جمعرات : یکم جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن صدر کی اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقاتیں[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر تین روزہ دورے پر اسرائیل میں ہیں۔ جرمن صدر نے منصبِ صدارت سے سبکدوش ہونے والے اپنے اسرائیلی ہم منصب رُیون ریولین کی خدمات پر انہیں بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس دورے سے قبل جرمن صدر نے واضح کیا تھا کہ اسرائیل اور فلسطینی تنازعے کا حل دو ریاستی فارمولے میں پنہاں ہے۔ اس موقع پر اشٹائن مائر نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل اور جرمنی میں اتفاق پایا جاتا ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے چاہییں۔ جرمن صدر نو منتخب اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ اور وزیراعظم نیفتالی بینٹ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

[pullquote]ایرانی سپریم لیڈر نے ملکی عدلیہ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے آیت اللہ غلام حسین محسنی کو ملکی عدلیہ کا نیا سربرہ مقرر کیا ہے۔ عدلیہ کے سابق سربراہ ابراہیم رئیسی نے حال ہی میں صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی اور وہ تین اگست کو منصبِ صدارت سنبھالیں گے۔ نئے چیف جسٹس محسنی قبل ازیں ملکی عدلیہ کے نائب سربراہ تھے۔ غلام حسین محسنی بھی ابراہیم رئیسی کی طرح سخت نظریات کے حامل مذہبی اسکالر ہیں۔ آیت اللہ محسنی ایران کے انٹیلیجنس امور کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

[pullquote]اوپیک تنظیم کے رکن ممالک کی کانفرنس[/pullquote]

تیل پیدا کرنے والے ممالک کی بین الاقوامی تنظیم اوپیک اور دوسرے تیل پیدا کرنے والے ملکوں کی ایک اہم کانفرنس شروع ہو گئی ہے۔ اوپیک کے علاوہ دیگر ممالک میں روس اور اس کے دس اتحادی شامل ہیں۔ اوپیک کی قیادت سعودی عرب کے ہاتھ میں ہے۔ اس کانفرنس میں رواں برس اگست میں تیل کی پیداوار کو بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ اکتوبر سن 2018 کے بعد اب تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت نے اوپیک تنظیم اور دوسرے تیل پیدا کرنے والے ملکوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی بعض ترجیحات کو ختم کریں تاکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پھر سے کمی کا رجحان پیدا ہو سکے۔ خیال رہے بھارت دنیا میں خام تیل کا تیسرا بڑا خریدار ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں کورونا لاک ڈاؤن، فوج بھی گشت کرے گی[/pullquote]

بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے غیر معمولی پھیلاؤ کے بعد حکومت نے سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ پابندیوں کے اطلاق کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ فوجی دستے بھی گلیوں اور سڑکوں پر گشت کریں گے۔ محکمہ صحت نے کورونا کی تازہ لہر کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ اس تازہ لہر میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ کا بتایا گیا ہے۔ بھارتی سرحد کے ساتھ ملحقہ شہروں اور دیہات میں سنگین صورت حال بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مناسب وجہ کے بغیر گھر سے نکلنے افراد کو گرفتاری کے علاوہ جرمانے کا بھی سامنا ہو گا۔

[pullquote]چینی کمیونسٹ پارٹی کی سوویں سالگرہ، ہانگ کانگ میں خاموشی[/pullquote]

چین میں حکمران کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی ایک سوویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔ یہ پارٹی سن 1921 میں قائم کی گئی تھی۔ پارٹی نے 72 برس قبل لانگ مارچ کے نتیجے میں پورے ملک پر حکومت قائم کر لی تھی۔ آج ہی چینی علاقے ہانگ کانگ کا انتظامی اختیار برطانیہ سے بیجنگ حکومت کو منتقل کرنے کے 24 برس بھی مکمل ہو گئے ہیں۔ ہانگ کانگ میں اہم مقامات پر پولیس تعینات ہے تاکہ بیجنگ مخالف حلقوں کی طرف سے کسی احتجاج یا جلسے جلوس کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔ ہانگ کانگ کا کنٹرول سن 1997 میں چین کے حوالے کیا گیا تھا۔

[pullquote]کینیڈا اور امریکی ریاست اوریگن شدید گرمی کی لپیٹ میں[/pullquote]

بحر الکاہل کے شمال مغربی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ کینیڈین علاقے لِیٹن میں دو روز قبل درجہ حرات 49.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ امریکی ریاست اوریگن میں شدید گرمی کی لہر سے 60 انسانوں کی موت ہوئی۔ کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا میں گرمی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 486 ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں سے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ کینیڈا کے محکمہ موسمیات نے دو دیگر صوبوں البیرٹا اور سَسکیچوان میں بھی شدید گرمی کی لہر سے خبردار کیا ہے۔

[pullquote]یورپی ممالک کے فوجی خاموشی کے ساتھ افغانستان سے رخصت ہوتے ہوئے[/pullquote]

کئی یورپی ملکوں نے خاموشی کے ساتھ افغانستان سے اپنے فوجیوں کا انخلا مکمل کر لیا ہے۔ ابھی امریکی قیادت میں جاری فوجی مشن کے ختم ہونے کی حتمی تاریخ میں کئی دن باقی ہیں لیکن یورپی ممالک اپنے فوجی واپس بلانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جرمنی اور اٹلی نے بدھ تیس جون کو افغانستان میں اپنے عسکری مشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پولینڈ کے بیشتر فوجی اپنے وطن لوٹ گئے ہیں۔ یورپی ممالک کے فوجیوں کے مشن بغیر کسی تقریب کے لپیٹے جا رہے ہیں۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے رواں برس اپریل میں اپنے رکن ملکوں کے فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ کیا تھا۔

[pullquote]سابق امریکی وزیر دفاع رمزفیلڈ کی رحلت[/pullquote]

چار امریکی صدور کے دور میں وزارتِ دفاع کے ساتھ وابستہ رہنے والے ڈونلڈ رمزفیلڈ 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ دو مرتبہ وزیر دفاع بھی رہے۔ ان کی شخصیت عراق اور افغانستان میں امریکی فوج کشی کی وجہ سے کئی حلقوں میں متنازعہ خیال کی جاتی ہے۔ رمز فیلڈ سن 2008 میں پبلک سروس سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ وہ پہلی مرتبہ سن 1975 میں صدر فورد کے دور میں وزیر دفاع مقرر کیے گئے تھے۔ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بُش نے اپنے دور صدارت کے وزیر دفاع کی موت پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین نے سفری پابندیاں نرم کر دیں[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ملکوں میں کووڈ ویکسین سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے والے افراد کے لیے سفری پابندیاں نرم کر دی گئی ہیں۔ اس کا اطلاق آج یکم جولائی سے ہوا ہے۔ یورپی یونین کا ’کیو آر کوڈ‘ ویکسین لگوانے کے بعد ڈیجیٹل صورت میں دستیاب ہے۔ اس کوڈ کا مطلب اس بات کی تصدیق ہے کہ مذکورہ فرد کو یورپی یونین کی منظور شدہ ویکسین لگائی گئی ہے۔ منظور شدہ ویکسین میں بائیون ٹیک فائزر، ایسٹرا زینیکا، موڈیرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔ اس وقت یونین کے 27 میں سے 21 ممالک نے اس سرٹیفیکیٹ کو تسلیم کر لیا ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے مہلک ویریئنٹ ڈیلٹا کے ممکنہ پھیلاؤ کے حوالے سے رکن ممالک اور یونین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں طبی آکسیجن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ[/pullquote]

انڈونیشیا میں کووڈ انیس کے مریضوں میں بہت زیادہ اضافے کے بعد طبی آکسیجن کے سیلنڈر کی قیمت دوگنا ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب انٹرنیشنل ریڈ کراس نے اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے سبب سنگین بحرانی صورت حال پیدا ہونے کی وارننگ جاری کی ہے۔ دارالحکومت جکارتہ اور دوسرے کئی شہروں میں آکسیجن سیلنڈرز ناپید ہوتے جا رہے ہیں۔ کووڈ انیس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے اسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

[pullquote]امریکی اداکار بل کوسبی کو عدالت نے رہائی دے دی[/pullquote]

ہالی ووڈ کے مشہور اداکار بل کوسبی کو امریکی عدالت نے رہا کر دیا ہے۔ امریکی ریاست پینسلوینیا کی اعلیٰ عدالت نے ماتحت عدالت کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا۔ 83 سالہ کوسبی کو جنسی اسکینڈل کا سامنا تھا اور وہ اپنی سزا فِلاڈیلفیا کی جیل میں پوری کر رہے تھے۔ انہیں سن 2018 میں سزا سنائی گئی ہے۔ اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ڈسٹرکٹ اٹارنی نے انہیں وعدہ دیا تھا کہ ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جائے گی اور اس تناظر میں استغاثہ اپنا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے