ايران ميں سينکڑوں قيديوں کے ليے عام معافی کا اعلان
ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے 5,156 قيديوں کے ليے عام معافی کا اعلان کر ديا ہے۔ اس سلسلے ميں خامنہ ای کی سرکاری ويب سائٹ پر آج بروز ہفتہ بيان جاری کيا گيا۔ فوری طور پر معاف کيے جانے والے افراد کی شناخت واضح نہيں اور نہ ہی يہ کہ ان کی سزا کی مدت کم کی گئی ہے يا انہيں رہا کر ديا جائے گا۔ يہ اعلان امام رضا کی تاريخ پيدائش کے احترام ميں کيا گيا جو اس ہفتے منگل کو گزر چکی ہے۔ شيعہ مسلمانوں کے ليے يہ دن مقدس تصور کيا جاتا ہے۔ سپريم ليڈر ہر سال اس موقع پر قيديوں کے ليے معافی کا اعلان کرتے ہيں۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اوہايو ميں ريلی
سابق امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اوہايو ميں ايک ريلی سے خطاب کر رہے ہيں۔ واشنگٹن ميں کيپيٹل ہل پر ان کے حاميوں کی جانب سے دھاوا بولے جانے کے واقعے کے بعد يہ پہلا موقع ہے کہ ٹرمپ کسی سياسی اجتماع سے خطاب کريں گے۔ توقع ہے کہ وہ موجودہ صدر جو بائيڈن کی اميگريشن اور اقتصادیات سے متعلق پاليسيوں کو تنقيد کا نشانہ بنائيں گے۔ ٹرمپ کی اوہايو کے بعد آنے والے دنوں ميں مزيد دو ريليوں ميں شرکت متوقع ہے۔
امريکا انخلاء کے بعد بھی افغانستان کی مدد جاری رکھے گا، بائيڈن
صدر جو بائيڈن نے اعلیٰ افغان قيادت کو يقين دہانی کرائی ہے کہ امريکا ان کے ملک کی مدد جاری رکھے گا۔ افغان صدر اشرف غنی اور مصالحتی کونسل کے صدر عبداللہ عبداللہ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس ميں بائيڈن سے ملاقات کی۔ امريکی صدر نے افغان قيادت سے کہا کہ امريکا کی طويل ترين جنگ سميٹنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ غنی اور عبداللہ نے پينٹاگون ميں امريکی وزير دفاع لائڈ آسٹن سے بھی ملاقات کی اور کئی سينيٹرز سے بھی۔ رواں سال ستمبر تک افغانستان سے تمام غير ملکی فوجی دستوں کا انخلاء مکمل ہو جائے گا۔ طالبان نے اپنے حملے بڑھا ديے ہيں اور غير ملکی افواج کے انخلاء کے بعد سلامتی کے صورتحال کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہيں۔
جارج فلوئیڈ کے قاتل پوليس افسر کو ساڑھے بائيس سال قيد کی سزا
امريکا ميں سابق پوليس آفيسر ڈيرک شاوين کو ساڑھے بائيس سال قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔ انہيں سياہ فام امريکی شہری جارج فلوئیڈ کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال اور ان کی ہلاکت کی وجہ سے يہ سزا سنائی گئی ہے۔ سابق پوليس افسر پر اپنے اختيارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پہلے بھی لگ چکے ہيں مگر ان پر کوئی کارروائی نہيں کی گئی تھی۔ جمعے کو جب ميناپولس کی ايک عدالت ميں انہيں يہ سزا سنائی گئی، تو شاوين نے اپنے مختصر بيان ميں فلوئیڈ کے اہل خانہ سے تعزيت کی۔ گزشتہ برس پچيس مئی کو پيش آنے والے اس واقعے کے بعد پوليس کی متنازعہ کارروائيوں کے خلاف امريکا بھر ميں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔
جوليان اسانج جيل ميں شادی کريں گے
وکی ليکس کے بانی جوليان اسانج اپنی پارٹنر اسٹيلا مورس سے شادی کر رہے ہيں۔ انہوں نے يہ بات ايک خصوصی انٹرويو ميں بتائی ہے۔ اسانج اور مورس کی شادی کی تقريب جيل کے اندر ہی منعقد ہو گی۔ وہ اس وقت لندن کی انتہائی سخت سکيورٹی والی بيلمارش جيل ميں قيد ہيں۔ اسانج نے بتايا کہ اس سلسلے ميں دونوں نے کاغذی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسانج کے بقول ابھی تک شادی کی تاريخ طے نہيں ہوئی ہے۔ آسٹريلوی صحافی اور اسٹيلا مورس کی منگنی سن 2016 ميں ہوئی تھی، جس وقت وہ ايکواڈور کے سفارت خانے ميں پناہ ليے ہوئے تھے۔ دونوں کے دو بچے بھی ہيں۔
جرمنی ميں چاقو سے حملے کی واردات، تين افراد ہلاک
جنوبی جرمن رياست باويريا کے شہر وورزبرگ ميں ايک نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے تين افراد کو قتل اور پانچ ديگر کو زخمی کر ديا ہے۔ يہ واقعہ جمعے کی شب پيش آيا۔ زخميوں ميں سے دو کی حالت نازک ہے۔ پوليس نے حملہ آور کی ٹانگ ميں گولی مار کر اسے گرفتار کر ليا تھا۔ ابتدائی تفتيش کے بعد پتا چلا ہے کہ حملہ آور کا تعلق صوماليہ سے ہے اور وہ چھ برس سے جرمنی ميں مقيم تھا۔ ان دنوں وہ بے گھر افراد کی ايک پناہ گاہ ميں رہائش پذير تھا۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ شايد اس کا دماغی توازن درست نہیں تھا۔ عينی شاہدين نے پوليس کو بتايا کہ مشتبہ حملہ آور نے اپنی کارروائی سے قبل اللہ اکبر کا نعرہ بھی لگايا مگر اس کی تفتيش ابھی جاری ہے۔
کورونا لاک ڈاؤن، آسٹريليا کا سب سے بڑا شہر ويران
آسٹريليا کے سب سے بڑے شہر سڈنی ميں آج سے دو ہفتوں کے ليے مکمل لاک ڈاؤن پر عملدرآمد شروع ہو گيا ہے۔ شہر ميں بھارت سے پھيلنے والی کووڈ انيس کی ڈيلٹا نامی قسم پھيل رہی ہے۔ لاک ڈاؤن سے قريب پانچ ملين شہری متاثر ہو رہے ہيں۔ قبل ازيں لاک ڈاؤن کو صرف کاروباری ڈسٹرکٹ تک محدود رکھا گيا تھا مگر کيسز ميں اضافے کے تناظر ميں اسے پورے شہر کے ليے نافذ کر ديا گيا۔ آسٹريليا کو ان ممالک کی فہرست ميں شامل کيا جاتا ہے، جنہوں نے وبا سے موثر انداز سے نمٹا۔ اس ملک ميں اب تک متاثرين کی تعداد تيس ہزار جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 910 ہے۔
جرمن شہريوں کی اکثريت عالمی سطح پر ملک کے موثر کردار کی حامی
جرمن شہريوں کی ايک بڑی تعداد عالمی سطح پر جرمنی کے زيادہ نماياں اور اہم کردار کی خواہاں ہے۔ فورسا ريسرچ انسٹيٹيوٹ کے ايک تازہ سروے ميں شامل چون فيصد لوگوں نے زيادہ موثر خارجہ پاليسی کے حق ميں فيصلہ ديا جبکہ بياليس فيصد اس کے خلاف تھے۔ اٹھارہ تا انتيس برس کے نوجوانوں ميں زيادہ موثر خارجہ پاليسی کے حامی زيادہ دکھائی ديے، ان کی شرح چوہتر فيصد رہی۔ ماحول دوست پارٹی کے حامی بھی زيادہ مکالمت اور عالمی امور ميں موثر کردار کے حامی ہيں۔ فورسا نے نو اور دس جون کو اس سروے کے ليے ايک ہزار سے زائد لوگوں سے ان کی رائے لی۔ آج ہی جرمنی ميں چانسلرشپ کے عہدے کے تينوں اميدوار عالمی سطح پر ملک کے کردار پر ايک مباحثے ميں بھی شرکت کر رہے ہيں۔
شام ميں امداد پہنچانے کے ليے سلامتی کونسل ميں نئی قرارداد
جمعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ميں ايک قرارداد پيش کی گئی، جس کے مسودے ميں ترکی اور عراق کے راستے شام ميں انسانی بنيادوں پر امداد کی فراہمی يقينی بنانے کی بات کی گئی ہے۔ اس وقت شام ميں امداد صرف باب الہوا کی گزر گاہ سے فراہم کی جا رہی ہے کيونکہ روس ديگر گزر گاہوں سے امداد کی فراہمی کو ويٹو کر چکا ہے۔ ناروے اور آئرلينڈ کی جانب سے پيش کردہ تازہ قرارداد ميں باب الہوا کے ساتھ اليعروبيا کی سرحدی گزر گاہ سے امداد کی فراہمی بحال کرنے کی بات کی گئی ہے۔ سلامتی کونسل کے رکن ممالک اس قرارداد پر آئندہ ہفتے بات چيت کريں گے۔
يورپی فٹ بال چيمپئن شب، ناک آؤٹ مرحلہ شروع
يورپی فٹ بال چيمپئن شب ميں آج ہفتے سے ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔ آج ڈنمارک اور ويلز کی قومی فٹ بال ٹيميں ايمسٹرڈيم کے اسٹيڈيم ميں زور آزمائيں گی۔ دن کا دوسرا ميچ لندن ميں اٹلی اور آسٹريا کی ٹيموں کے مابين کھيلا جائے گا۔ ويلز اور اٹلی کی ٹيميں اپنے اپنے ميچ جيتنے کے ليے فيورٹ قرار دی جا رہی ہيں۔ کورونا وبا کی وجہ سے اسٹيڈيم ميں شائقين کی محدود تعداد ہی پہنچ سکے گی۔