانمار میں یوم مزدور پر بڑے مظاہرے[/pullquote]
میانمار میں ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے ملک میں یکم فروری کو ہونے والی فوجی بغاوت اور اس کے بعد سے جاری کریک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے کیے۔ بتایا گیا ہے کہ میانمار میں منڈالے، ینگون اور باگو جیسے شہروں میں ہزاروں افراد نے ’ہم آخر دم تک لڑیں گے‘ اور ’فوج ہماری حکمران کبھی نہیں ہو سکتی‘ جیسے نعروں کے ساتھ مظاہرے کیے۔ اقوام متحدہ کے مطابق میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے جاری پرتشدد ہنگاموں کی وجہ سے وہاں ساڑھے تین ملین افراد کے بھوک کا شکار ہو جانے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
[pullquote]ماسکو حکومت کی جانب سے متعدد یورپی عہدیداروں کے روس میں داخلے پر پابندی[/pullquote]
روسی حکومت نے متعدد یورپی عہدیداروں کے روس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سے قبل یورپی یونین نے روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو جیل بھیجنے اور مظاہرین کے خلاف پولیس کے پرتشدد کریک ڈاؤن کے تناظر میں چار اہم روسی سکیورٹی اہلکاروں پر پابندیاں عائد کر دیں تھیں۔ روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جمعے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یورپی یونین یک طرفہ طور پر روسی شہریوں اور اداروں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
[pullquote]عدالتی فیصلے کے بعد جرمن حکومت کا ماحولیاتی قوانین میں ترمیم کا عزم[/pullquote]
جرمنی کی آئینی عدالت کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق قوانین پر اعتراضات کے بعد جرمن حکومت نے ان ملکی قوانین میں تبدیلی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ جرمنی کی اعلیٰ ترین عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں کہا تھا کہ ملک میں تحفظ ماحول سے متعلق قوانین غیرمنصفانہ طور پر آئندہ نسلوں پر بھاری بوجھ ڈال رہے ہیں۔ اس جرمن عدالت نے جمعرات کے روز اپنے ایک فیصلے میں کہا تھا کہ حکومت ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی سے متعلق واضح اہداف مقرر کرے۔ اس عدالتی فیصلے کو ماحول دوست تنظیموں نے اپنی بڑی فتح قرار دیا تھا۔
[pullquote]افغانستان میں کار بم دھماکے میں ہلاکتوں میں تعداد 24 ہو گئی[/pullquote]
افغانستان میں گزشتہ شام ہوئے ایک کار بم دھماکے میں ہلاکتوں میں تعداد اب 24 بتائی جا رہی ہے۔ جمعے کے روز یہ کار بم دھماکا لوگر صوبے کے پلِ عالم شہر میں افطار کے وقت ایک گیسٹ ہاؤس کے قریب کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں۔ فی الحال کسی گروہ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم افغان صدر اشرف غنی نے اس حملے کی ذمہ داری طالبان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان امن کا موقع گنوا کر حالات کو پیچیدہ بنا رہے ہیں۔ پہلے اس دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد تیس بتائی جا رہی تھی۔
[pullquote]باغیوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا، چاڈ کی فوج کا دعویٰ[/pullquote]
چاڈ کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے شمالی قصبے نوکو میں باغیوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں ان کو پسپائی پر مجبور کر دیا گیا۔ ایک فوجی بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں چار فوجی اور سینکڑوں باغی مارے گئے۔ فوجی بیان کے مطابق ساٹھ باغیوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ اپریل میں نوکو ہی کے قریب صدر ادریس دیبی کو گولیاں مار کر زخمی کیا گیا تھا۔ وہ انیس اپریل کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے اور تبھی سے چاڈ ایک بڑے سیاسی بحران کا شکار ہے۔
[pullquote]اسرائیل میں ہلاکت خیز ی بھگدڑ پر جرمن چانسلر میرکل کا اظہار افسوس[/pullquote]
جرمن چانسلر میرکل نے اسرائیل میں جمعے کے روز پیش آنے والے بھگدڑ کے ہلاکت خیز واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز ایک یہودی عبادتی تقریب میں بھگدڑ کے واقعے میں کم از کم چوالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ چانسلر میرکل کے ترجمان اشٹیفن زائبرٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ چانسلر میرکل اور جرمن حکومت نے اسرائیلی عوام سے میرون میں پیش آنے والے اس سانحے پر دلی صدمے کا اظہار کیا ہے۔ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اسرائیل میں وسیع پیمانے پر ویکسینیشن کی گئی ہے اور اسی تناظر میں ہزارہا افراد کو اس طرح ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔
[pullquote]میانمار میں جمہوریت بحال کی جائے، اقوام متحدہ کا مطالبہ[/pullquote]
اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار میں جمہوریت بحال کی جائے اور تمام سیاسی قیدیوں بہ شمول آنگ سان سوچی کو رہا کیا جائے۔ جمعے کے روز اقوام متحدہ نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی جانب سے میانمار میں پرتشدد کارروائیوں کے خاتمے کی اپیلوں کی بھرپور حمایت کی۔ یکم فروری کو میانمار کی فوج نے ملک میں اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور تب سے اس ملک میں جمہوریت پسند کارکن احتجاج میں مصروف ہیں۔ مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]ناسا نے مریخ پر بھیجے گئے ہیلی کاپٹر کے مشن میں توسیع کر دی[/pullquote]
چار آزمائشی پروازوں میں توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کے بعد ناسا نے مریخ پر بھیجے گئے ہیلی کاپٹر ’انجینیوئٹی‘ کے مشن کی مدت بڑھا دی ہے۔ کسی بھی دوسرے سیارے پر اڑنے والے اس اولین ہیلی کاپٹر کے حوالے سے ناسا کے مطابق اسے ’تصور کے امتحان‘ کے مشن سے اب تحقیقی کام پر مامور کیا جا رہا ہے۔ اب یہ ہیلی کاپٹر سرخ سیارے پر فضائی گشت سمیت مختلف دیگر امور کے ذریعے آئندہ کے مشنز کے لیے اہم معلومات کا ذریعہ بنے گا۔ ابتدائی طور پر اس ہیلی کاپٹر کے لیے تیس روز کا مشن رکھا گیا تھا۔ تاہم شمسی توانائی سے اڑنے والا یہ چار پاؤنڈ کا ہیلی کاپٹر جمعے کے روز چوتھی مرتبہ قریب دو منٹ تک اڑایا گیا۔