بدھ : 02 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی بحری جہاز خلیج عمان میں آگ لگنے کے بعد غرق[/pullquote]

ایرانی بحریہ کا ایک جہاز خلیج عمان میں آگ لگنے کے بعد ڈوب گیا ہے۔ گزشتہ بیس گھنٹوں سے ’ خارگ‘ نامی اس جہاز کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔ بحری جہاز میں آگ لگنے کی وجوہات کی چھان بین جاری ہے۔ یہ جہاز ایران کے لیے تیل کے اہم ٹرمنل کا کام انجام دیتا تھا اور یہ ایرانی بحریہ کا سب سے بڑا بحری جہاز تھا، جو گزشتہ 40 برسوں سے فعال تھا۔ یہ بحری جہاز سمندر میں موجود دیگر جہازوں کی مدد اور بھاری مال برداری کی صلاحیت کا حامل تھا۔

[pullquote]اوسلو ميں طلبا کی پارٹی: سینکڑوں افراد قرنطینہ ميں[/pullquote]

ناروے کے دارلحکومت اوسلو میں ہائی اسکول کے طلبا کی ایک پارٹی شہر میں کورونا پھيلنے کا باعث بنی۔ نتيجتاً کم از کم 540 افراد کو قرنطینہ کر ديا گيا ہے۔ ناروے کی زبان میں ’رُس‘ کھلانے والی اس تقریب کو اس اسکینڈینیوین ملک میں ایک اہم ثقافتی ایونٹ کی حیثیت حاصل ہے۔ اوسلو کے مغربی حصے میں ’کورونا انفیکشن ٹریسنگ ٹیم‘ کے نمائندوں نے میڈیا کو بتایا کہ جشن منانے والے طلبا کے زیر استعمال پانچ بسوں سے کورونا وائرس پھیلا اور اس نے اوسلو کے مغربی حصے کے قریب تمام ہائی اسکولوں کو متاثر کیا۔ وہاں کی آبادی سات لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ ناروے میں جلد ہی 18 تا 44 سالہ شہریوں کی ویکسینیشن شروع ہونی ہے۔

[pullquote]جرمنی ميں قدامت پسندوں کی واپسی کے آثار، جائزہ[/pullquote]

جرمن ٹیلی وژن چینل آر ٹی ایل کے ایک تازہ جائزے کے مطابق چانسلر انگيلا میرکل کے قدامت پسند بلاک کی مقبولیت میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے اور پتا چلا ہے کہ کرسچن ڈیموکریٹک يونين اور صوبے باویریا میں اس کی ہم خیال جماعت کرسچن سوشل یونین اس وقت ماحول پسند گرین پارٹی پر سبقت رکھتی ہے۔ ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ قدامت پسند سياسی اتحاد کو 25 فیصد ووٹ مل سکتے ہيں۔ گرین پارٹی ایک پوائنٹ کھو کر 24 فیصد ووٹ حاصل کر سکتی ہے جبکہ ایف ڈی پی ایک پوائنٹ کے اضافے سے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے برابر آ گئی ہے۔

[pullquote]اسرائیل کے کہنہ مشق سیاستدان آئزک ہرسوگ ملکی صدر منتخب[/pullquote]

تجربہ کار سیاستدان اور اسرائیل کے ايک نامور خاندان سے تعلق رکھنے والے آئزک ہرسوگ کو بطور صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہیں ایک رسمی کردار دے کر صدر کے عہدے پر فائض کیا گیا ہے۔ اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ میں 120 ممبران کے درمیان ووٹنگ کے بعد 60 سالہ ہرسوگ کو صدارتی ذمہ داری سونپی گئی۔ ہرسوگ اسرائیل کی لیبر پارٹی کے سابق سربراہ اور ماضی میں اپوزیشن رہنما رہ چُکے ہیں۔ انہوں نے 2013 ء میں بينجمن نیتن یاہو کے خلاف پارلیمانی الیکشن لڑا تھا تاہم نیتن یاہو کے خلاف وہ ناکام رہے تھے۔ وہ موجودہ صدر ریوین ریولن کی جگہ لیں گے جو آئندہ ماہ صدارتی عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہيں۔

[pullquote]اسرائیل میں حکومت سازی کے ليے مختص وقت ختم ہونے کو[/pullquote]

اسرائیل میں نئی حکومت کے قیام کے ليے مقررہ ڈیڈ لائن یا آخری تاریخ آج بدھ کو ختم ہو رہی ہے۔ حزب اختلاف کے رہنما جیر لاپیڈ اور قوم پرست سیاست دان نفتالی بینیٹ کے پاس حکومت سازی کے لیے پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے آدھی رات سے کچھ دیر پہلے تک کا وقت ہے۔ اگر وہ نئی حکومت قائم کرنے ميں کامياب رہتے ہيں، تو يہ طویل عرصے سے وزارت عظمی کے عہدے پر فائض بینجمن نیتن یاہو کے عہد کے اختتام کی علامت ہو سکتی ہے۔ موجودہ صدر ریوون ریولن کی سات سالہ مدت بھی پوری ہو رہی ہے جس کے ساتھ ہی آج سہ پہر کے وقت اسرائیلی پارلیمان نئے صدر مملکت کا انتخاب کرے گی۔

[pullquote]الاسکا میں ’آرکٹک نیچر ریزرو‘ میں تیل اور گیس کی تلاش سے متعلق تمام سرگرمیاں معطل[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے الاسکا میں ’آرکٹک نیچر ریزرو‘ میں تیل اور گیس کی تلاش سے متعلق تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ داخلہ نے اعلان کیا کہ متعلقہ سرگرمیوں کے لیے جاری شدہ لائسنسوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ اس طرح سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں اس علاقے میں کھدائی کی اجازت کا جو فیصلہ کیا گیا تھا، اُسے جو بائیڈن انتظامیہ نے پلٹ دیا ہے۔ بائيڈن نے اقتدار سنبھالتے ہی واضح کر دیا تھا کہ وہ ٹرمپ کے اس فیصلے کے خلاف ہیں۔

[pullquote]ٹلسا کے سیاہ فاموں کے قتل عام کی یاد میں تقریب: جو بائیڈن کا خطاب[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں ايک سو سال قبل ہونے والے سیاہ فام افراد کے قتل عام کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔ منگل کو بائیڈن نے اس شہر کا دورہ کیا اور اُن واقعات کی مذمت کی جن کے نتيجے میں 300 افراد ہلاک اور 10 ہزار بے گھر ہو گئے تھے۔ بائیڈن نے اس علاقے میں بچ جانے والے چند افراد، جن کی عمریں اب ایک سو برس سے زیادہ ہیں، سے ملاقاتیں کیں۔ امریکی صدر نے اس موقع پر کہا کہ تاریخ کے چند واقعات اتنے وحشت ناک اور سفاکانہ ہوتے ہیں جنہیں کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔ بائیڈن نے اپنے ملک کی نسل پرستانہ تاریخ سے سبق سیکھنے پر زور دیا۔

[pullquote]ڈبلیو ایچ او نے چینی ویکسین ’سائنو ویک‘ کی منظوری دے دی[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے چین کی کورونا ویکسین ’سائنو ویک‘ کے استعمال کی ہنگامی بنیادوں پر استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے اس ویکسین کے معیاری ہونے کا یقین دلایا ہے اور کہا کہ اس کی دو خوراکيں حاصل کرنے والے افراد کووڈ انیس کے شدید خطرات سے بچ سکتے ہيں۔ ’سائنو ویک‘ کے استعمال کی اجازت ملنے کے بعد اقوام متحدہ کا ادارہ اپنے عالمی ویکسین پروگرام کوویکس کے تحت اس ویکسین کو خرید کر مختلف ممالک میں اسے تقسیم کر سکتا ہے تاہم یورپی یونین اور دیگر ممالک ڈبلیو ایچ او کی طرف سے چین کی اس ویکسین کے استعمال کی اجازت پر عملدرآمد نہیں کریں گے۔ یورپی ڈرگ اتھارٹی خود ویکسین ’ سائنو ویک‘ پر مکمل تحقیق کرے گی جس کے بعد ہی اس کے استعمال کا فیصلہ کیا جائے گا۔

[pullquote]وفاقی جرمن کابینہ میں نگہداشت کے شعبے میں اصلاحات پر بحث[/pullquote]

آج بدھ کے روز نگہداشت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے وفاقی جرمن کابینہ میں بحث ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر صحت ژینز اشپان کی طرف سے پیش کردہ مسودے کے مطابق نرسنگ کے عملے کو مستقبل میں بہتر تنخواہ دی جانی چاہیے۔ نگہداشت کی فراہمی کے معاہدوں کو صرف ان اداروں کے ساتھ ہی انجام دینے کی اجازت ہونی چاہیے جو ملازمین کے معاوضے کے لحاظ سے اجتماعی معاہدے پر عمل پیرا ہوں، یعنی طے شدہ تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ جرمن وزارت محنت کے مطابق، نگہداشت کے شعبے سے منسلک بارہ لاکھ ملازمین میں سے محض نصف اجتماعی اجرت وصول کرتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی دوسری لیبیا کانفرنس کی میزبانی کرے گا[/pullquote]

جرمن وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جرمنی اور اقوام متحدہ نے لیبیا میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ طور پر رواں ماہ کی 23 تاریخ کو ایک اور کانفرنس کی میزبانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برلن میں اس نوعیت کی اعلیٰ سطحی کانفرنس کا آغاز گزشتہ برس ہوا تھا اور یہ پہلا موقع ہو گا جب اس میں لیبیا کی عبوری قومی حکومت بھی شریک ہو گی۔ جرمن وزارت خارجہ نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری لیبیا میں اقوام متحدہ کے زیر قیادت امن عمل کی اپنی قریبی اور تعمیری حمایت جاری رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ کانفرنس میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مستقبل کے ضروری اقدامات کے علاوہ ملک میں ہونے والے عام انتخابات پر خاص توجہ دی جائے گی۔

[pullquote]فوجی بغاوت کے سبب مالی کی افریقی یونین کی رکنیت معطل[/pullquote]

افریقی یونین نے یکم جون منگل کو رات گئے ایک اہم فیصلے میں مغربی افریقی ملک مالی کی رکنیت معطل کر دی۔ چند روز قبل ہی فوج نے عبوری وزیر اعظم اور صدر کو حراست میں لے کر اقتدار پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور اسی تناظر میں یونین نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ افریقی یونین نے مالی معاملات سے متعلق مغربی افریقی تنظیم ‘اکنومک کمیونٹی آف ویسٹ افریقن اسٹیٹس’ (ای سی او ڈبلیو اے ایس) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس بات کی بھی دھمکی دی ہے کہ اگر سویلین حکومت کو اقتدار واپس نہ سونپا گیا، تو مالی پر مزید پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ تنظیم کی پیس اینڈ سکیورٹی کونسل نے اپنے اہم فیصلے سے متعلق منگل کی شام کو جو بیان جاری کیا اس میں کہا گیا ہے کہ مالی کو افریقی یونین کی کسی بھی سرگرمی میں شرکت کرنے یا اس میں حصہ لینے سے فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے