اتوار : 06 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی میں روس کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، جرمن سکیورٹی ایجنسی[/pullquote]

روس کی جرمنی میں سرگرمیاں اس حد تک بڑھ چکی ہیں جتنی سرد جنگ کے زمانے میں تھیں۔ یہ بات جرمنی کی داخلی انٹیلیجنس ایجنسی کے سربراہ نے کہی ہے۔ بی ایف وی کے سربراہ تھوماس ہالڈن وانگ کے بقول روس جرمنی میں بہت پیچیدہ انٹیلیجنس مفادات رکھتا ہے۔ جرمن ہفت روزہ ویلٹ ام زونٹاگ میں چھپنے والے ان کے الفاظ کے مطابق روس کی طرف سے اختیار کردہ طریقہ کار زیادہ تند اور ظالمانہ ہوتے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ہالڈن وانگ نے خبردار کیا کہ ملک میں بڑھتی دائیں بازو کی شدت پسندی ایک بار پھر ملک میں جمہوریت اور سکیورٹی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن رہی ہے۔

[pullquote]کینیڈا میں 215 بچوں کی باقیات ملنے پر شدید دکھ میں ہوں، پوپ فرانسس[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ کینیڈا میں مقامی آبادی کے بچوں کے لیے قائم ایک سابق کیتھولک اسکول کے احاطے سے 215 بچوں کی باقیات ملنے پر وہ تکلیف میں ہیں۔ انہوں نے مقامی افراد کے حقوق اور ان کی ثقافت کے احترام پر زور دیا ہے۔ پوپ فرانسس نے کینیڈین سیاستدانوں اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے کی چھان بین کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور مفاہمت اور مداوے کی کوشش کریں۔ تاہم انہوں نے اس واقعے پر براہ راست معذرت سے جس کی توقع زیادہ تر کینیڈین کر رہے تھے، احتراز کیا۔

[pullquote]چین: چاقو حملے کے مشتبہ ذمہ دار کو گرفتار کر لیا گیا[/pullquote]

چینی پولیس نے ہفتے کے روز ہونے والے چاقو حملے کے مشتبہ ذمہ دار شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ چینی صوبہ انشِنگ میں ہونے والے اس حملے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک جبکہ 14 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ صوبائی کمیونسٹ پارٹی کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان کے مطابق حملے کا ذمہ دار ایک 25 سالہ شخص ہے جو بے روزگار تھا اور خاندانی معاملات میں مشکلات کے سبب غصے کا شکار تھا۔ بیان کے مطابق زخمی ہونے والے 14 افراد میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

[pullquote]امریکی فوجی اڈے کے اوپر دو ڈرون مار گرائے گئے ہیں، عراقی فوج[/pullquote]

عراقی فوج نے کہا ہے کہ عین الاسد فوجی اڈے کے اوپر دو ڈرونز مار گرائے گئے ہیں۔ امریکی فوجیوں کے زیر استعمال اس فوجی اڈے پر ایک ماہ قبل ایک مسلح ڈرون سے حملہ کیا گیا تھا۔ عراقی فوج کے مطابق امریکی فوج کے C-RAM دفاعی نظام نے ان ڈرونز کو تباہ کیا۔ یہ فوجی اڈہ عراق کے مغربی صحرائی علاقے میں ہے۔ اس سے چند گھنٹے قبل بغداد ایئرپورٹ کے اوپر ایک راکٹ کو تباہ کیا گیا۔ اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ امریکا اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری ایران نواز عراقی مسلح دھڑوں پر عائد کرتا ہے۔

[pullquote]اشٹولٹن برگ کا روس اور بیلاروس کو انتباہ[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل اس کے سربراہ ژینس اشٹولٹن برگ نے روس اور بیلاروس کو اس اتحاد کے رکن ممالک کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف متنبہ کیا ہے۔ اشٹولٹن برگ کے مطابق نیٹو منسک اور ماسکو کی طرف سے اس کے کسی بھی اتحادی کو کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور بیلاروسی صدر الیکسزانڈر لوکاشینکو کے درمیان قریبی تعاون پر نیٹو سنجیدہ تحفظات رکھتا ہے۔ بیلاروس کا ماسکو پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے۔ نیٹو اتحاد میں شامل ممالک لیتھوانیا، لیٹویا اور پولینڈ بیلاروس کے ساتھ مشترکہ سرحد رکھتے ہیں۔

[pullquote]جرمن ریاست سیکسنی انہالٹ میں انتخابات[/pullquote]

جرمنی کی مشرقی ریاست سیکسنی انہالٹ میں آج پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں۔ رواں برس ستمبر میں ہونے والے وفاقی انتخابات سے قبل ان آخری ریاستی انتخابات کو عوام کا مزاج جانچنے کا آخری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ ان انتخابات کے لیے 18 لاکھ کے قریب ووٹرز حق رائے دہی رکھتے ہیں۔ انتخابی جائزوں کے مطابق وزیر اعلیٰ رائنر ہازیلوف کے تیسری مدت کے لیے کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ کرسچن ڈیموکریٹک یونین سے تعلق رکھنے والے ہازیلوف 2016ء سے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی اور گرین کے ساتھ اتحادی حکومت میں ہیں۔ یہ بات بھی خارج از امکان نہیں کہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی پہلی مرتبہ ان ریاستی انتخابات میں سب سے زیادہ طاقتور جماعت بن کر ابھرے۔

[pullquote]جرمن وزیر صحت تنقید کی زد میں[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی وزیر صحت ژینس اشپاہن کورونا سے بچاؤ کے لیے مبینہ طور پر ناقص ماسک خریدے جانے سے متعلق رپورٹس کے بعد تنقید کی زد میں ہیں۔ نا صرف اپوزیشن بلکہ اتحادی جماعت ایس پی ڈی نے بھی اس معاملے پر ان سے دوری اختیار کی ہے۔ جرمن وزارت صحت نے ان الزمات کو رد کیا ہے کہ اس نے گزشتہ برس ناقص کوالٹی کے ماسک بے گھر معذور افراد کو تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس وزارت کے مطابق چین سے چہرے کے ماسک خریدنے کے لیے ایک بلین یورو خرچ کیے گئے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ماسک ناقابل استعمال ہیں اور انہیں ضائع کرنا ہو گا۔

[pullquote]اگلے برس کے آخر تک سب کو کورونا ویکسین لگائی جائے، بورس جانسن[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے امیر صنعتی ممالک سے کہا ہے کہ وہ سال 2022ء کے آخر تک دنیا کی تمام آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کی ذمہ داری اٹھائیں۔ لندن میں جانسن کا کہنا تھا کہ جی سیون گروپ کو عزم کرنا چاہیے کہ وہ کورونا وائرس سے تباہ کاری جیسے حالات دوبارہ کبھی پیدا نہیں ہونے دے گا۔ جانسن نے یہ بات جی سیون سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے سے قبل کہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ویکسین کی تیاری کی رفتار اور غریب ممالک کو اس کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے۔

[pullquote]بِٹ کوائن کو قانونی حیثیت دے دیں گے، ال سلواڈور[/pullquote]

وسطی امریکی ملک ال سلواڈور کے صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک کرپٹو کرنسی بِٹ کوائن کو قانونی حیثیت دینے والا پہلا ملک بننا چاہتا ہے۔ صدر نایب بوکیلے کے مطابق وہ اس حوالے سے ایک بل آئندہ ہفتے کانگریس میں پیش کریں گے۔ 39 سالہ صدر کے مطابق اس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ مقبول ترین ڈیجیٹل کرنسی بِٹ کوائن کو کسی ملک کا مرکزی بینک ریگولیٹ نہیں کرتا بلکہ یہ کمپیوٹر پراسیس سے تیار ہوتے ہیں جن کے لیے بہت زیادہ توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس اعلان کو اس کرنسی کی قدر میں بہت زیادہ تبدییلی کے لیے ایک افواہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے