بدھ : 19 مئی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیل جنگ بندی کے مناسب لمحات کا جائزہ لے رہا ہے: فوجی ذرائع[/pullquote]

اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق تل ابیب حکومت غزہ میں فلسطینی عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی روکنے کے امکانات کے بارے میں جائزہ لے رہی ہے کہ آیا حالات موافق ہیں یا نہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل مزید حملوں کے لیے آئندہ دنوں کی حکمت عملی کی تیاری کر رہا ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بیان دینے والے اس فوجی ذرائع کا کہنا تھا کہ جائزہ لیا جا رہا ہے کہ جنگ بندی کا صحیح لمحہ کون سا ہو گا۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل اس امر کا بھی جائزہ لے رہا ہے کہ غزہ میں اپنی کارروائیوں کے بعد حماس کی باقی ماندہ جنگی صلاحیتوں کو ہراساں کرنے کے اپنے مقاصد میں کامیابی کس حد تک حاصل ہوئی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والی تین تنظیموں پر پابندی عائد[/pullquote]

جرمن وزارت داخلہ کی طرف سے ایسی تین تنظیموں کو کالعدم قرار دینے کا اعلان کیا گیا ہے جنہیں لبنانی شیعہ تحریک حزب اللہ کے پروجیکٹس کے لیے رقوم اکٹھا کرنے جیسے عمل میں شامل سمجھا جاتا ہے۔ جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے تازہ ترین اعلان میں کہا ہے کہ ان کا ملک ایسی تین تنظیموں پر پابندی لگا رہا ہے جن کے بارے میں معلوم ہے کہ انہوں نے جرمنی میں لبنانی شیعہ تحریک حزب اللہ کے پروجیکٹس کی مالی اعانت کے لیے رقوم اکٹھا کی ہیں۔

[pullquote]طوفان تاؤتے کے سبب ڈوبنے والی کشتی کے بائیس مسافروں کی لاشیں برآمد[/pullquote]

بھارتی بحریہ کے جہازوں نے تاؤتے طوفان کی زد میں آ کر ممبئی میں ڈوبنے والی کشتی کے 22 مسافروں کی لاشیں برآمد کر لی ہیں۔ بُدھ کو بحریہ کے ایک اہلکار نے میہول کارنک نے کہا کہ مزید 55 لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس طوفان کی وجہ سے سمندری لہریں 7 میٹر تک اونچی ہیں اور اس میں غرق ہونے والے جہاز پر سوار مسافروں کے ریسکیو کے کاموں کے لیے تین بحری جہاز اور متعدد ہیلی کوپٹرز کو استعمال کیا گیا۔ ریسکیو عملہ 184 افراد کو بچانے میں کامیاب ہوا ہے۔

[pullquote]ایردوآن کے اسرائیل مخالف بیان پر امریکا کی ناراضگی[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی طرف سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت اور بیانات کو امریکا نے سامیت مخالف قرار دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکا یہودیوں کے حوالے سے صدر طیب ایردوآن کے بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اسے قابل افسوس قرار دیتا ہے۔انہوں نے صدر ایردوآن اور دیگر ترک رہنماؤں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے بیانات سے گریز کریں جن سے تشدد میں اضافے کا خدشہ ہو۔ ترکی صدر نے اسرائیل پر فلسطینی عوام کے خلاف دہشت گردی کا الزام عائد کیا۔

[pullquote]اسرائیل فلسطین جنگ کے سلسلے میں سلامتی کونسل میں ہنوزعدم اتفاق[/pullquote]

اسرائیل اور فلسطین کے مابین پُر تشدد حملوں اور جوابی حملوں کا سلسلہ جاری۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر غور و خوض کے لیے گزشتہ آٹھ روز کے دوران چوتھا ہنگامی اجلاس بھی کسی واضح حکمت عملی پر اتفاق کے بغیر ہی ختم ہوا۔ چوتھے اور تازہ ترین اجلاس میں فرانس نے مصر اور اُردن کے ساتھ مل کر اور ہم آہنگی سے ایک مسودہ قرار داد پیش کیا تھا۔ اس میں تین مطالبات پیش کیے گئے تھے۔ نمبر ایک یہ کہ گولہ باری کا سلسلہ فوری طور سے ختم ہونا چاہیے، جنگ بندی کا اعلان کیا جائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔ ان قراردادوں کو امریکا نے یہ کہہ کر بلاک کر دیا کہ فی الوقت اس بارے میں کوئی اعلامیہ جاری کرنے سے تشدد میں کمی نہیں آ سکے گی۔

[pullquote]امریکا میں ایشیائی باشندوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم سے متعلق قانون منظور[/pullquote]

امریکی کانگریس نے ایشیائی نژاد امریکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات پر قابو پانے کی خاطر اکثریتی رائے سے ایک قانون کی منظوری دے دی۔ امریکی کانگریس میں منگل کے روزپیش کیے گئے اس بل پر بحث کے دوران دونوں سیاسی جماعتوں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران ایشیائی نژاد امریکیوں اور بحرالکاہل جزائر کے لوگوں کے خلاف ہونے والے حملوں میں اضافے کی مذمت کی۔ ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے بل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف وبا کے دوران بلکہ آئندہ برسوں میں بھی امریکا میں نفرت انگیز جرائم سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ صدر جو بائیڈن نے اس قانون کی حمایت کی ہے۔ یہ قانون ایک ایسے وقت پر منظور ہوا ہے جب کووڈ کی وبا کے دوران ایشیائی امریکیوں کے خلاف حملوں بشمول قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]افغان امدادی کارکنوں کے بارے میں امریکی سیاستدانوں کی تشویش[/pullquote]

جرمنی کی طرح امریکی سیاسی حلقے میں بھی ہندو کش سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد ہزاروں افغان اتحادی امدادی کارکنوں کے مستقبل کے بارے میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ امریکی اراکین پارلیمان نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے امریکی افواج کے تمام مقامی کارکنوں کو نکال لینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ فوجی انخلا کے بعد افغانستان میں عسکریت پسند طالبان کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ قریب 18 ہزار افغان مترجم کمانڈوز، اور دیگر کارکن جنہوں نے امریکی مسلح افواج کی حمایت کی اور افغانستان میں ان کی تعیناتی کے دور میں ان کی معاونت کی، فی الحال امریکا جانے کے لیے ویزے کے منتظر ہیں۔

[pullquote]آسٹریا میں ریستوران اور ہوٹل دوبارہ کھل گئے[/pullquote]

یورپی ملک آسٹریا میں کورونا وبا کے سبب مہینوں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد بُدھ 19 مئی سے ریستورانوں اور کیفیز کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ ساتھ ہی ثقافتی مراکز اور ہوٹلوں کو بھی دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔ اب رستورانوں ، کیفیز اور دیگر ثقافتی مراکز میں مہمانوں کو محض بیرونی حصے، ٹیرس وغیرہ میں نہیں بلکہ اندرونی حصے میں بھی بیٹھنے کی اجازت ہوگی تاہم صارفین کو چند ضروری ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ مثال کے طور پر منفی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ اور کورونا ویکسینیشن کی سرٹیفیکیٹ یا کورونا انفیکشن کے حملے سے بچ جانے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ آسٹریا کی 9 ملین کی کُل آبادی کے 40 فیصد کو اب تک کم از کم کورونا کے خلاف ویکسین کی پہلی خوراک مل چُکی ہے۔

[pullquote]امریکی حکومت نورڈ اسٹریم ٹو اے جی کے خلاف پابندی عائد نہیں کرے گی[/pullquote]

بحیرہ بالٹک میں متنازعہ نورڈ اسٹریم ٹو اے جی کی آپریٹننگ کمپنی اور اس کے جرمن مینیجنگ ڈائریکٹر ماتھیاز وارننگ کے بارے میں امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ ان کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ امریکی نیوز چینل سی این این اور ایک امریکی ویب "Axios” کی اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات میں کشیدگی نہیں چاہتے۔ ان ذرائع سے تاہم نشاندہی ہوئی ہے کہ واشنگٹن اس سلسلے میں ملوث روسی بحری جہازوں پر نئی پابندی عائد کرنا چاہتا ہے۔ نورڈ اسٹریم ٹو اے جی دراصل روسی توانائی کمپنی گیس پروم کی ذیلی یا ماتحت کمپنی ہے۔ یاد رہے کہ ایک سوئس کمپنی اس پائپ لائن کی منصوبہ بندی اور تعمیر کی ذمہ دار ہے جو تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

[pullquote]جرمن حکومت کی طرف سے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ایک سو ملین یورو کی اضافی رقم کا اعلان[/pullquote]

وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت نے دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے 100 ملین یورو کی اضافی رقم کا اعلان کیا ہے۔ ترقیاتی امور کے وفاقی وزیر گیرڈ مئیولر نے میڈیا گروپ ’ فُنکے‘ کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام لڑکیوں کی آئندہ نسل کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگا۔ کرسچین ڈیمو کریٹک یونین کے سیاستدان مئیولر نے اس امر کی طرف نشاندہی کی کہ کورونا کی وبا نے لڑکیوں اور خواتین کی زندگیوں کو خاص طور سے متاثر کیا ہے اور ان کی صورتحال زیادہ خراب ہوئی ہے۔ زیادہ تر لڑکیاں اور خواتین اپنے روزگار سے محروم ہوئی ہیں۔ کورونا وبا کے دور میں دنیا بھر میں 130 ملین لڑکیاں اسکول نہیں جا سکتی ہیں۔ بہت سے معاشروں میں لڑکیوں کی جبری شادی کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]جنگ جاری رہے گی، نیتن یاہو[/pullquote]

عالمی رہنماؤں کی طرف سے سخت اپیل کے باوجود اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اسرائیلی شہری پُر امن زندگی میں واپس نہیں آتے تب تک جنگ جاری رہے گی۔ منگل کو نیتن یاہو نے کہا کہ ’اسلامی جہاد‘ کو ایسی ضربیں لگی ہیں، جن کی وہ توقع نہیں کر رہے تھے۔ دریں اثناء روئٹرز کے ذرائع کے مطابق حماس اور اسلامی جواد نے کہا ہے کہ اُس کے کم از کم 20 جنگجو ہلاک ہو چُکے ہیں جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان کی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 130 ہے۔ اُدھر غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک فضائی حملوں میں کم از کم 217 فلسطینی ہلاک ہو چُکے ہیں جن میں 63 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1500 سے زائد ہے۔ حماس کے راکٹ حملوں میں اسرائیل میں ایک 5 سالہ لڑکے سمیت بارہ افراد کی ہلاکت کی اطلاح ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے