منگل : 15 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین نے نیٹو کے الزامات مسترد کر دیے[/pullquote]

بیجنگ حکومت نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو پر الزام عائد کر دیا ہے کہ وہ چین کو خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ ’تنازعہ کھڑا‘ کرنا چاہتا ہے۔ ساتھ ہی منگل کے دن چین نے اس عہد کا اظہار بھی کیا ہے کہ وہ اپنے مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ’اُس منظم چیلنج‘ کا مقابلہ کرے گا، جو نیٹو کی پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہو رہا ہے۔ پیر کے دن مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رہنما ژینس اسٹولٹن برگ نے کہا تھا کہ چین کی طرف سے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے ساتھ ساتھ خلائی اور سائبر جنگی صلاحیتوں میں اضافہ عالمی امن کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ تاہم چین نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کو عقلیت پسندی سے کام لینا چاہیے۔

[pullquote]فرانس اور مصر کے مابین بڑا مالیاتی معاہدہ[/pullquote]

فرانس اور مصر نے آٹھ ارب یورو کے ایک سرمایا کاری پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس تین نکاتی پروگرام کے تحت ٹرانسپورٹشن اور توانائی کے متبادل ذرائع کے شعبہ جات میں سرمایا کاری کی جائے گی۔ اس فنڈنگ کی پہلی قسط آٹھ سو ملین یورو سے قاہرہ میٹرو سسٹم کے لیے نئی بوگیاں خریدی جائیں گی۔ یہ رقوم آئندہ چار برسوں میں مصر کو دی جائیں گی۔

[pullquote]فلپائنی صدر کے خلاف عالمی عدالتی کارروائی ممکن[/pullquote]

منشیات فروشوں کے خلاف پرتشدد ریاستی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کو بین الاقوامی عدالت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ عالمی عدالت کی چیف پراسیکیوٹر کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ ان کے مطابق ڈوٹیرٹے کی حکومت میں کم ازکم چھ ہزار مشتبہ ڈرگ ڈیلرز کو بلا کسی قانونی کارروائی کے ہلاک کیا جا چکا ہے، جو انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں تصور کیا جا سکتا ہے۔

[pullquote]کورونا سے صاف، چینی شہر ووہان میں اسٹوڈنٹس کا اجتماع[/pullquote]

چینی شہر ووہان میں کورونا لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد اسٹوڈنٹس نے پہلی مرتبہ گریجویشن تقریب میں شرکت کی ہے۔ اس دوران کسی نے ماسک نہیں پہنا، جو اشارہ ہے کہ جس شہر سے یہ عالمی وبا شروع ہوئی تھی، اب وہ شہر بالکل محفوظ ہو چکا ہے۔ اس چینی شہر میں دنیا کا سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ سن دو ہزار انیس کے اواخر میں اس عالمی وبا کا آغاز اسی شہر سے ہوا تھا، جو اب دنیا بھر میں پھیل چکی ہے اور زیادہ تر ممالک ابھی تک اس پر قابو نہیں پا سکے۔

[pullquote]برطانیہ، کورونا لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ ہفتے بعد[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ میں کورونا لاک ڈاؤن کے ختم کرنے کے بارے میں فیصلہ ایک ہفتے بعد یعنی اکیس جون کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزید کیسوں کے سامنے آنے کے بعد احتیاطی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ لندن حکومت کے مطابق ان سات دنوں میں مزید کئی ملین شہریوں کو ویکسین دی جائے گی، جس سے صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔ یہ امر اہم ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران برطانیہ میں کووڈ انیس کے نئے کیسوں کی تعداد ڈرامائی طور پر کم ہوئی ہے۔

[pullquote]امریکی صدر یورپی اتحادیوں کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش میں[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن کی کوشش ہے کہ وہ روسی صدر ولادی میر پوٹن سے سمٹ سے پہلے یورپی اتحادیوں کے ساتھ تجارتی کشیدگیوں کو کم کر لیں۔ برطانیہ میں جی سیون سمٹ میں شرکت کے بعد انہوں نے برسلز میں نیٹو کی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی۔ آج وہ یورپی کونسل کے صدر شارل میشل اور یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈئیر لائن سے بھی ملیں گے۔ بدھ کے دن امریکی صدر جنیوا میں اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وہ یورپی اتحادیوں کا اعتماد حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ روس کے خلاف متفقہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

[pullquote]افغانستان میں تشدد مزید لوگوں کو بے گھر کر سکتا ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد پیدا ہونے والے تشدد کی وجہ سے مزید لوگ بے گھر ہو سکتے ہیں۔ عالمی ادارے کے مہاجرین سے متعلق ادارے کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے کہا ہے کہ اس ممکنہ پیش رفت کے مد نظر خصوصی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے تاکہ حالات قابو سے باہر نہ ہوں۔ افغانستان میں بے گھر افراد کی تعداد چار اعشاریہ آٹھ ملین ہے جبکہ ڈھائی ملین افغان ملک بدر ہونے پر بھی مجبور ہوئے ہیں۔ طے شدہ پروگرام کے تحت گیارہ ستمبر تک افغانستان سے تمام تر غیر ملکی افواج کا انخلا ہو جائے گا۔

[pullquote]کورونا وبا نے یورپی یونین میں کرپشن میں اضافہ کر دیا[/pullquote]

کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے یورپی یونین میں کریشن میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مزید کہا ہے کہ اس بحران کی وجہ سے لوگ طبی خدمات حاصل کرنے کی خاطر رشوت کا استعمال بھی کر رہے ہیں اور یورپ کی کچھ حکومتیں اس وبا کو اپنے مقاصد کے حصول کی خاطر بھی استعمال کر رہی ہیں۔ اس ادارے کی سالانہ رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ بالخصوص صحت کے شعبے میں کرپشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس رپورٹ کی تیاری کے لیے ای یو کے ستائیس رکن ممالک میں سے چالیس ہزار افراد کے انٹرویوز بھی کیے گئے۔

[pullquote]افغان جنگی مشن برقرار رکھنے کے لیے امریکی مدد درکار ہو گی، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد اس شورش زدہ ملک میں ترک فوجی دستے متعین رکھنے کی خاطر امریکا سے انتظامی، مالی اور سفارتی مدد درکار ہو گی۔ نیٹو رکن ملک ترکی کے صدر نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں وہ پاکستان اور ہنگری کی مدد بھی چاہیں گے۔ کابل میں تعینات یہ ترک دستے دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔ تاہم طالبان نے کہا ہے کہ غیر ملکی افواج کے ساتھ ترکی فوجیوں کو بھی ملک سے نکل جانا چاہیے۔

[pullquote]برطانیہ اور آسٹریلیا آزاد تجارتی معاہدے پر متفق ہو گئے[/pullquote]

برطانیہ اور آسٹریلیا آزاد تجارتی معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ آسٹریلوی وزیر تجارت ڈین ٹہان نے منگل کے دن میڈیا سے گفتگو میں اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ کا یہ پہلا عالمی معاہدہ ہے۔ برطانوی اور آسٹریلوی وزرائے اعظم کے مطابق یہ ڈیل ملازمتوں کے مواقع بڑھائے گی، بزنس میں خوشحالی لائے گی اور ساتھ ہی آزاد تجارت کے لیے نئے مواقع بھی فراہم کرے گی۔ اس ڈیل کی تفصیلات جلد ہی عام کر دی جائیں گی۔

[pullquote]ویت نام میں آتشزدگی، چھ افراد مارے گئے[/pullquote]

ویت نام میں ایک تین منزلہ عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں چھ افراد مارے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں ایک حاملہ خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ گزشتہ رات وینہ سٹی میں اس وقت رونما ہوا، جب لوگ سو رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ فائر فائٹرز جلد ہی وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہیں آگ پر قابو پانے میں دو گھنٹے لگے۔ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کہ آتشزدگی کی وجہ کیا بنی۔

[pullquote]یورو کپ، جرمنی اور فرانس مد مقابل[/pullquote]

یورپی فٹ بال چیمپئن شپ یورو کپ کے سلسلے میں آج جرمنی اور فرانس کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ یورپ کی دو بہترین ٹیموں کے مابین پیرس میں ہونے والا یہ مقابلہ انتہائی کانٹے دار ہو گا۔ آج گروپ ایف کا ایک اور اہم میچ میں دفاعی چیمپئن پرتگال اور ہنگری کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے آئیں گی۔ گزشتہ شب سابق عالمی چیمپئن سپین اور سویڈن کے مابین کھیلے جانے والا میچ صفر صفر پر اختتام پذیر ہوا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے