پیر : 21 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کشمیری رہنماؤں کو مودی سے ملاقات کی دعوت[/pullquote]

بھارتی حکومت نے اپنے زیر انتظام کشمیر کے چار سابق وزرائے اعلیٰ سمیت 14 ہند نواز رہنماؤں کو نئی دہلی آنے کی دعوت دے دی ہے۔ دعوت نامے کے مطابق اس ملاقات میں کشمیر کی سیاسی صورت حال پر 24 جون جمعرات کو بات چيت ہو گی۔ اس میٹنگ کی صدارت وزير اعظم نریندر مودی کریں گے۔ بھارتی میڈیا کی خبروں کے مطابق اس ملاقات کا مقصد کشمیر میں سیاسی عمل کو شروع کرنا ہے اور ممکن ہے کہ اسمبلی انتخابات کا راستہ بھی یہیں سے نکلے۔ بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کشمیر کو پھر سے ریاست کا درجہ دینے کی بات ہو رہی ہے اور اسی پر صلاح و مشورے کے لیے ان رہنماؤں کو بات چیت کے لیے دعوت دی گئی ہے۔

[pullquote]ترکی میں اپوزیشن جماعت کو کالعدم قرار دینے کی کارروائی[/pullquote]

ترکی کی آئینی عدالت نے کرد نواز حزب اختلاف کی جماعت ایچ ڈی پی پر پابندی عائد کرنے کی درخواست قبول کر لی ہے۔ ایچ ڈی پی اس وقت ترک پارلیمان میں دوسری سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ تین سال قبل انہیں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں 11.7 فیصد ووٹ ملے تھے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن اس جماعت کو کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کا سیاسی بازو سمجھتے ہیں جبکہ ایچ ڈی پی ایسے الزامات کو مسترد کرتی ہے۔ کردستان ورکرز پارٹی کو یورپ اور امریکا نے بھی دہشت گرد جماعت قرار دے رکھا ہے۔

[pullquote]ایران کا واحد جوہری توانائی پلانٹ بند[/pullquote]

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ملک کے واحد جوہری توانائی پلانٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ایران نے ہنگامی بنیادوں پر بوشہر نیو کلیئر پاور پلانٹ کو بند کرنے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں کہ یہ پلانٹ کیوں بند ہوا ہے۔ ایران اس حوالے سے زیادہ تر معلومات ابھی خفیہ رکھ رہا ہے۔ یہ جوہری توانائی پلانٹ ایران کے جنوبی ساحلی شہر بوشہر میں واقع ہے جس کی تعمیر کا کام سن 1970 میں شروع ہوا تھا۔ بعد میں روس کی مدد سے اس کی تعمیر مکمل ہوئی تھی اور سن 2011 میں اس نے کام کرنا شروع کیا۔

[pullquote]طالبان نے مزید چھ اضلاع پر قبضہ کر لیا[/pullquote]

طالبان نے کابل حکومت کے خلاف عسکری دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انہوں نے مزید چھ اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔ متعدد حکومتی اہلکاروں نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب طالبان جنگجو ملک کے شمال میں تخار اور فاریاب کی صوبائی دارالحکومتوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ یکم مئی کو افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کا آغاز ہوا تھا اور اس کے بعد سے مجموعی طور پر طالبان اکتالیس اضلاع پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔ افغانستان کے چونتیس صوبے تقریبا چار سو اضلاع میں تقسیم ہیں۔

[pullquote]اسرائیل کی جانب سے ایرانی صدر کے انتخاب پر شدید تنقید[/pullquote]

اسرائیل کی جانب سے ایران میں قدامت پسند سیاستدان ابراہیم رئیسی کے صدر منتخب ہونے پر شدید تنقید کی گئی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے ان کے انتخاب کو ’’بڑی طاقتوں کے لیے آخری اشارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جوہری معاہدے سے دستبردار ہو جائیں۔‘‘ اسرائیلی وزیراعظم نے ابراہیم رئیسی پر الزام عائد کیا کہ وہ ہزاروں حکومت مخالفین کی پھانسیوں کے ذمہ دار ہیں۔ دوسری جانب نو منتخب ایرانی صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ہی’انسانی حقوق کا دفاع‘ کیا ہے۔ ساٹھ سالہ قدامت پسند رہنما ابراہیم رئیسی ایک ایسے وقت میں ایران کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جب تہران اور بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ابراہیم رئیسی کو ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔

[pullquote]مہاجرین کے حوالے سے ترکی کے ساتھ ایک نیا معاہدہ چاہتے ہیں، جرمنی[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق یورپی یونین مہاجرین کے حوالے سے ترکی کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کرنا چاہتی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ کے مطابق یورپی یونین کی خواہش ہے کہ انقرہ کے ساتھ سابقہ مہاجرین معاہدے کو وسعت دی جائے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکی نے مہاجرین کا کافی بوجھ اٹھا رکھا ہے اور اس بات کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ ترکی تقریبا چالیس لاکھ افراد کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے معاہدے کے تحت ترکی کو مزید رقوم فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ مہاجرین کی ضروریات پوری کر سکے۔

[pullquote]جرمنی میں حکومتی اتحاد حماس کے پرچم پر پابندی عائد کرنے کا خواہش مند[/pullquote]

جرمن مخلوط حکومت میں شامل تینوں سیاسی جماعتیں ملک میں حماس کے پرچم پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ حکومتی اتحاد میں سی ڈی یو، سی ایس یو اور ایس پی ڈی شامل ہیں۔ ایک پارلیمانی ترجمان کے مطابق اس حوالے سے آئندہ ہفتے قانون میں تبدیلی کے لیے پارلیمان میں ووٹنگ کروائی جائے گی۔ اس طرح جرمنی میں ان جماعتوں کا مواد پھیلانے پر سزائیں سنائی جا سکیں گی، جنہیں یورپی یونین نے دہشت گردی کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔ ابھی تک صرف ان جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہے، جنہیں برلن حکومت نے کالعدم قرار دے رکھا ہے۔

[pullquote]افغان صدر اپنے امریکی ہم منصب سے اہم ملاقات کریں گے[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے بات چیت کے لیے امریکا کے دورے پر جانے والے ہیں۔ آئندہ جمعے کے روز افغان صدر اور جو بائیڈن کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہو گی۔ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر افغانستان کو سفارتی، معاشی اور ہر طرح کی انسانی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کریں گے تاکہ ملک کو دوبارہ شدت پسندوں کا ٹھکانہ بننے سے بچایا جا سکے۔ اس دورے میں قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبداللہ بھی اشرف غنی کے ہمراہ ہوں گے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بعض سینیئر افغان حکام امریکا سے سکیورٹی کی ضمانت چاہتے ہیں۔ دوسری جانب افغان طالبان نے کہا ہے کہ اس دورے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

[pullquote]میکسیکو سرحد پر فائرنگ، کم از کم 18 افراد ہلاک[/pullquote]

میکسیکو اور امریکا کے مابین سرحد پر ہونے والی فائرنگ کے تازہ واقعے میں چار حملہ آوروں سمیت کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس واقعے کے بعد میکسیکو کے سرحدی شہر رینوزا میں خوف کی لہر پھیل گئی ہے۔ مختلف جرائم پیشہ گروپ امریکا میں منشیات، ہتھیار اور افراد کو اسمگل کرنے کے لیے مختلف راستوں پر اپنا کنٹرول کرنے کے لیے ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرا رہتے ہیں اور ان کے درمیان اکثر خونریز جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ تشدد کے حوالے سے میکسیکو کا شمار دنیا کا بدترین ممالک میں ہوتا ہے۔ اس ملک میں سن 2019 میں قتل کے 34681 واقعات اور سن 2020 میں 34554 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ میکسیکو میں قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات، عدم استحکام اور بدعنوانی کی اونچی سطح کے سبب بعض امریکی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناکام ریاست بننے کی راہ پر گامزن ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے