پیر : 28 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]موسمياتی تبديليوں سے نمٹنے کے ليے يورپ ميں قانون منظور[/pullquote]

يورپی يونين کے رکن ملکوں نے موسمياتی تبديليوں سے نمٹنے کے ليے آج ايک قانون کی حتمی منظوری دے دی ہے، جس کے نتيجے ميں تمام رکن ممالک زہريلی کاربن گيسوں کے اخراج ميں مقررہ کمی لانے کے پابند ہوں گے۔ سن 1990 کے مقابلے ميں سن 2030 تک ضرر رساں گيسوں کے اخراج ميں پچپن فيصد کمی کا ہدف مقرر کيا گيا ہے۔ اس سلسلے ميں ڈيل پر اتفاق رواں سال اپريل ميں ہی ہو گيا تھا ليکن اسے قانون کی شکل اب حاصل ہوئی ہے۔ اس پيش رفت کی بدولت ماحول کا تحفظ يورپی پاليسی سازی ميں مرکزی اہميت کا حامل ہو گيا ہے۔

[pullquote]نسل پرستی کا خاتمہ ضروری ہے، ميشيل باچليٹ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی سربراہ ميشيل باچليٹ نے کہا ہے کہ افريقی نژاد شہريوں يا سياہ فام افراد کے خلاف نسل پرستی دنيا کے کئی ملکوں ميں پائی جاتی ہے اور اس سے نمٹا جانا ضروری ہے۔ ہيومن رائٹس کونسل ميں پيش کردہ ايک تازہ رپورٹ ميں انہوں نے کہا ہے کہ يہ رجحان شمالی امريکا کے علاوہ يورپ اور لاطينی امريکا ميں نماياں ہے۔ ميشيل باچليٹ کے مطابق اقليتی گروپوں سے وابستہ افراد کی ہيلتھ کيئر، تعليم، ملازمت، انصاف اور کئی ديگر چيزوں تک رسائی ميں سب سے بڑی رکاوٹ نسل پرستی ہے۔ انہوں نے حکومتوں پر زور ديا کہ وہ اسے جھٹلانے کی بجائی، اس کے حل پر اپنی توجہ مرکوز کريں۔

[pullquote]چين: دنيا کا دوسرا سب سے بڑا ڈيم آج سے فعال[/pullquote]

پانی سے بجلی پيدا کرنے والا دنيا کا دوسرا سب سے بڑا ڈيم آج سے فعال ہو گيا ہے۔ جنوب مغربی چين ميں آج اس وسيع تر پلانٹ کے دو ابتدائی يونٹس کو چالو کيا گيا۔ دريائے جنشا پر قائم بايہٹن ڈيم ميں سولہ يونٹ ہيں، جو ايک ملين ميگا ٹن فی يونٹ بجلی پيدا کرنے کی صلاحت رکھتے ہيں۔ يہ ڈيم چينی حکومت نے تيار کروايا ہے۔ چين بجلی کے حصول کے ليے کوئلے پر دارومدار کی وجہ سے تنقيد کی زد میں رہتا ہے مگر اس ڈيم کے مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد سالانہ بيس ملين ٹن کوئلے کو جلانے سے بچا جا سکے گا۔

[pullquote]ايک اور جرمن شہر ميں چاقو سے حملہ[/pullquote]

مشرقی جرمنی کے شہر ایئرفورٹ ميں آج ايک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے دو افراد کو زخمی کر ديا ہے۔ متاثرين کی عمريں پينتاليس اور اڑسٹھ برس ہيں اور انہيں فوری طبی امداد کے ليے ہسپتال منتقل کر ديا گيا ہے۔ حملہ آور اپنی کارروائی کے بعد موقع سے فرار ہو گيا اور اس کی تلاش جاری ہے۔ يہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق پير کی صبح چھ بجے کے قريب پيش آيا۔ گزشتہ اختتام ہفتہ پر جنوبی جرمن رياست باويريا کے شہر وورزبرگ ميں ايک نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کرکے تين افراد کو قتل اور پانچ ديگر کو زخمی کر ديا تھا۔ اس واردات کی بھی تفتيش جاری ہے۔

[pullquote]ترکی اور آذربائيجان کی مشترکہ جنگی مشقيں[/pullquote]

آج سے ترکی اور آذربائيجان کی مشترکہ جنگی مشقيں شروع ہو گئی ہيں۔ ٹينکوں، ہيلی کاپٹروں اور ڈرون طياروں کی مدد سے يہ مشقيں آذربائيجان ميں جاری ہيں۔ اسی ماہ دونوں حليف ملکوں نے دفاعی تعلقات کو فروغ دينے پر اتفاق کيا تھا۔ گزشتہ برس نگورنو کاراباخ کے متنازعہ خطے ميں آرمينيا اور آذربائيجان کی جھڑپوں ميں ترکی نے آذربائيجان کی حمايت کی تھی۔

[pullquote]ڈھاکا ميں دھماکہ، سات افراد ہلاک[/pullquote]

بنگلہ ديشی دارالحکومت ميں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے ميں سات افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔ يہ دھماکہ رات کے وقت موگھ بازار کی ايک عمارت ميں ہوا۔ دھماکہ اس قدر شديد تھا کہ آس پاس کی سات عمارتوں کو اس سے نقصان پہنچا۔ پوليس کمشنر شفيق الاسلام نے سات افراد کی ہلاکت کی تصديق کر دی ہے۔ تفتيش کار اس دھماکے کے محرکات کے بارے ميں ابھی تک پتا نہيں لگا سکے ہيں۔

[pullquote]شام اورعراق ميں امريکی فضائيہ کے حملے، ہدف ايران نواز مليشيا[/pullquote]

صدر جو بائيڈن کے احکامات پر امريکی فوج نے شام اور عراق کی سرحد کے پاس کئی عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنايا ہے۔ پينٹاگون کے پريس سيکرٹری جان کربی نے بتايا کہ فضائی حملوں ميں ايرانی حمايت يافتہ مليشيا گروپوں کو ہدف بنايا گيا، جو مبینہ طور پر اپنے ٹھکانوں کو عراق ميں امريکی دستوں کو نشانہ بنانے کے ليے استعمال کر رہے تھے۔ کربی کے بقول شام ميں دو اور عراق ميں ايک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنايا گيا ۔ انہوں نے اسے ايک دفاعی کارروائی قرار ديا۔ ان حملوں ميں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ بائيڈن کے صدر بننے کے بعد سے يہ دوسرا موقع ہے کہ امريکی انتظاميہ نے شام يا عراق ميں باقاعدہ فوجی کارروائی کی۔

[pullquote]جموں ميں بھارتی فوجی بيس پر حملہ[/pullquote]

بھارتی پوليس نے دعویٰ کيا ہے کہ کشمير ميں ايک فوجی بيس پر امکاناً ڈرون طياروں کی مدد سے حملہ کيا گيا ہے۔ گزشتہ روز بھارت کے زير انتظام کشمير کے جنوبی حصے جموں ميں ايک فوجی ايئر بيس پر دو حملے ہوئے۔ ايک ميں ايک عمارت کو نقصان پہنچا اور دوسرا کھلے ميدان ميں ہوا۔ ان حملوں ميں فوجی ساز و سامان اور فوجيوں کو کوئی نقصان نہيں پہنچا۔ علاقائی پوليس کے ڈائريکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے ايک ملکی ٹيلی وژن چينل پر بات چيت کرتے ہوئے دعویٰ کيا کہ دونوں دھماکے ڈرون طياروں کی مدد سے کيے گئے۔ مذکورہ فوجی بيس سويلين ہوائی جہازوں کے بھی زير استعمال ہے مگر ان حملوں کی وجہ سے سروسز ميں کوئی خلل نہيں پڑا۔

[pullquote]مصر، اردن اور عراق کے سربراہان مملکت کی سمٹ[/pullquote]

مصر، اردن اور عراق کے سربراہان نے سکيورٹی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دينے پر اتفاق کيا ہے۔ يہ پيش رفت اتوار کو بغداد ميں منعقدہ ايک سہ فريقی سمٹ ميں ہوئی، جس ميں شرکت کے ليے کسی مصری سربراہ مملکت نے گزشتہ تين دہائيوں ميں پہلی مرتبہ عراق کا دورہ کيا۔ سربراہی اجلاس کا ايک مقصد يہ بھی ہے کہ عراق خطے ميں امريکا کے عرب اتحاديوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہتا ہے۔ فريقين نے شام، ليبيا، يمن اور فلسطين کے بارے ميں بھی تبادلہ خيال کيا۔ امريکا نے اس سمٹ اور اس ميں طے پانے والے معاملات کا خير مقدم کیا اور علاقائی ممالک کی باہمی تعلقات بہتر بنانے سے متعلق کوششوں کو سراہا ہے۔

[pullquote]روم ميں امريکی و اسرائيلی وزرائے خارجہ کی ملاقات[/pullquote]

اطالوی دارالحکومت روم ميں امريکی وزير خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے اسرائيلی ہم منصب يير ليپيڈ سے گزشتہ روز ملاقات کی۔ اسرائيلی وزير خارجہ نے يقين دہانی کرائی کے وہ اسرائيلی فلسطينی تنازعے کے حل کے ليے واشنگٹن انتظاميہ کے ساتھ کام کرنے کے ليے تيار ہيں۔ تاہم ايران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے ليے جاری امریکی صدر جو بائیڈن کی کوششوں پر انہوں نے عدم اطمينان کا اظہار کيا۔ بلنکن ان دنوں يورپی ممالک کے دورے پر ہيں جبکہ لپيڈ اٹلی کے بعد متحدہ عرب امارات جا رہے ہيں۔ سابق امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو کے ادوار کے بعد دونوں حليف ممالک کی حکومتيں باہمی تعلقات کو نئے سرے سے تشکيل دينے کی خواہاں ہيں۔

[pullquote]ايران نے سات ہزار کلوميٹر تک پرواز کرنے والا ڈرون بنا ليا[/pullquote]

ايرانی پاسداران انقلاب نے ايک ايسا ڈرون طيارہ بنانے کا دعویٰ کيا ہے، جو سات ہزار کلوميٹر تک سفر کر سکتا ہے۔ اتوار کو سرکاری ٹيلی وژن پر نشر ہونے والی اپنی تقرير ميں جنرل حسين سليمانی نے يہ دعویٰ کيا۔ انہوں نے البتہ مزيد کوئی تفصيلات نہيں بتائيں۔ نئے ڈرون سے ايران ساڑھے تين ہزار کلوميٹر دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحيت کا حامل ہو جائے گا۔ قبل ازيں ایران کے ’غزہ‘ نامی ڈرون سے دو ہزار کلوميٹر کے اندر اندر کے اہداف کو نشانہ بنايا جا سکتا تھا۔ ايران کی فضائيہ کے پاس ’شاہ آف ایران‘ کے زمانے کے کافی پرانے امريکی ساختہ جنگی طيارے ہيں۔ ملکی فضائيہ امريکی پابنديوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔

[pullquote]يورو فٹ بال چيمپئن شپ، بيلجيئم کواٹر فائنل ميں[/pullquote]

بيلجيئم نے دفاعی چيمپئن پرتگال کو ايک کے مقابلے صفر گول سے شکست ديتے ہوئے يورپی فٹ بال چيمپئن شپ سے باہر کر ديا ہے۔ بيلجيئم نے ٹورنامنٹ کے کواٹر فائنل مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے، جس ميں اس کا مقابلہ اٹلی سے ہو گا۔ کل کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں چيک جمہوریہ کی ٹيم نے ہالينڈ کو دو صفر سے شکست دی اور اس نے بھی کواٹر فائنل مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ آج اسپين کا مقابلہ کروشيا سے اور فرانس کا سوئٹزرلينڈ سے ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے