ہفتہ : 19 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]داعش سے تعلق کے شبے میں سڈنی میں ایک شخص گرفتار[/pullquote]

آسٹریلوی پولیس نے سوشل میڈیا پر شدت پسندانہ بیانات پوسٹ کرنے والے ایک شخص کو دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا رکن ہونے کے الزام کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق اس شخص کے قبضے سے دھماکاخیز مواد تیار کرنے کی تراکیب بھی برآمد ہوئی ہیں۔ آسٹریلیا کی وفاقی پولیس اور نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اس 24 سالہ ملزم کا نام ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ یہ گرفتاری سات ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد کی گئی۔ اگر اس ملزم پر یہ الزام ثابت ہوتا ہے، تو اسے دس برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

[pullquote]لبنانی سیاست دانوں پر پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں، یورپی یونین[/pullquote]

یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ اگر لبنان میں سیاسی بحران حل نہیں ہوتا، تو سیاست دانوں پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ یورپی یونین کے سربراہ برائے خارجہ امور جوزیف بوریل نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران لبنانی دارالحکومت بیروت میں صدر میشل عون سے ملاقات کے بعد کہا کہ وہ تمام سیاست دان جو سیاسی بحران کا باعث بن رہے ہیں، ان پر یورپی یونین پابندیاں عائد کر سکتی ہے۔ اس سے قبل لبنانی میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ فرانس نے یورپی یونین میں ایک مسودہ جمع کرایا ہے، جس کے تحت متعدد لبنانی سیاست دانوں کی یورپی یونین میں داخلے پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔

[pullquote]نئے ایرانی صدر کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں کے تناظر میں تفتیش ہونا چاہیے، ایمنسٹی[/pullquote]

حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مطالبہ کیا ہے کہ نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق تفتیش ہونا چاہیے۔ ایمنسٹی نے الزام عائد کیا کہ رئیسی مبنی طور پر انسانیت کے خلاف جرائم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے ہفتے کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں جس کے خلاف تشدد، جبری گمشدگیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کی تفتیش ہونا چاہیے تھی، اسے صدر بنا دیا گیا ہے۔ ایمنسٹی نے الزام عائد کیا کہ رئیسی 1988 میں بطور نائب پراسیکیوٹر ملک میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور تشدد کے لیے بنائے گئے ’ڈیتھ کمیشن‘ کے رکن تھے۔

[pullquote]خشک سالی کی وجہ سے شام میں خوراک کے بحران کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں گزشتہ ایک ماہ سے بارش نہیں ہوئی ہے، جس کی وجہ سے وہاں بھوک کا مسئلہ مزید گھمبیر ہو سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں شام میں رواں برس گندم کی فصل ’بہت کم‘ ہو گی۔ ادارہ برائے خوراک کے شام کے لیے نمائندے میشل روبسن نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ کئی مقامات پر گندم کی فصل میں قریب نصف کی کمی ہو سکتی ہے۔ روبسن نے یہ نہیں بتایا کہ شام کے کون کون سے علاقے خشک سالی سے شدید متاثر ہوئے ہیں، تاہم اس جنگ زدہ ملک میں گندم کی پیداوار میں نیم خودمختار کرد علاقے اہم ترین ہیں۔

[pullquote]مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج اور میزائلوں کی تعداد میں کمی[/pullquote]

امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تعینات اپنے فوجیوں کی تعداد میں کمی کر رہا ہے۔ اس سے قبل امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک خبر میں بتایا تھا کہ امریکا مشرق وسطی سے میزائل شکن نظام پیٹریاٹ کی آٹھ بیٹریاں بھی نکال رہا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ میزائل شکن نظام کویت، اردن اور سعودی عرب سے نکالا جا رہا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ اس میزائل شکن نظام کی ہر بیٹری کو چلانے کے کام میں سینکڑوں فوجی اور سویلین اہلکار شامل ہوتے ہیں۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ سے کچھ فوجی یونٹس کو دیگر ممالک میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں کم جونگ اُن نے نئے اور سخت پارٹی ضوابط متعارف کروا دیے[/pullquote]

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے حکمران ورکرز پارٹی میں نئے اور سخت پارٹی ضوابط متعارف کروائے ہیں۔ سرکاری میڈیا کی جانب سے ہفتے کے روز بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں حکمران جماعت کا ایک اجلاس ہوا جس کے چوتھے اور آخری روز پارٹی کے انتظامی اور نظریاتی امور پر بات چیت کی گئی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے متعدد پارٹی رہنماؤں کے ’طرز زندگی‘ پر اعتراض کیا۔ اس اجلاس میں کم جونگ اُن نے ملک میں خوراک کی قلت کی وجہ کورونا کی وبا اور گزشتہ برس آنے والے سمندری طوفان کو قرار دیا۔ حکمران کمیونسٹ جماعت کا یہ اجلاس منگل کو شروع ہوا تھا۔

[pullquote]ایران میں سخت تر نظریات کے حامل سابق جج صدارتی انتخابات کے فاتح[/pullquote]

ایران میں گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں سابق جج اور انتہائی قدامت پسند نظریات کے حامل ابراہیم رئیسی فتح یاب رہے ہیں۔ ان کے حریف اور اعتدال پسند صدارتی امیدوار عبدالناصر ہمتی نے شکست تسلیم کرتے ہوئے رئیسی کو فتح کی مبارک باد دی۔ جمعے کے روز ہونے والے ان انتخابات میں لاکھوں ایرانی شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ان انتخابات میں مرکزی نکتہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر اقتصادی مسائل تھے۔ ایرانی ٹی وی چینلز کے مطابق ان انتخابات میں ٹرن آؤٹ تقریباﹰ 37 فیصد رہا، تاہم ایرانی وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں کوئی اعدادوشمار اب تک جاری نہیں کیے ہیں۔

[pullquote]چانسلر میرکل اور صدر ماکروں اہم مسائل کے خلاف مشترکہ لڑائی کے لیے پرعزم[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر امانویل ماکروں نے کورونا کی وبا، ترکی اور روس جیسے معاملات پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی جانب سے یہ اعلان صدر ماکروں کے دورہء برلن کے موقع پر سامنے آیا۔ صدر ماکروں کا یہ دورہ اس لیے بھی اہم تھا کیوں کہ اگلے ہفتے یورپی یونین کا سربراہی اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ رواں برس یہ پہلا موقع تھا کہ ایک غیرملکی رہنما جرمنی پہنچا۔ ملاقات میں چانسلر میرکل نے روس کو ’ایک اہم چیلنج‘ قرار دیا۔ چانسلر میرکل نے روس کے ساتھ بات چیت کے آغاز پر امریکی صدر جوبائیڈن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

[pullquote]پیرو میں کان کنوں کی بس کو حادثہ، کم از کم 27 ہلاکتیں[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک پیرو میں جمعے کے روز ایک پہاڑی علاقے میں کان کنوں کو لے جانے والی ایک بس گہری کھائی میں جا گری۔ اس واقعے میں بس پر سواور کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت بس میں سوار کان کن سو رہے تھے اور ایسے میں بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر چار سو میٹر گہری کھائی میں جا گری۔ بتایا گیا ہے کہ 16 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

[pullquote]فائزر بائیون ٹیک ویکسین کا اینٹی باڈی ردعمل سینوویک سے بہتر، تحقیق[/pullquote]

ہانگ کانگ میں کی گئی ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق کورونا وائرس کے لیے استعمال کی جانے والی فائزر – بائیو این ٹیک ویکسین کی وجہ سے پیدا ہونے والے اینٹی باڈیز کی تعداد چینی ویکسین سینوویک کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ یہ تحقیق آج ہفتے کے روز ساؤتھ چائنا مارنگ پوسٹ میں شائع ہوئی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سینوویک لگوانے والے افراد کو کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے شاید تیسری خوراک بھی درکار ہو۔ اس سلسلے میں ایک ہزار افراد کا مطالعہ کیا گیا۔ اس سے قبل انڈونیشیا نے بتایا تھا کہ سینوویک ویکسین لگوانے کے باوجود تین سو پچاس میڈیکل ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

[pullquote]افغان امن مذاکرات میں کوئی اہم پیش رفت اب تک نہیں ہوئی، قطری وزیرخارجہ[/pullquote]

قطری وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان نے کہا ہے کہ قطر میں جاری افغان امن مذاکرات میں کوئی اہم پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ جمعے کے روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دوحہ میں جاری ان مذاکرات کا ہدف یہ ہے کہ کابل حکومت اور طالبان کے درمیان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے کوئی اتفاق رائے پیدا ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کی وجہ سے بھی ان مذاکرات کو وقت کی کمی کا دباؤ لاحق ہو گیا ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے