منگل : 22 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنسی استحصال: پوپ ٹھوس اقدامات کریں، اقوام متحدہ کے ماہرین کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ماہرین نے ویٹیکن پر الزام لگایا ہے کہ وہ بچوں کے جنسی استحصال کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پوپ فرانسس کو لکھے گئے ایک خط میں اقوام متحدہ کے چار خصوصی نمائندوں نے کیتھولک چرچ میں بچوں کے جنسی استحصال کے حوالے سے اپنی ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔ ان ماہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ چرچ کی جانب سے مشتبہ مجرمان کی حفاظت اور ان کے جرائم کی پردہ پوشی کی کوشش کی گئی۔ اس کا نتیجہ بالآخر ’استثنیٰ‘ اور ’متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد‘ کی صورت میں نکلا۔

[pullquote]یورپی یونین کی میانمار کے خلاف نئی پابندیاں[/pullquote]

یورپی یونین نے میانمار کی فوجی جنتا پر جمہوریت نواز مظاہرین کے خلاف پرتشدد کارروائیاں بند کرنے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔ اس ستائیس رکنی بلاک نے میانمار کے آٹھ اعلیٰ عہدیداروں پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے چار نیم فوجی ’اقتصادی اداروں‘ کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔ فوج کے کنٹرول والی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا مقصد فوجی جنتا کو مالی لحاظ سے نقصان پہنچانا ہے۔ یہ نئی پیش رفت ایک ایسے وقت ہوئی ہے، جب میانمار کی فوج روس اور چین کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کر رہی ہے۔ اندازوں کے مطابق میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے 860 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ساڑھے چار ہزار سے زائد جیلوں میں ہیں۔

[pullquote]ترکی کے ساتھ مہاجرین سے متعلق معاہدے کی تجدید ضروری، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمنی اور اٹلی نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین اور ترکی کے مابین پناہ گزینوں کے معاہدے کی تجدید کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جانا ضروری ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا اطالوی وزیراعظم ماریو دراگی سے ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ اس حوالے سے جلد ہی ترکی سےحتمی مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ان دونوں رہنماؤں نے تسلیم کیا کہ ترکی پر مہاجرین کا بوجھ بہت زیادہ ہے اور اس کی مالی مدد انتہائی لازمی ہے۔ گزشتہ روز جرمن وزیر خارجہ نے بھی ترکی کو مزید امدادی رقوم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس حوالے سے مزید مشاورت آئندہ ہفتے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں ہو گی۔

[pullquote]بیلسٹک میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، نو منتخب ایرانی صدر[/pullquote]

ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی کے مطابق ملکی بیلسٹک میزائل پروگرام پر کسی سمجھوتے یا گفت و شنید کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اپنی پہلی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ پابندیاں عائد رہنے تک وہ اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات نہیں کریں گے۔ تاہم انہوں نے جوہری معاہدے کی تجدید کے لیے مغربی ممالک سے ہونے والی بات چیت کا خیر مقدم کیا مگر ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں ہر صورت قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔ انسانی حقوق کے مبینہ خراب ریکارڈ کی وجہ سے امریکا نے جن شخصیات پر پابندیاں عائد کر رکھی ہيں، ان میں ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی کا نام بھی شامل ہے۔

[pullquote]بائیڈن سے ملاقات، سفارتی تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن سے ان کی حالیہ ملاقات سے دونوں ملکوں کے درميان سفارتی تعلقات کے ایک ’نئے دور‘ کا آغاز ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین مختلف سیاسی اور علاقائی امور پر اختلافات کے باوجود ترک رہنما نے ملاقات کے بعد باہمی تعلقات میں بہتری کی اُمید ظاہر کی ہے۔ دونوں رہنماوں نے گزشتہ ہفتے برسلز میں نیٹو سربراہی کانفرنس کے دوران ملاقات کی تھی۔ تاہم مبصرین کے مطابق ایردوآن کے مثبت تبصروں کے باوجود دونوں ممالک کے مابین مختلف سیاسی اور علاقائی امور پر گہرے اختلافات اب بھی موجود ہیں۔

[pullquote]بچوں کے خلاف جنسی تشدد میں تیزی سے اضافہ، اقوام متحدہ[/pullquote]

سن دو ہزار بیس کے دوران مسلح بحران زدہ علاقوں میں بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے اور انہیں اغوا کرنے کے واقعات میں حیران کن اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا سے متاثرہ گزشتہ سال میں جنسی زیادتیوں میں نوے فیصد جبکہ اسی نوعيت کے دیگر جرائم میں ستر فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔ مجموعی طور پر انیس ہزار سے زائد ایسے واقعات رجسٹر کیے گئے۔ آٹھ ہزار سے زائد واقعات میں یا تو بچوں کو قتل کر دیا گیا یا پھر انہیں جان لیوا حد تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس حوالے سے سرفہرست ممالک افغانستان، شام، یمن اور صومالیہ ہیں۔

[pullquote]دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور زیادہ ہو گئیں[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 ویں اجلاس کے آغاز پر دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں ایک خصوصی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق چین، روس، بیلاروس، ایتھوپیا اور میانمار میں صورت حال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق حالیہ کچھ برسوں کے دوران دنیا بھر میں انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔ رپورٹ میں انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی کی آبادی میں مزید کمی ہو گئی، رپورٹ[/pullquote]

تقریباً دس برسوں میں پہلی بار جرمنی کی آبادی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سن دو ہزار بیس کے اواخر تک جرمنی میں مقیم افراد کی تعداد تيراسی اعشاریہ دو ملین تھی۔ اس سے ایک سال پہلے کی نسبت یہ تعداد بارہ ہزار کم بنتی ہے۔ جرمنی میں وفات پانے والے عمر رسیدہ افراد کی تعداد زیادہ جبکہ شرح پیدائش کم ہو رہی ہے۔ آبادی میں کمی کی دوسری وجہ امیگریشن کرنے والے افراد کی کم ہوتی ہوئی تعداد ہے۔ سن انیس سو بہتر کے بعد سے مہاجرین اس ملک میں آبادی کی کمی کو پورا کر رہے ہیں۔

[pullquote]ویکیسن لگوانے سے انکار کرنے والوں کو جیل بھیجا جائے گا، فلپائن کے صدر[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکیسن لگوانے سے انکار کرنے والوں کو جیل بھیجا جا سکتا ہے۔ فلپائن ملک میں کورونا وائرس کی نئی اقسام کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات متعارف کروا رہا ہے۔ ڈوٹیرٹے کا کہنا تھا کہ یہ ایمرجنسی کی صورتحال ہے اور اگر ویکیسن لگوانے سے انکار کیا گیا تو ایسے لوگوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ فلپائن کے صدر نے دیہات کے سربراہان کو انکار کرنے والے افراد کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے