منگل : 08 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سو سے زائد ممالک میں منظم جرائم کے خلاف مربوط چھاپے، آٹھ سو ملزم گرفتار[/pullquote]

قانون نافذ کرنے والے بین الاقوامی اداروں کی مدد سے دنیا کے سو سے زائد ممالک میں آج منگل کے روز ہزاروں مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ عالمی سطح پر بیک وقت اور بہت مربوط انداز میں کی گئی اس کارروائی کا مقصد منظم جرائم کا خاتمہ تھا۔ اس دوران آٹھ سو سے زیادہ مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ جرمن حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران ملک میں ڈیڑھ سو سے زائد مقامات پر چھاپے مار کر ستّر سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کارروائی کے لیے امریکی، یورپی اور کئی دیگر ممالک کے منظم جرائم کے خلاف سرگرم قومی محکموں نے یوروپول سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کیا۔

[pullquote]بھارت میں نئی کورونا انفیکشنز کی یومیہ تعداد دو ماہ سے بھی زائد عرصے بعد پہلی بار ایک لاکھ سے کم[/pullquote]

کورونا وائرس کی وبا سے دنیا کے دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں نئی انفیکشنز کی یومیہ تعداد دو ماہ سے بھی زائد عرصے بعد پہلی بار ایک لاکھ سے کم ہو گئی۔ آج منگل کے روز جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کل پیر کے دن پورے ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد چھیاسی ہزار چار سو اٹھانوے رہی۔ تریسٹھ دنوں بعد یہ پہلا موقع ہے کہ یہ یومیہ تعداد ایک لاکھ سے کم رہی ہے۔ اسی دوران ملک بھر میں کووڈ انیس کے م‍زید دو ہزار ایک سو تیئیس مریض انتقال کر گئے۔ بھارت میں اب تک کورونا وائرس تقریباﹰ انتیس ملین شہریوں کو متاثر کر چکا ہے جبکہ اس وبا کی وجہ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی اب ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

[pullquote]یورپی کونسل کے صدر کی طرف سے چین کے ساتھ جامع سرمایہ کاری کے ممکنہ معاہدے کا دفاع[/pullquote]

یورپی یونین کے دو اعلیٰ ترین عہدیداروں میں سے ایک نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ سربراہی ملاقاتوں سے قبل یورپی یونین کے چین کے ساتھ مجوزہ سرمایہ کاری معاہدے کا دفاع کیا ہے۔ یونین کی کونسل کے صدر شارل مشیل نے برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ یورپ چین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات میں نئے توازن کا خواہش مند ہے۔ اسی لیے برسلز بیجنگ کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق ایک جامع معاہدہ سی اے آئی طے کرنا چاہتا ہے۔ یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت کی امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ آئندہ ویک اینڈ پر برطانیہ میں جی سیون سمٹ اور پھر اگلے ہفتے برسلز میں یورپی امریکی سمٹ کے موقع پر ملاقاتیں ہوں گی۔

[pullquote]برطانوی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے ایران کے بارے میں بات چیت[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے سعودی عرب کے دورے کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ لندن میں برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں دو طرفہ امور، ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ موضوعات اور خاص طور پر ایرانی جوہری معاہدے کے ممکنہ احیاء کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ بین الاقوامی طاقتیں ایران کے ساتھ دو ہزار پندرہ میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی بحالی کی خواہش مند ہیں مگر تہران کا علاقائی حریف ملک سعودی عرب خطے میں سلامتی سے متعلقہ وجوہات کے باعث اس بحالی کے خلاف ہے۔

[pullquote]پیرو میں صدارتی الیکشن کے امیدواروں کے مابین کانٹے دار مقابلہ، حتمی نتائج چند روز بعد تک متوقع[/pullquote]

پیرو میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے تقریباﹰ چھیانوے فیصد کی گنتی مکمل ہو گئی ہے۔ دائیں بازو کی عوامیت پسند خاتون امیدوار اور ملک کے ایک سابق صدر کی بیٹی کائیکو فیوجی موری اور ان کے حریف بائیں بازو کے امیدوار پیدرو کاستیلو کے مابین کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔ پہلے فیوجی موری کو معمولی برتری حاصل تھی لیکن اب کاستیلو ان سے تھوڑے سے آگے ہیں۔ اب تک کائیکو فیوجی موری کو انچاس اعشاریہ سات فیصد اور کاستیلو کو پچاس اعشاریہ دو فیصد ووٹ ملے ہیں۔ اس الیکشن کے حتمی سرکاری نتائج کے اعلان میں چند روز لگ سکتے ہیں۔

[pullquote]پاکستانی نژاد کینیڈین مسلم خاندان کے ارکان پر دانستہ ٹرک حملہ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں ایک شخص نے اپنا پک اپ ٹرک پیدل چلنے والے ایک مقامی مسلم خاندان کے افراد پر چڑھا دیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا حملہ تھا۔ اتوار کی رات اونٹاریو کے شہر لندن میں پیش آنے والے اس واقعے کا بیس سالہ مشتبہ ملزم حملے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ پال وائٹ کے مطابق اس جرم کا ارتکاب مسلمانوں سے نفرت کی بنا پر کیا گیا۔ لندن کے میئر ایڈ ہولڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ مرنے والوں میں ایک چوہتر سالہ خاتون، ایک چھیالیس سالہ مرد، ایک چوالیس سالہ خاتون اور ایک پندرہ سالہ لڑکی شامل ہیں۔ اسی خاندان کا ایک نو سالہ لڑکا زخمی بھی ہو گیا، جو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم ٹروڈو نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ہلاک شدگان کے قریبی ذرائع کے مطابق مرنے والوں کا تعلق ایک پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان سے تھا۔

[pullquote]زمین کی فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا ارتکاز تاریخ کی بلند ترین سطح پر[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود گزشتہ چند ماہ کے دوران زمین کی فضا میں زہریلی کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کا ارتکاز تاریخی حد تک زیادہ ہو گیا۔ امریکی ریاست ہوائی میں قائم ماؤنا لوآ مشاہدہ گاہ نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اس ارتکاز کی اوسط شرح چار سو انیس پارٹیکلز فی ملین ہو گئی۔ اس مشاہدہ گاہ کے مطابق اس نے زمین کی فضا میں اس گیس کے ارتکاز کی پیمائش کا سلسلہ انیس سو اٹھاون میں شروع کیا تھا اور تب سے آج تک یہ شرح پہلے کبھی اتنی زیادہ نہیں رہی تھی۔ پچھلے سال مئی میں یہ اوسط شرح چار سو سترہ پی پی ایم رہی تھی۔

[pullquote]جرمنی کو یونان سے مزید مہاجرین کو اپنے ہاں قبول کرنا چاہیے، انسانی حقوق کی تنظیموں کا مطالبہ[/pullquote]

انسانی حقوق اور انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے سرگرم کئی تنظیموں نے جرمن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے رکن ملک یونان سے مزید مہاجرین کو اپنے ہاں قبول کرے۔ ان تنظیموں کے مطابق یونانی مہاجر کیمپوں میں ابھی تک بڑی تعداد میں ایسے بچے اور دیگر مہاجرین موجود ہیں، جنہیں تحفظ کی اشد ضرورت ہے اور جرمنی کو ان تارکین وطن کی مدد کرنا چاہیے کیونکہ جرمنی ایسا کر سکتا ہے۔اس موضوع پر یورپی یونین کے رکن ممالک کے داخلہ امور اور انصاف کے وزراء کا ایک اجلاس آج منگل کو ہو رہا ہے۔ ان امدادی تنظیموں نے کہا ہے کہ یونان کے کئی جزائر پر ایسے مہاجرین کے حالات زندگی انتہائی تکلیف دہ ہیں۔

[pullquote]جرمن وزارت ماحولیات کی اربوں یورو مالیت کی نیشنل واٹر اسٹریٹیجی[/pullquote]

جرمن وزیر ماحولیات سوَینیا شُلسے اربوں یورو مالیت کی ایک نیشنل واٹر اسٹریٹیجی کے ذریعے ملک کے لیے مستقبل میں بھی پانی کی کافی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتی ہیں۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کی اس خاتون سیاست دان نے برلن کے ایک میڈیا گروپ کے اخبارات کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ قومی سطح پر مزید اقدامات کیے بغیر اب یہ بات یقینی نہیں بنائی جا سکتی کہ ملک میں آئندہ بھی ہر جگہ پر وافر مقدار میں پانی دستیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں مسئلہ پانی کی کمی کا نہیں بلکہ اس کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کا ہے۔ سوَینیا شُلسے نے کہا کہ ملک میں زیادہ اور کم پانی والے علاقوں کے مابین آبی تقسیم کو زیادہ منصفانہ بنانے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]کورونا کے باعث جرمنی میں اموات کی مجموعی تعداد اب نواسی ہزار چار سو کے قریب[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ایک سو چالیس افراد انتقال کر گئے۔ یوں ملک میں کووڈ انیس کے انتقال کر جانے والے مریضوں کی مجموعی تعداد نواسی ہزار تین سو چوراسی ہو گئی ہے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے آج منگل کے روز برلن میں بتایا کہ کل پیر کے دن ملک میں کورونا وائرس کی بارہ سو چار نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ اس طرح جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد اب سینتیس لاکھ دو ہزار سات سو کے قریب ہو گئی ہے۔

[pullquote]یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے گروپ راؤنڈ سے پہلے جرمن قومی ٹیم نے لیٹویا کو چھ گول سے ہرا دیا[/pullquote]

آئندہ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ سے پہلے اپنے آخری میچ میں جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم نے لیٹویا کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے ہرا دیا۔ ڈسلڈورف میں ہونے والا یہ میچ جرمن ٹیم کے کپتان اور گول کیپر مانوئل نوئر کا سوواں میچ تھا۔ جرمن ٹیم یورپی چیمپئن شپ میں اپنا پہلا گروپ میچ پندرہ جون کو میونخ میں عالمی چیمپئن فرانس کے خلاف کھیلے گی، جو بڑا امتحان ثابت ہو سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے