اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ابوبچاؤ ڈرامے کی ناکامی کے بعد مسترد سیاسی ٹولہ سوات میں نیا ڈراما اسٹیج کرنے جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم کے جلسہ عام کے حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں فود چوہدری نے کہا کہ ابوبچاؤ ڈرامے کی ناکامی کے بعد آج مسترد سیاسی ٹولہ سوات میں نیا ڈرامہ اسٹیج کرنے جا رہا ہے،اس ڈرامے کے تمام کردار ہی پٹ چکے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان سیاسی آوارہ گردوں کا نہ کوئی نظریہ کوئی راستہ نہ ہی منزل، بھٹکی ہوئ روحوں کی طرح کبھی ایک ڈگر پھر دوسری ڈگر، عمران خان پر تنقید کافی نہیں اپنا پروگرام دیں۔
پی ڈی ایم آج سوات میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی
حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) آج سوات میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
سوات کے گراسی گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف بالا کوٹ سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات کا کہنا ہے ضلع بھر میں دہشت گردی اور حملوں کا خطرہ ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے بھی اجتماعات پر پابندی ہے۔