[pullquote]نامزد وزیر اعظم کی سکیورٹی اسرائیلی انٹیلیجنس کے حوالے[/pullquote]
اسرائیل کی داخلی انٹیلیجنس سروس ’شِن بیت‘ نے نامزد وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوری طور پر سنبھال لی ہے۔ اس امر کی اس انٹیلیجنس نے آج جمعرات کو تصدیق کر دی۔ اسرائیلی اخبار ’ہاریٹس‘ نے اسے ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا ہے کیونکہ عموماﹰ ’شِن بیت‘ باقاعدہ حلف برداری کے بعد ہی ملکی وزیر اعظم کی سکیورٹی کی ذمے دار ہوتی ہے۔ ادھر اب تک وزیر اعظم کے عہدے پر فائز بینجمن نیتن یاہو نے نفتالی بینیٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر ’موجودہ صدی کی سب سے بڑی دھوکا دہی‘ کا الزام لگایا ہے۔ نیتن یاہو کے بقول بینیٹ ملک میں ایک نیا سیاسی اتحاد بنا کر اس مبینہ دھوکا دہی کے مرتکب ہوئے۔
[pullquote]جرمنی نے فضائی آلودگی سے متعلق قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی، یورپی عدالت کا فیصلہ[/pullquote]
یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت کے ایک فیصلے کے مطابق جرمنی نے فضائی آلودگی سے متعلق قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی۔ جمعرات کو برسلز میں اس یورپی عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں جرمنی کو خبردار کیا کہ اگر حکومت نے بڑے جرمن شہروں میں فضائی آلودگی کو کم اور آب و ہوا کے معیار کو بہتر نا بنایا، تو برلن حکومت کو سزا کے طور پر جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ عدالت کے مطابق جرمنی نے 2010ء سے لے کر 2016ء تک نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اخراج سے متعلق یورپی یونین کی طے شدہ سالانہ حدود کی خلاف ورزی کی۔ اس خلاف ورزی سے متاثر ہونے والے بڑے شہروں اور علاقوں میں برلن، اشٹٹ گارٹ، میونخ، کولون اور ڈسلڈورف بھی شامل تھے۔
[pullquote]الحریری کے قتل کے نئے مقدمے کی سماعت ختم[/pullquote]
اقوام متحدہ کی لبنان سے متعلق خصوصی عدالت کے ججوں نے سابق لبنانی وزیر اعظم رفیق الحریری کے قتل کے الزام میں سزا یافتہ شخص کے خلاف نیا مقدمہ ختم کر نے کا اعلان کر دیا۔ اس کی وجہ عدالت کے لیے مالی وسائل کی کمیابی بتائی گئی۔ دی ہیگ میں قائم اس ٹریبیونل نے گزشتہ سال سلیم جمیل عیاش کو اس کی غیر حاضری میں سزا سنائی تھی۔ یہ شخص شیعہ عسکریت پسند تحریک حزب اللہ کا ایک سابق رکن ہے۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے لبنان کے سنی سیاستدان رفیق الحریری اور اکیس دیگر سیاستدانوں پر بم حملہ کیا تھا۔ ملزم نے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کر رکھی تھی۔
[pullquote]بھارتی سپریم کورٹ کا صحافیوں کو غداری جیسے الزامات سے تحفظ دینے کا فیصلہ[/pullquote]
بھارتی سپریم کورٹ نے معروف صحافی ونود دووا کے خلا ف دائر کردہ ملک سے غداری کا مقدمہ خارج کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدالت عظمیٰ کے ایک سابقہ فیصلے کے مطابق صحافیوں کو اپنے خلاف ایسے الزامات سے تحفظ حاصل ہے۔ سپریم کورٹ کے مطابق، ”ملک سے غداری کے حوالے سے سن 1962ء کے کیدار ناتھ سنگھ کیس میں فیصلے کے تحت تمام صحافیوں کو اپنے خلاف ایسے الزامات کے باعث عدالتی کارروائی سے مامونیت حاصل ہے۔‘‘
[pullquote]ایئر ٹریفک کے سلسلے میں جرمنی اور روس کے مابین تنازعہ ختم ہو گیا[/pullquote]
جرمن وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق جرمن ایئر لائن لفتھانزا کو روس کی طرف سے وقت پر ’فلائٹ پرمٹ‘ نا ملنے کے سبب جرمن روسی ایئر ٹریفک میں غیر معمولی خلل پیدا ہوا اور کئی طے شدہ پروازیں منسوخ کرنا پڑ گئیں۔ اس کے جواب میں جرمنی کے فیڈرل ایوی ایشن آفس نے بھی روسی فضائی کمپنیوں کو ان کی تجارتی پروازوں کے لیے ’فلائٹ پرمٹ‘ نا دیے۔ اس طرح روس اور جرمنی کے درمیان فضائی سفر کافی متاثر ہوا۔ بعد ازاں لفتھانزا نے اعلان کیا کہ اُس کی پروازوں کو ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں اترنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اس کے بعد جرمن وزارت ٹرانسپورٹ نے بھی روسی ایئر لائنز کو ان کی پروازوں کے لیے گرین سگنل دے دیا۔
[pullquote]جرمن وزیر انصاف کا عالمی سطح پر انسداد بدعنوانی کا مطالبہ[/pullquote]
وفاقی جرمن وزیر انصاف کرسٹینے لامبریشت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مل کر بدعنوانی کا مقابلہ کرے۔ جرمن وزیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا کہ 1948ء میں اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں آزادی، انصاف اور امن کے حصول کے لیے جو اہداف طے کیے تھے، ان کا مکمل حصول تبھی ممکن ہو سکتا ہے، جب عالمی برادری مل کر دنیا بھر میں کرپشن کے خلاف کامیاب جنگ کرے۔ نیو یارک میں پہلی بار اس موضوع پر ایک خصوصی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں عالمی سطح پر بدعنوانی کا موضوع جمعے تک زیر بحث رہے گا۔
[pullquote]ناسا کا زہرہ کی طرف دو روبوٹک مشن بھیجنے کا اعلان[/pullquote]
امریکی خلائی ادارہ نظام شمسی میں زمین کے گرم ترین ہمسایہ سیارے زہرہ کی طرف دو خلائی روبوٹک مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ زمین کے چاند اور مریخ کی تسخیر کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ زہرہ کی طرف مشن بھیجنے کا سوچا گیا ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں کیپ کنیورل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کے نئے منتظم بِل نَیلسن نے ادارے کے ملازمین سے اپنے اولین تفصیلی خطاب میں اعلان کیا کہ ناسا مستقبل میں زہرہ کی طرف دو روبوٹک مشن روانہ کرے گا۔ یہ مشن 2028ء اور 2030ء کے درمیان زہرہ کی طرف بھیجے جائیں گے اور ان کے لیے ناسا کے ’ڈسکوری پروگرام‘ کے تحت فی کس 500 ملین ڈالر مہیا کیے جائیں گے۔ ان میں سے ایک کا نام ’ڈاونچی پلَس‘ اور دوسرے کا نام’ ویریتاس‘ ہو گا۔
[pullquote]نکاراگوا میں حزب اختلاف کی صدارتی امیدوار کے خلاف وارنٹ گرفتاری[/pullquote]
نکاراگوا میں صدارتی امیدوار کے طور پر اپنے نام کے اعلان کے ایک روز بعد اپوزیشن کی ایک ممتاز رہنما کرسٹیانا چامورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ کرسٹیانا چامورو ماضی میں سربراہ مملکت رہنے والی وائیولَیٹا باریوس دے چامورو کی بیٹی ہیں اور ان پر منی لانڈرنگ کے علاوہ ’نظریاتی جھوٹ‘ سے متعلق الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ ان الزامات کا اعلان ملکی عدلیہ نے کیا تھا۔ کرسٹیانا چامورو اپنے خلاف ان الزامات کو رد کرتی ہیں۔ نکاراگوا کے صدر ڈینیئل اورٹیگا نومبر میں ہونے والے اگلے صدارتی انتخابات کے آزادانہ انعقاد کو روکنا چاہتے ہیں۔ انسانی حقوق کے لیے سرگرم غیر ملکی اداروں اور کئی ممالک کی حکومتوں نے نکاراگوا کی موجودہ قیادت کے ان اقدامات کی سخت مذمت کی ہے۔
[pullquote]پلوامہ میں بے جے پی کا لیڈر عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ہلاک[/pullquote]
بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں بدھ کی شام عسکریت پسندوں نے ملکی سطح پر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما راکیش پنڈتا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی بھی ہو گئی۔ پنڈتا ترال میں بی جے پی کے ضلعی یونٹ کے سیکرٹری اور ایک بلدیاتی کونسلر تھے۔ وہ اس حملے میں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ کشمیر کے آئی جی پولیس وجے کمار نے بتایا کہ راکیش پنڈتا ترال میں اپنے دوست مشتاق بھٹ سے ملنے گئے تھے۔ پولیس تفتیش کر رہی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کے ارد گرد تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
[pullquote]اسرائیل میں نئی مخلوط حکومت کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا معاہدہ طے پا گیا[/pullquote]
اسرائیل میں حزب اختلاف کے رہنما ایک ایسے معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں، جس کے تحت دو سرکردہ سیاست دان فی کس نصف پارلیمانی مدت کے لیے حکومتی سربراہ بنیں گے۔ مختلف نظریات کی حامل حزب اختلاف کی جماعتوں کے مابین ملک میں ایک نئی مخلوط حکومت کے قیام سے متعلق معاہدہ دو جون بدھ کو رات گئے ہوا۔ اس معاہدے سے ملک میں حکومت سازی سے متعلق طویل سیاسی تعطل کے خاتمے کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔ معاہدے پر عمل درآمد کی صورت میں اسرائیل میں موجودہ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے 12 سالہ دور اقتدار کا خاتمہ ہو جائے گا اور کئی برسوں بعد ان کی دائیں بازو کی سخت گیر لیکوڈ پارٹی پہلی بار اپوزیشن میں ہو گی۔
[pullquote]میکسیکو میں وسط مدتی انتخابات: ہم جنس پرستوں اور ٹرانس جینڈرز کی بڑی تعداد بھی امیدوار[/pullquote]
میکسیکو کے مڈ ٹرم الیکشن میں اس بار ہم جنس پرست مرد، عورتیں اور کئی ٹرانس جینڈر امیدوار بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ اس رجحان سے رومن کیتھولک چرچ کے غلبے والی اس قدامت پسند لاطینی امریکی ریاست کا سیاسی منظر نامہ کافی حد تک بدل سکتا ہے۔ میکسیکو کے ان وسط مدتی انتخابات میں کل 117 امیدوار یعنی ان چھ ہزار امیدواروں کا قریب 2 فیصد آئندہ اتوار کو حصہ لینے کے لیے تیار ہے، جنہوں نے نیشنل الیکٹورل انسٹیٹیوٹ کی طرف سے کرائے گئے ایک سروے میں حصہ لیا تھا۔ مجموعی طور پر قریب 21 ہزار امیدوار اس الیکشن میں حصہ لیں گے، جس دوران 15 نئے گورنر اور ایوان زیریں کے 500 ارکان منتخب کیے جائیں گے۔