منگل : 06 جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن اور فرانسیسی رہنماؤں کی چینی صدر سے بات چیت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے مشترکہ طور پر چینی صدر شی جِن پنگ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت کی ہے۔ اس بات چیت میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا جن میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے لے کر انسانی حقوق جیسے معاملات شامل تھے۔ چینی صدر نے اس موقع پر یورپ کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

[pullquote]بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات مایوس کن رہی، بھارت نواز کشمیری رہنما[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے بھارت نواز رہنماؤں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنی ملاقات کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں اعتماد سازی سے متعلق پختہ اقدامات کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 24 جون جمعرات کی شام کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ جموں و کشمیر کے 14 بھارت نواز رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔ ان رہنماؤں کی طرف سے مشترکہ بیان پہلی بار سامنے آيا ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جموں و کشمیر میں اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں کی حد بندی کرنے والا کمیشن ریاست کا دورہ کر رہا ہے۔

[pullquote]جرمنی: بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں چار افراد کو سزائے قید[/pullquote]

جرمنی میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات کے تحت چار افراد کو 10 سے 14 برس تک قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان افراد کو جرمنی میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے ایک بڑے اسکینڈل میں ان کے کردار پر یہ سزائیں سنائی گئی ہیں۔ یہ افراد جرمن شہر میونسٹر میں واقع ایک سمر گارڈن میں بچوں کو منشیات دے کر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرتے تھے۔ 50 سے زائد مشتبہ افراد پر ان جرائم میں شریک ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

[pullquote]شمالی افغانستان میں طالبان کی پیشقدمی جاری، بعض ممالک نے اپنے قونصل خانے بند کر دیے[/pullquote]

افغان طالبان نے ملک کے شمالی حصے میں مزید علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ صوبہ بدخشاں میں طالبان نے بغیر کسی جنگ و جدل کے زیادہ تر علاقوں کا کنٹرول حاصل کیا جبکہ صوبہ بلخ میں بھی لڑائی جاری ہے۔ اسی دوران قریب ایک ہزار افغان فوجی جان بچانے کے لیے ہمسایہ ملک تاجکستان داخل ہو گئے۔ طالبان کی ان کامیابیوں کے بعد ترکی اور روس نے مزار شریف میں قائم اپنے قونصل خانے بند کر دیے ہیں جبکہ ایران نے اپنے سفارتی عملے کو نقل وحرکت محدود کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری طرف تاجکستان کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحد کی حفاظت کے لیے وہاں 20 ہزار مزید فوجی تعینات کرنے جا رہے ہیں۔

[pullquote]دہشت گردی کی کوشش میں ملوث نو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، ہانگ کانگ پولیس[/pullquote]

ہانک گانگ کی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے دہشت گردی کی کوشش میں ملوث نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان افراد کو دھماکا خیز مواد کی تیاری اور انہیں شہر بھر میں نصب کرنے کی کوشش کا منصوبہ سامنے آنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ گرفتار کیے گئے نو افراد میں سے چھ ہائی اسکول کے طالب علم ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ افراد ہاسٹل کی لیبارٹری میں دھماکا خیز مواد تیار کر کے اسے عدالتوں، پلوں، ریلوے ٹریکس اور دیگر عوامی جگہوں پر نصب کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار کیے گئے افراد کی عمریں 15 سے 39 برس کے درمیان ہیں جبکہ ان میں سے پانچ مرد اور چار خواتین ہیں۔

[pullquote]امریکی فوج نے نئے کمانڈر کو مطلع کیے بغیر رات کی تاریکی میں خاموشی سے بگرام ایئربیس چھوڑ دیا، افغان فوج[/pullquote]

امریکی فوج نے رات کی تاریکی میں بگرام ایئربیس کو خاموشی کے ساتھ خالی کیا اور اس حوالے سے اس فوجی اڈے کے نئے افغان کمانڈر کو بھی مطلع نہیں کیا گیا تھا۔ افغان فوجی حکام کے مطابق امریکی فوجیوں نے قریب 20 برس قیام کے بعد یہ اڈہ چھوڑنے سے قبل وہاں کی بجلی منقطع کی اور خاموشی سے رات کے وقت وہاں رخصت ہوگئے۔ بگرام ایئربیس کے نئے کمانڈر جنرل میر اسد اللہ کوہستانی کو امریکی فوج کے چلے جانے کے دو گھنٹے بعد معلوم ہوا۔ بگرام ایئربیس طالبان کے خلاف امریکی جنگ کا اہم ترین مرکز رہا ہے۔ امریکا نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے یہ فوجی اڈہ خالی کر دیا ہے۔

[pullquote]نائجیریا: مسلح افراد نے 140 طلبہ کو اغوا کر لیا[/pullquote]

مسلح افراد نے افریقی ملک نائجیریا کے شمال مغربی حصے میں ایک بورڈنگ اسکول سے 140 طلبہ کو اغواء کر لیا۔ نائجیریا میں طلبہ کو اغوا کرنے کے سلسلے کی یہ تازہ کڑی ہے۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے پیر کی صبح ریاست کاڈونا میں واقع بیتھل بیپٹسٹ ہائی اسکول کے گارڈز پر فائرنگ کی اور اسکول کے ہاسٹل میں داخل ہو گئے۔ اس اسکول کے ایک استاد ایمانویل پال کے مطابق ہاسٹل میں 165 طلبہ رہائش پذیر تھے جن میں سے صرف 25 طلبہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو سکے۔ گزشتہ برس دسمبر سے اب تک نائجیریا میں ایک ہزار طلبہ کو اغوا کیا گیا ہے۔ مقامی حکام کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد زیادہ تر طلبہ کو رہا کیا جا چکا ہے تاہم بعض طلبہ ابھی تک اغوا کنندگان کے قبضے میں ہیں۔

[pullquote]جرمنی: برطانیہ، بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے قواعد میں نرمی[/pullquote]

جرمنی نے برطانیہ، بھارت، نیپال، پرتگال اور روس سے آنے والے مسافروں کے لیے پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔ متعدی امراض سے متعلق جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے ان ممالک کو اب کورونا کی نئی قسم کے حوالے سے خدشات کی فہرست سے نکال دیا ہے اور اب یہ ایسے ممالک کی فہرست میں آ گئے ہیں جہاں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ اس تبدیلی کے بعد ان علاقوں سے لوگ اب جرمنی کا سفر کر سکتے ہیں اور انہیں آنے کے بعد دس روز کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ تاہم کووڈ کے منفی ٹیسٹ کے حامل افراد کو پانچ روز کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہو گا اور ویکسینیشن مکمل کرانے والے افراد اس قرنطینہ کی ضرورت سے مبرا ہوں گے۔ قبل ازیں ان ممالک سے صرف انہی لوگوں کو جرمنی آنے کی اجازت تھی جو یہاں کے رہائشی تھے اور ان کے لیے 14 روز کا قرنطینہ لازمی تھا۔

[pullquote]روس میں مسافر بردار طیارہ لاپتہ ہو گیا، 28 افراد سوار ہیں[/pullquote]

روس کے مشرقی حصے میں لاپتہ ہونے والے ایک مسافر بردار جہاز کی تلاش کا کام جاری ہے ۔ مقامی ایمرجنسی حکام کے مطابق ایک AN-26 جہاز جس پر 22 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے جزیرہ نما کامچھاٹکا کے علاقے میں لاپتہ ہو گیا۔ یہ جہاز علاقائی دارالحکومت پیٹروپافلوفسک کیمچیٹسکی سے پالانا نامی گاؤں جا رہا ہے۔ اس جہاز کے لاپتہ ہونے کا اس وقت معلوم ہوا جب اس کا طے شدہ وقت کے مطابق کنٹرول ٹاور سے رابطہ نہ ہو سکا۔ خدشہ ہے کہ یہ جہاز حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے