بدھ : 05 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کی واپسی سے افغان خواتین کے حقوق کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، امریکی رپورٹ[/pullquote]

امریکی تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغانستان سے بیرونی افواج کے انخلا کے بعد اگر طالبان دوبارہ اقتدار میں آتے ہیں تو وہ خواتین کے ساتھ سخت سلوک اپنانے کی اپنی پالیسی پر دوبارہ عملدرآمد شروع کر سکتے ہیں۔ امریکی خفیہ ادارے ’یو ایس نیشنل انٹیلیجنس کونسل‘ نے افغان خواتین کے حقوق سے متعلق اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر طالبان نے ملک کا اقتدار دوبارہ حاصل کر لیا تو وہ گزشتہ دو عشروں کے دوران ہونے والی پیش رفت کے بیشتر حصے کو پیچھے دھکیل دیں گے۔ اس تازہ رپورٹ میں سن 1996 سے 2001ء کے درمیان طالبان کے اس کے دور اقتدار میں خواتین اور بچیوں کے ساتھ ہونے والے سخت سلوک کا حوالہ دیا گیا ہے جب بیشتر خواتین کو گھروں کی چار دیواری تک محدود کر دیا گیا تھا اور بچیوں کو تعلیم تک رسائی بھی میسر نہیں تھی۔

[pullquote]ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ[/pullquote]

سماجی رابطے کے سائٹ فیس بک کے نگراں بورڈ نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کے استعمال پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔رواں سال 6 جنوری کو کیپٹل ہل پر حملے کے بعد فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بند کردیے تھے۔ٹرمپ کا فیس بک اکاؤنٹ پہلے کیپٹل ہل پر دھاوا بولنے کی حمایت میں تبصرے پر 24 گھنٹے کیلئے بلاک کیا گیا تھا تاہم بعد میں یہ اکاؤنٹ غیرمعینہ مدت تک کیلئے بند کردیا گیا تھا۔اب فیس بک کے نگراں بورڈ نے بھی سابق امریکی صدر کے فیس بک اورا نسٹاگرام اکاؤنٹ کو بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔20 رکنی بورڈ نے قرار دیا کہ ٹرمپ کے تبصرے نے پرتشدد ماحول کا سنگین خطرہ پیدا کیا جو کسی بھی طرح سے ٹھیک نہیں تھا۔

[pullquote]لاذقیہ میں اسرائیلی فضائی حملہ ناکام بنا دیا، شام کا دعویٰ[/pullquote]

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے شامی صوبے لاذقیہ کے شہر حفیہ کے قریب فضائی حملے کیے ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی ثناء کا دعوی ہے کہ شام کے فضائی دفاعی نظام نے پانچ مئی بدھ کے روز شمال مغربی علاقے میں مبینہ طور پر ایک اسرائیلی فضائی حملے کا مقابلہ کیا اور اس کے کئی میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔ ان حملوں میں ایک شہری ہلاک اور ایک خاتون اور اس کے بیٹے سمیت چھ دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ اس حملے سے متعلق اسرائیل کی جانب سے ابھی تک کوئی تبصرہ یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نئی حکومت بنانے میں ناکام[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو مقررہ وقت تک ایک نئی اتحادی حکومت تشکیل دینے میں نا کام ہو گئے۔ لہٰذا اسرائیلی صدر رووین ریولین اب حکومت کی تشکیل کا کام اسرائیلی پارلیمان کے کسی دوسرے رکن کو سونپ سکتے ہیں۔ ریولین کے ایک بیان کے مطابق چار مئی منگل کی نصف شب سے قبل نیتن یاہو نے صدارتی دفتر کو مطلع کیا کہ وہ حکومت بنانے میں ناکام ہو گئے ہیں، اب اس کا فیصلہ صدر کریں گے۔ اس کے نتیجے میں نیتن یاہو کی لیکود پارٹی گزشتہ بارہ برسوں میں پہلی مرتبہ اپوزیشن جماعت بن سکتی ہے۔

[pullquote]چار جولائی تک امریکا کی نصف آبادی کو کورونا ویکسین فراہم کر دی جائے گی، بائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکا میں کورونا ویکسین پروگرام کے حوالے سے نئے اہداف کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر بائیڈن نے واشنگٹن میں کہا کہ رواں برس چار جولائی، امریکا کے یوم آزادی تک ایک سو ساٹھ ملین بالغ شہریوں کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں دے دی جائیں گے۔ اس کے علاوہ ستر فیصد شہریوں کو کم از کم ویکسین کی ایک خوراک مل جائے گی۔ ان اہداف کو حاصل کرنے کے لیے آئندہ دو ماہ کے دوران کم از کم ایک سو ملین ویکسین کی خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔ صدر بائیڈن نے ایک مرتبہ پھر تمام شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی تاکید کی ہے۔

[pullquote]جی سیون وزراء خارجہ کا چین کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق، ہائیکو ماس[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ جی سیون ممالک کے وزراء خارجہ نے چین کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لندن میں دنیا کے سات بڑے اقتصادی ممالک کے وزراء خارجہ کی بات چیت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انسانی حقوق اور آزادی صحافت جیسے معاملات کے سلسلے میں چین پر زیادہ دباؤ ڈالا جاسکتا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ماس نے افریقہ، لاطینی امریکا اور جنوب مشرقی یورپ کے کمزور خطوں میں مشترکہ تعاون پر بھی زور دیا، جہاں چین مستقبل میں اپنا جیواسٹریٹجک اثرورسوخ بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

[pullquote]افغانستان سے غیرملکی افواج کا انخلاء: جنگ میں شدت، مقامی شہری نقل مکانی پر مجبور[/pullquote]

ایک ایسے وقت میں جب امریکی فوجیوں کا افغانستان سے انخلاء جاری ہے، افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں حکومتی فورسز اور طالبان کے درمیان زبردست جنگ چھڑ گئی ہے۔ اس وجہ سے ہزاروں افغان شہری جان بچانے کے لیے اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ہلمند خطے میں پناہ گزینوں کے امور کے ڈائریکٹر سید محمد رامین کے مطابق ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے نواح میں اب تک ایک ہزار سے زائد کنبے اپنا گھر چھوڑ چکے ہیں۔ افغان سرکاری عہدیداروں نے منگل کے روز بتایا ہے کہ ہلمند صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حکومتی فورسز نے ان متعدد چیک پوائنٹس پر انتہا پسندوں کے حملوں کو نا کام بنا دیا ہے جنہیں امریکی فوج نے اتوار کے روز حکومتی فورسز کے سپرد کیا تھا۔ امریکی فوج نے یکم مئی سے افغانستان سے بقیہ فوجیوں کا انخلاء شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]ڈیرک شاوین نے اپنے دفاع میں دوبارہ سماعت کا مطالبہ کردیا[/pullquote]

امریکی سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے قتل کے الزام میں قصوروار قرار پانے والے سابق پولیس افسر ڈیرک شاوین نے اپنے دفاع میں عدالت سے مقدمہ دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شاوین کے وکیل ایرک نیلسن کا دعوی ہے کہ ان کے موکل کو منصفانہ ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔ نیلسن کے مطابق عدالتی کارروائی منصفانہ نہیں تھی۔ دو ہفتے قبل امریکی شہر منیاپولس کی عدالت کے بارہ ججوں پر مشتمل ایک جیوری نے ڈیرک شاوین کو چھیالیس سالہ جارج فلائیڈ کے قتل کا مجرم قرار دے دیا تھا۔ اسے چالیس سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ عدالتی فیصلہ آئندہ ماہ جون کی سولہ تاریخ کو متوقع ہے۔

[pullquote]بھارت اور برطانیہ کے درمیان ’ینگ پروفیشنل اسکیم‘ معاہدہ[/pullquote]

یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کے بعد بھارت اور برطانیہ نے باہمی اقتصادی، ثقافتی اور دیگر تعلقات کو مستحکم کرنے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ دونوں ملکوں نے غیر قانونی مہاجرت کے خلاف کارروائی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار سندیپ چکرورتی کے مطابق مہاجرت اور نقل وحرکت سے متعلق ہونے والے ایک معاہدے کے تحت برطانیہ اپنے یہاں ہر برس تین ہزار نوجوان بھارتی پروفیشنلز کو ملازمت فراہم کرے گا۔ بھارت بھی اسی طرح اپنے یہاں تین ہزار برطانوی نوجوانوں کو ملازمت دے گا۔ تاہم دونوں حکومتیں باہمی اتفاق رائے سے اس تعداد میں کمی بیشی کرسکتی ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں انصار انٹرنیشنل نامی اسلامی تنظیم کالعدم قرار[/pullquote]

جرمنی نے مبینہ طور پر بیرون ملک دہشت گرد گروپوں کی مالی معاونت کرنے والی تنظیم انصار انٹرنیشنل پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جرمنی کے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کے مطابق اس تنظیم پر شبہ ہے کہ یہ صومالیہ میں الشباب، شام میں سرگرم النصرہ فرنٹ اور فلسطینی علاقوں میں حماس جیسے شدت پسند گروپوں کی مالی اعانت کرتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پابندی کا فیصلہ آج بروز بدھ جرمنی کی دس ریاستوں میں مارے گئے چھاپوں کے بعد کیا گیا۔ جرمنی کے مغربی صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ڈسلڈورف میں قائم اس انتہا پسند تنظیم پر الزام ہے کہ یہ بیرون ملک دہشت گرد گروپوں کو رقوم بھیجتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے