[pullquote]مسجد الاقصیٰ کے قریب جھڑپیں، ترکی کی اسرائیل پر تنقید[/pullquote]
مسجد الاقصیٰ کے قریب فلسطینیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے تناظر میں ترکی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کو ’دہشت زدہ‘ کر رہا ہے۔ جمعے کے روز مسجد الاقصیٰ پر فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے اسرائیلی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جب کہ اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں کے خلاف ربر کی گولیوں اور اسٹن دستی بموں کا استعمال کیا۔ ان جھڑپوں میں مجموعی طور پر 205 فلسطینی اور 17 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ترک وزارت خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف ’اشتعال انگیز کارروائیوں‘ سے باز رہے۔
[pullquote]بھارت میں کورونا سے ریکارڈ ہلاکتیں، تامل ناڈو میں لاک ڈاؤن[/pullquote]
بھارت میں کووِڈ انیس کی وجہ سے ریکارڈ ہلاکتوں کے تناظر میں جنوبی بھارتی ریاست تمل ناڈو نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاکتیں ریکارڈ چار ہزار ایک سو ستاسی رہیں جب کہ نئے انفکیشنز کی تعداد بھی چار لاکھ ایک ہزار اٹھہتر ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ تمل ناڈو میں پیر کے روز سے 24 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہےجب کہ اس دوران دکانیں اور دیگر ضروری کاروباری مراکز ہفتے اور اتوار کے روز کھولے جائیں گے۔ اس سے قبل تمل ناڈو کی ہمسایہ ریاست کرناٹک بھی نقل و حمل پر پابندی میں چوبیس مئی تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔
[pullquote]ایران کے امریکا اور سعودی عرب سے مذاکرات، حزب اللہ کی جانب سے حمایت[/pullquote]
لبنانی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے ایران کے امریکا اور سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کی ہے۔ حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نے ایک ٹی وی خطاب میں کہا کہ ان مذاکرات سے ایران اور اس کے اتحادیوں کو فائدہ ہو گا اور خطے میں کشیدگی میں کمی ہو گی۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حال ہی میں بالواسطہ مذاکرات کا آغاز ہوا ہے، جس کے تحت امریکا اور تہران دوبارہ جوہری معاہدے کی جانب لوٹ سکتے ہیں۔ دوسری جانب عراق سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔
[pullquote]مالدیپ میں سابق صدر پر حملے کے شبے میں دو افراد گرفتار[/pullquote]
مالدیپ کی پولیس نے سابق صدر محمد نشید پر قاتلانہ حملے کے شبے میں دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے ان افراد سے متعلق تفصیلات بتائے بغیر گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔ جمعرات کے روز سابق صدر محمد نشید ایک بم حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے اور ان کا 16 گھنٹوں پر محیط آپریشن کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں ملوث مزید چار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ اس حملے سے متعلق تفتیش کے لیے مالدیپ نے بین الاقوامی مدد طلب کی تھی۔
[pullquote]جرمنی میں مکمل ویکسینیٹڈ افراد کے لیے ’مکمل آزادی‘[/pullquote]
جرمنی میں ایسے افراد جو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوا چکے ہیں، انہیں اب رات کے اوقات میں کرفیو سمیت لازمی سماجی فاصلے کے حوالے سے چھوٹ دے دی گئی ہے۔ جرمنی میں نئے ضوابط کے مطابق ایسے افراد جنہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی دونوں خوراکیں دی جا چکی ہیں، ان پر تمام تر پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔ ایسے افراد کو مختلف دکانوں میں داخلے کے لیے کورونا کی منفی ٹیسٹ رپورٹ بھی نہیں دکھانا ہو گی۔ واضح رہے کہ جرمنی میں اب تک 31 فیصد سے زائد آبادی کو کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی خوراک مل چکی ہے، جب کہ تقریباﹰ آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد آبادی مکمل ویکسینیٹڈ ہو چکی ہے۔
[pullquote]کورونا ویکسین پر حقوق دانش کے خاتمے کی تجویز، پوپ کی حمایت[/pullquote]
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس نے امریکی صدر جو بائیڈن کی اس تجویز کی حمایت کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کے حقوق دانش ختم کر دیے جانے چاہیں۔ اس امریکی تجویز کی جرمنی سمیت مختلف یورپی ممالک نے مخالفت کی ہے۔ پوپ فرانسِس نے ہفتے کے روز ایک عالمی فنڈریزنگ کانسرٹ سے خطاب میں ویکسین کی تمام افراد تک رسائی کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ’انفرادیت پسندی کے وائرس‘ سے دوچار ہے۔
[pullquote]غربت کے خاتمے کے لیے برسلز کردار ادا کرے، یورپی رہنما[/pullquote]
یورپی رہنماؤں نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو رکن ریاستوں میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بڑھنے والی غربت اور عدم مساوات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ تاہم وبا کے بعد یورپی معیشت کی تعمیر نو کے معاملے میں یورپی رہنما بدستور اختلاف رائے کا شکار ہیں۔ یورپی اداروں کے سربراہان نے سول سوسائٹی اور روزگار سے جڑے اہم فریقین کے ساتھ مل کر یورپ بھر میں غربت کے خاتمے کے لیے ایک ایکشن پلان تریب دیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ آج ہفتے کو یورپی سربراہی اجلاس ہو رہا ہے اور یہ ایکشن پلان یورپی سربراہان حکومت و مملکت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
[pullquote]عالمی مندوب سے ملنے پر انکار پر امریکا کی حوثی باغیوں پر تنقید[/pullquote]
یمن میں متحرک ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے اقوام متحدہ کے مندوب برائے یمن سے ملاقات سے انکار پر امریکا نے سخت تنقید کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے یمن میں امن کے قیام کا ایک ’نادر موقع‘ گنوا دیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس نے حوثی باغیوں کو عمان میں ملاقات کی دعوت دی تھی۔ حالیہ کچھ عرصے میں عالمی مندوب مشرقِ وسطیٰ کے دورے پر ہیں جب کہ متعدد مواقع پر ان کے ہم راہ امریکی مندوب ٹیموتھی لنڈرکنگ اور متعدد دیگر امریکی قانون ساز اور اہلکار بھی تھے۔ امریکی بیان میں گیا ہے کہ یمنی تنازعے کے دیگر اہم فریق امن تجاویز پر متفق ہیں۔
[pullquote]چینی راکٹ کی زمینی کرہء ہوائی میں بے قابو واپسی[/pullquote]
ایک چینی راکٹ کا بڑا حصہ بے قابو انداز میں زمینی کرہء ہوائی میں گر رہا ہے۔ تاہم چینی حکومت نے کہا ہے کہ اس سے کسی نقصان کا خطرہ نہایت کم ہے۔ چین کا لونگ مارچ فائیو بی راکٹ 29 اپریل کو زمین کے مدار میں بھیجا گیا تھا۔ راکٹ کا ایک 18 ٹن وزنی مرکزی ٹکڑا تاہم بے قابو ہے اور معلوم نہیں کہ کس مقام سے زمینی کرہ ہوائی میں داخل ہو رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ٹکڑا ہفتے کی شب عالمی وقت کے مطابق تقریباﹰ گیارہ بجے کے لگ بھگ زمینی کرہء ہوائی میں داخل ہو گا۔ چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے تاہم کہا ہے کہ زمینی کرہء ہوائی میں داخلے پر یہ راکٹ جل کر خاکستر ہو جائے گا اور اس سے کسی نقصان کا اندیشہ نہایت کم ہے۔
[pullquote]کووِڈ ویکسین پیٹنٹ کے خاتمے کی امریکی کوشش پر یورپی یونین کو اعتراض[/pullquote]
یورپی یونین نے جمعے کے روز امریکا کی کووِڈ ویکسین کی پیٹنٹ پابندی اٹھانے کے ’اچانک خیال‘ پر اعتراض کیا ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ کووڈ ویکسین پر حقوقِ دانش اٹھائے جانے سے غریب ممالک کے لیے اس ویکسین کی رسائی تیز ہو گی جب کہ امریکا نے ویکسین کے سب سے بڑے برآمد کنندہ ہونے کا بھی دفاع کیا ہے۔ یورپی کمیشن کی سربراہ ارزلا فان ڈیر لائن نے تاہم کہا ہے کہ اس اقدام سے غریب ممالک کو مختصر اور درمیانی مدت کے لیے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہیں خیالات کا اظہار فرانسیسی صدر امانویل ماکروں نے بھی کیا ہے۔
[pullquote]مسجد الاقصیٰ پر فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپیں[/pullquote]
مسجد الاقصیٰ کے قریب فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 160 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے یروشلم اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کو فلسطینیوں نے پتھر، بوتلوں اور آتش گیر مواد کے ذریعے اسرائیلی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، جواب میں پولیس نے فلسطینیوں کے خلاف ربر کی گولیاں اور اسٹن دستی بموں کا استعمال کیا۔ فلسطینی ریڈکراس کے مطابق مسجد الاقصیٰ اور نواحی علاقوں میں ہونے والی ان جھڑپوں میں 163 فلسطینی اور چھ اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو