پیر : 07 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جولائی کے وسط تک جرمنی میں اسّی فیصد بالغوں کی ویکسینیشن ہو چکی ہو گی، وزارت صحت[/pullquote]

جرمن حکومت نے کہا ہے کہ اگلے ماہ کے وسط تک ملک میں تمام بالغ افراد میں سے اسّی فیصد کی کورونا وائرس کے ‌خلاف ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہو گی۔ اس بارے میں برلن میں وفاقی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن مہم میں بہت تیزی آ چکی ہے۔ ترجمان کے مطابق کورونا ویکسین کی دستیابی میں کمی اب کوئی مسئلہ نہیں رہی اور نہ ہی اس وجہ سے ویکسینیشن مہم متاثر ہو رہی ہے۔

[pullquote]جرمن صوبے سیکنسی انہالٹ میں پارلیمانی الیکشن کی فاتح چانسلر میرکل کی جماعت[/pullquote]

جرمنی کے مشرقی صوبے سیکسنی انہالٹ میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن وزیر اعلیٰ رائنر ہازےلوف کی پارٹی نے انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی پر واضح برتری کے ساتھ جیت لیے ہیں۔ ہازےلوف کا تعلق جرمن چانسلر میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین یا سی ڈی یو سے ہے۔ کل اتوار کو ہونے والے الیکشن کے عبوری سرکاری نتائج کے مطابق سی ڈی یو کو سینتیس اعشاریہ ایک فیصد ووٹ ملے۔ اس کے مقابلے میں تارکین وطن اور اسلام کی مخالفت کرنے والی انتہائی دائیں بازو کی پارٹی اے ایف ڈی کو بیس اعشاریہ آٹھ فیصد عوامی حمایت حاصل ہوئی۔ گرین پارٹی، سوشل ڈیموکریٹس اور لیفٹ پارٹی کو ان کی توقعات سے کم ووٹ ملے۔ رائنر ہازےلوف دوبارہ ایک مخلوط حکومت بنا کر ایک بار پھر وزیر اعلیٰ بن سکیں گے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید تقریباﹰ ڈھائی ہزار ہلاکتیں[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید تقریباﹰ ڈھائی ہزار افراد ہلاک ہو گئے۔ ملکی وزارت صحت کے آج پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس جنوبی ایشیائی ملک میں گزشتہ روز کووڈ انیس کے مزید دو ہزار چار سو ستائیس مریض انتقال کر گئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز کورونا انفیکشن کے مزید ایک لاکھ چھ سو چھتیس نئے کیس بھی ریکارڈ کیے گئے۔ یوں بھارت میں اب کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد اٹھائیس اعشاریہ نو ملین سے زائد اور ہلاک شدگان کی تعداد تین لاکھ انچاس ہزار ایک سو چھیاسی ہو گئی ہے۔ بھارت دنیا بھر میں امریکا کے بعد اس وبا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

[pullquote]افغانستان میں جنگی جرائم کے الزامات: آسٹریلوی فوجی کا تین اخبارات پر مقدمہ[/pullquote]

آسٹریلیا کے کئی اعلیٰ عسکری اعزازات حاصل کرنے والے ایک نامور فوجی نے ملک کے تین بڑے اخبارات کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ہتک عزت کے اس مقدمے کی سماعت آج پیر کے روز سڈنی میں شروع ہو گئی۔ ان تین ملکی اخبارات نے اپنی متعدد رپورٹوں الزام لگایا تھا کہ بَین رابرٹس سمتھ نامی یہ فوجی افغانستان میں تعیناتی کے دوران وہاں جنگی جرائم کا مرتکب ہوا تھا۔ رابرٹس سمتھ آسٹریلوی فوج کے ایلیٹ یونٹ اسپیشل ایئر سروسز رجمنٹ کا ایک سابقہ رکن ہے۔

[pullquote]مئی میں بیرونی دنیا کو چینی برآمدات میں تقریباﹰ اٹھائیس فیصد کا اضافہ[/pullquote]

دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت چین کی برآمدات میں گزشتہ ماہ ستائیس اعشاریہ نو فیصد کا اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین کے لیے اس کی برآمدات میں یہ بہت زیادہ اضافہ خوش کن بھی ہے اور اس بات کا ثبوت بھی کہ عالمی معیشت اب کورونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نکل رہی ہے۔ مئی کے مہینے میں چین میں درآمدات کا حجم بھی بہت زیادہ رہا اور گزشتہ ایک عشرے کے دوران ان برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پچھلے مہینے بھی چین کی بیرونی دنیا کے ساتھ تجارت کا توازن ہمیشہ کی طرح بیجنگ کے حق میں رہا اور اس کی ماہانہ مالیت 45.5 بلین ڈالر سے زائد رہی۔

[pullquote]پرنس ہیری اور میگھن مارکل کے ہاں بیٹی کی پیدائش[/pullquote]

امریکا میں مقیم برطانیہ کے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی ہے، جس کا نام لیلی بَیٹ ڈیانا رکھا گیا ہے۔ برطانوی ملکہ الزبتھ کے پوتے ہیری نے اعلان کیا کہ ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے جمعے کے روز امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سانتا باربرا کے ایک ہسپتال میں ایک بیٹی کو جنم دیا۔ لیلی بَیٹ ڈیانا کا نام مشترکہ طور پر پرنس ہیری کی دادی اور والدہ سے منسوب ہے۔ لیلی بَیٹ ملکہ الزبتھ کا اہل خانہ کی سطح پر پیار سے بلایا جانے والا نام ہے جبکہ ڈیانا کی نسبت ہیری کی والدہ پرنسس ڈیانا سے ہے۔ لندن میں شاہی خاندان نے پرنس ہیری اور میگھن مارکل کے ہاں بیٹی کی پیدائش پر دلی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان دونوں کا پہلے سے ایک دو سالہ بیٹا آرچی بھی ہے۔

[pullquote]روسی اپوزیشن سیاست دان گُڈکوف گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک چلے گئے[/pullquote]

روس کے معروف اپوزیشن سیاست دان دیمیتری گُڈکوف اپنی ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روس سے بیرون ملک چلے گئے ہیں۔ اکتالیس سالہ گُڈکوف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر اعلان کیا کہ وہ کییف جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بیرون ملک روانگی کی وجہ یہ بتائی کہ روس میں ان کے خلاف ایسے جھوٹے مقدمے تیار کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد انہیں موسم خزاں میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن میں حصہ لینے سے روکنا ہے۔ گُڈکوف ماضی میں روسی پارلیمان دُوما کے رکن رہ چکے ہیں۔ انہیں حال ہی میں دو روز تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔

[pullquote]میکسیکو میں قومی الیکشن کے دوران رائے دہی مکمل ہو گئی[/pullquote]

میکسیکو میں نئی ملکی پارلیمان کے انتخاب کے لیے رائے دہی مکمل ہو گئی ہے۔ اتوار کو ہونے والے الیکشن میں تقریباﹰپچانوے ملین ووٹروں کو اپنی رائے دینا تھی۔ ان انتخابات کے دوران عوام کو ملکی پارلیمان کے پانچ سو ارکان کے علاوہ ملک میں کُل بتیس میں سے پندرہ نئے گورنروں اور علاقائی سطح پر تقریباﹰ بیس ہزار منتخب نمائندوں کا انتخاب بھی کرنا تھا۔ اس الیکشن کو ملک میں بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے صدر اوبراڈور کی عوامی مقبولیت کا امتحان بھی قرار دیا جا رہا تھا۔ رائے دہی سے قبل مختلف خونریز واقعات میں کئی سیاسی شخصیات کو قتل بھی کر دیا گیا تھا۔ انتخابی نتائج کا ابھی اعلان نہیں ہوا۔

[pullquote]جاپانی اولمپک کمیٹی کے اعلیٰ عہدیدار کی ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خود کشی[/pullquote]

جاپان کی اولمپک کمیٹی جے او سی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے آج پیر کی صبح ٹوکیو میں ایک تیر رفتار ریل گاڑی کے سامنے چھلانگ لگا کر بظاہر خود کشی کر لی۔ اس ہلاکت کی جاپان کے نِپون ٹیلی وژن نے ٹوکیو پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کر دی ہے۔ جاپانی اولمپک کمیٹی کے اس اہلکار کا نام یاسُوشی موریا تھا اور ان کی عمر باون برس تھی۔ نِپون ٹیلی وژن نیٹ ورک کے مطابق پولیس اس واقعے کو خود کشی قرار دیتے ہوئے اس کی ممکنہ وجوہات کی چھان بین کر رہی ہے۔

[pullquote]جرمن انڈر 21 قومی فٹ بال ٹیم نے تیسری بار یورپی چیمپئن شپ جیت لی[/pullquote]

جرمنی کی اکیس سال سے کم عمر کے کھلاڑیوں کی قومی فٹ بال ٹیم نے تیسری مرتبہ یورپی انڈر 21 فٹ بال چیمپئن شپ جیت لی ہے۔ اس ٹیم نے سلووینیہ کے دارالحکومت لبلیانہ میں ہونے والے فائنل میچ میں پرتگال کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ یہ گول انچاسویں منٹ میں لوکاس نمیشا نے کیا، جو چار گولوں کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی رہے۔ جرمن انڈر 21 ٹیم نے یہ یورپی چیمپئن شپ دو ہزار نو اور دو ہزار سترہ میں بھی جیتی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے