[pullquote]افغان حکومت کی افغان شہریوں کی یورپ سے ملک بدری روکنے کی اپیل[/pullquote]
افغانستان کی حکومت نے یورپی ملکوں سے درخواست کی ہے کہ وہ افغان شہریوں کی جبری ملک بدری کم از کم تین ماہ کے لیے موخر کردیں۔ افغانستان ان دنوں متعدد بحرانوں سے دوچار ہے۔ ایک طرف عسکریت پسند ملک کے مختلف علاقوں پر تیزی سے قبضہ کر رہے ہیں تو دوسری جانب اندرون ملک خاندانوں کی نقل مکانی کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ادھر کووڈ کی تیسری لہر نے افغانستان میں حالات کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ رامز علی اکبروف نے کہا کہ موجودہ حالات میں ’وہاں پہلے سے ابتر صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے‘۔ ملک کے تقریباً 33.5 ملین افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
[pullquote]میانمار میں کورونا کے پھیلاؤ کی صورتکال ’تشویش ناک ہے، سوچی[/pullquote]
میانمار کی معزول سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کے ایک وکیل نے کہا ہے کہ سوچی ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کو تشویش کا باعث قرار دے رہی ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ پیر کو ایک عدالتی پیشی سے پہلے سوچی نے اپنے وکلاء کی ایک ٹیم سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے اپنے ان خدشات کا اظہار کیا۔ سوچی فروری کے اوائل میں میانمار میں ہونے والی بغاوت کے بعد سے حراست میں ہیں اور ان پر مقدمہ چل رہا ہے۔ سوچی پر متعددالزامات عائد کیے گئے ہیں، جسے ان کی قانونی ٹیم مسترد کرتی ہے۔
[pullquote]اردن کی شاہی عدالت کے سابق سربراہ کو 15 سال قید کی سزا[/pullquote]
اردن کی عدالت نے شاہی عدالت کے سابق چیف کو بادشاہت کو غیر مستحکم بنانے کی سازش کے الزام میں 15 سال کی قید کی سزا سنا دی۔ پیر کو اردن کی عدالت نے سابق شاہی معتمد باسم اوداللہ کے ساتھ ساتھ شاہی خاندان کے ایک نابالغ کو بھی مبینہ طور پر اسی جرم کے تحت 15 سال کی قید کی سزا سنائی ہے۔ کورٹ نے کہا ہے کہ اُس کے پاس ان الزامات کے مصدقہ ثبوت موجود ہیں کہ یہ دونوں اردن کی بادشاہت کو نقصان پہنچانے کا عزم رکھتے تھے اور اس کے لیے وہ بادشاہت کے سابق وارث شہزادہ حمزہ کو بادشاہ کے متبادل کے طور پر تخت نشیں دیکھنا چاہتے تھے۔
[pullquote]امریکا اور کینیڈا شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں[/pullquote]
امریکا اور کینیڈا جیسے ممالک میں گیارہ جولائی اتوار کے روز عوام کو بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ گرمی کی شدید لہر کے سبب حکام کو بعض علاقوں سے انخلا کروانا پڑا جبکہ کچھ علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور ٹرین سروسز کو بھی محدود کرنا پڑا۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ڈیتھ ویلی علاقے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوٹ کیا جاتا ہے۔ اتوار کے روز اسی علاقے میں ‘فورانسک گریک’ کے پاس نصب ایک بڑے ڈیجیٹل تھرما میٹر کے پاس بڑی تعداد میں لوگ درجہ حرارت دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔ لوگوں نے تھرما میٹر پر دیکھا کہ درجہ حرارت 135 ڈگری فارن ہائٹ یعنی 57 ڈگری سیلسیئس تھا۔ اس علاقے میں اس سے قبل اتنا درجہ حرارت کبھی بھی ریکارڈ نہیں کیا گیا تھا۔
[pullquote]تھائی لینڈ میں آسٹرا زینیکا اور سائنو ویک کا مرکب ٹیکہ سازی[/pullquote]
تھائی لینڈ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکمت عملی میں ایک اختراعی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت سائنو ویک اور آسٹرا زینیکا کے مرکب سے ویکسین تیار کی جائے گی۔ تھائی لینڈ کی وزارت صحت نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ اگر اس نئے منصوبے پر عمل درآمد ہوا تو یہ عوامی سطح پر چینی اور مغربی ویکسین کا پہلا ’’ مکس اینڈ میچ‘‘ ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد وائرس کے خلاف تحفظ کو زیادہ مضبوط اور موثر بنانا ہے۔ وزیر صحت انوٹن چرن ویراکول نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ویکسین ڈیلٹا ویریئنٹ سے بچاؤ اور تحفظ کے لیے قوت مدافعت کو بہتر اور مضبوط تر بنانے میں مدد گار ثابت ہو گی۔ تھائی لینڈ اور پڑوسی ملک انڈونیشیا کے میڈیکل اور دیگر فرنٹ لائن ورکرز میں انفیکشن کا پھیلاؤ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔
[pullquote]ہیٹی کے صدر کا قتل کروانے والا مشتبہ ماسٹر مائنڈ گرفتار[/pullquote]
ہیٹی کی قومی پولیس نے صدر جوَینل موئز کے قتل کے مشتبہ ماسٹر مائنڈ کر گرفتار کر لیا ہے۔ تریسٹھ سالہ ایمانوئل سانون نامی یہ شخص ایک ڈاکٹر ہے، جو امریکی ریاست فلوریڈا میں رہتے تھے۔ حال ہی میں وہ ایک نجی طیارے کے ذریعے ہیٹی پہنچے تھے اور صدارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے خواہش مند تھے۔ اس ڈاکٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے فلوریڈا میں قائم وینیزویلا کی ایک نجی سکیورٹی کمپنی کے ذریعے کولمبیا کے کرائے کے مبینہ قاتلوں کو ہیٹی کے صدر کو قتل کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ملکی پولیس کے مطابق ہیٹی کے صدر کو سات جون کو کرائے کے قاتلوں نے ان کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہو کر ہلاک کیا تھا۔
[pullquote]میرکل جولیان آسانج کی رہائی کے لیے مہم شروع کریں : ممتاز جرمن شخصیات کی اپیل[/pullquote]
جرمنی کی قریب 120 سرکردہ شخصیات جن میں سیاستدان، فنکار اور صحافی بھی شامل ہیں، نے چانسلر انگیلا میرکل سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے امریکا کے آئندے دورے کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات میں وکی لیکس کے بانی جولیان آسانج کی رہائی کی مہم چلائیں۔ میرکل آئندہ جمعرات واشنگٹن میں جو بائیڈن سے ملاقات کریں گی۔ جرمن پریس ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق جرمنی کی مشہور شخصیات کی طرف سے میرکل کو ارسال کردہ ایک خط میں کہا گیا ہے کہ وہ ’آسانج کیس میں ایک پل بنانے والے کا کردار ادا کریں‘۔ تفتیشی صحافی گؤنٹر والراف کے ایما پر میرکل کے نام تحریر کردہ اس خط میں جرمنی کی حکمران اور دیگر مرکزی سیاسی جماعتوں کے ممبران بھی شامل ہیں۔
[pullquote]کیوبا میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے[/pullquote]
کیوبا میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران ضروری غذائی اشیا کے لیے طویل قطاروں میں لگنے اور ادویات کی قلت سے تنگ آگر ہزاروں شہری کمیونسٹ حکومت کے خلاف مظاہرے کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ کیوبا کی حکومت نے ملکی عوام کو مظاہروں پر اکسانے کا الزام امریکا پر عائد کیا ہے۔ اچانک یہ مظاہرے کیوبا کے مختلف شہروں میں ہوئے۔ مظاہرین ’آمریت مردہ باد‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ دارالحکومت ہوانا میں پولیس نے مظاہروں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔ کیوبا میں موجودہ معاشی بحران اور اشیائے خورد و نوش کی قلت کے ساتھ ساتھ بجلی کی کمی جیسے مسائل کی وجہ سے عوام سراپا احتجاج ہیں۔
[pullquote]جمہوریہ مالدوا کے پارلیمانی الیکشن: یورپ نواز پارٹی سب سے آگے[/pullquote]
جمہوریہ مالدوا میں اتوار کے دن منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ڈالے گئے تمام ووٹوں کی 94 فیصد گنتی کے بعد یورپ نواز سینٹر رائٹ پارٹی نے اپنی فتح پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس پر مالدوا کی خاتون صدر مائییا ساندو نے ایک مشکل دور کے خاتمے کی امید ظاہر کی۔ الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کے جزوی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت پی اے ایس نے قریب 48 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ سابق صدر ایگور ڈوڈون کے روس نواز کمیونسٹوں اور سوشلسٹوں کے اتحاد کو 31 فیصد ووٹ ملے۔ یاد رہے کہ صدرمائییا ساندو نے روس نواز طاقتوں کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی خاطر اسمبلیوں کو توڑ دیا تھا۔ ورلڈ بینک کی سابقہ ماہر اقتصادیات 49 سالہ ساندو مالدوا کو یورپی یونین کا حصہ بنانا چاہتی ہیں۔
[pullquote]بلغاریہ کے پارلیمانی انتخابات کے بعد اقتدار میں تبدیلی کے امکانات[/pullquote]
بلغاریہ میں ایک سو دن کے اندر اندر دوسری بار ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق سابق وزیر اعظم بوئیکو بوریسوف کے سیاسی مخالفین حکومت سازی میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ پول جائزوں کے مطابق سابق اینٹر ٹینر سلاوی ٹریفونوف کی عوامیت پسند پارٹی ITN کو بوریسوف کی GERB پارٹی پر معمولی برتری حاصل ہو سکتی ہے۔ اس الیکشن کے سرکاری حتمی نتائج آئندہ دنوں میں سامنے آئیں گے۔ اس الیکشن کا انغقاد 4 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے بعد سایسی جماعتوں کے مابین کسی اتحاد پر رضا مندی نہ ہونے کے سبب ناگزیر ہو گیا تھا۔
[pullquote]یورو 2020 : اٹلی کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے بعد ہنگامہ آرائی[/pullquote]
گزشتہ شب ایک سنسنی خیز مقابلے میں اٹلی نے انگلینڈ کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر یوئیفا یورو کپ 2020 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے مداحوں کے مابین تشدد کے واقعات کے تناظر میں درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ یوروپین چیمپیئن شپ کے فائنل سے پہلے ، بے شمار فٹ بال شائقین نے بغیر ٹکٹ کے ویمبلی اسٹیڈیم میں گھسنے کی کوشش کی اور چند ایسا کرنے میں کامیاب بھی ہو گئے۔ ویڈیوز میں اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر جھگڑوں کے مناظر دکھائے گئے۔ اٹلی اور انگلینڈ کے مابین میچ سے قبل وسطی لندن میں ہنگامی صورتحال تھی۔ کھیل کے بعد حکام نے بتایا کہ 19 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ہنگامہ آرائی کے الزام میں 49 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔