منگل : 13 جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراق کے ایک ہسپتال کے کورونا آئسولیشن سینٹر میں آتش زدگی، درجنوں ہلاک اور زخمی[/pullquote]

جنوبی عراقی شہر ناصریہ میں واقع ایک ہسپتال کے کورونا آئسولیشن سینٹر میں آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم 44 افراد ہلاک اور 67 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ہسپتال کے ایک ایسے حصے میں لگی، جو کورونا کی وبا کے دوران کووڈ انيس کے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ ایک آکسیجن سلینڈر پھٹنے کے بعد بھڑکی۔ امدادی ٹیموں نے دھوئیں سے بھری اس عمارت میں مزید نعشوں کی تلاشی کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ دریں اثناء عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الخادمی نے سینئر وزراء کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ناصریہ میں صحت اور شہری دفاع کے شعبوں میں کام کرنے والے ذمہ دار سرکاری ملازمين کی معطلی اور گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہيں۔

[pullquote]چین کے مشرقی شہرمیں ہوٹل منہدم ہونے کا واقعہ، آٹھ لاشیں نکالی جا چُکیں[/pullquote]

مقامی حکام نے منگل کے روز بتایا کہ چین کے مشرقی شہر سوزو میں سیجی کائے یووان ہوٹل کی عمارت پیر کی سہ پہر منہدم ہو گئی تھی۔ ریسکیو ٹیميں اب تک آٹھ لاشیں نکالنے میں کامیاب ہو چُکی ہے۔ خدشہ ہے کہ تقریباً دو درجن افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہيں۔ حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ہلاک ہونے والے بیشتر افراد ہوٹل میں مقیم مہمان تھے۔ اب تک چھ افراد کو ملبے تلے سے ريسکيو بھی کيا جا چکا ہے۔ سفر و سیاحت سے متعلق ویب سائٹ سی ٹرپ کے مطابق یہ بجٹ ہوٹل سن 2018 میں کھلا تھا اور اس میں 54 کمرے تھے۔ ریسکیو عملے کے چھ سو سے زیادہ کارکنوں اور 120 گاڑیوں کو ریسکیو آپریشن میں استعمال کيا گیا ہے۔

[pullquote]جنوبی افریقہ میں بدامنی: درجنوں ہلاکتیں[/pullquote]

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ اور صوبے کوازولو نتال میں بدامنی کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو چُکے ہیں۔ فوج متاثرہ علاقوں میں گشت کر رہی ہے۔ کئی مقامات پر آتش زدگی اور لوٹ مار کی بھی اطلاعات ہيں۔ ايک اعلی پولیس اہلکار کے مطابق اب تک 750 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس ہنگامہ آرائی کی وجہ سابق صدر جیکب زوما کی 15 ماہ کی قید کی سزا کا اعلان بنی جو اب بھی جنوبی افریقہ کے نسلی گروپ زولو میں بہت مقبول ہیں۔ موجودہ صدر سیرل رامافوسا نے ملک میں نسلی بنیادوں پر پھیلائی جانے والی بدامنی سے خبردار کیا ہے۔

[pullquote]بیلاروس سے ملحقہ لتھوینیا کی سرحد کو فرونٹیکس کی طرف سے مزید تحفظ[/pullquote]

یورپی یونین کی بارڈر پروٹیکشن ایجنسی فرنٹیکس غیر قانونی طور پر سرحد کے اندر داخل ہونے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے سبب لتھوینیا کو بیلاروس سے ملحقہ اس کی سرحد کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد اور حمایت فراہم کر رہی ہے۔ فرنٹیکس کے ڈائريکٹر فبریس لگیری نے کہا ہے کہ سرحدی علاقوں کی صورت حال تشویشناک ہے۔ اسی سبب يورپی یونین کی بیرونی سرحد پر جلد از جلد مداخلت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سرحدی علاقے میں داخل ہونے والے مہاجرین کی چھان بين کے لیے خصوصی تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ بیلاروس کے حکمران الیکسزانڈر لوکا شینکو بارہا یورپی یونین کو منسک پر لگی پابندیوں کے رد عمل میں مہاجرین کو یورپی سرحد میں داخل ہونے کی اجازت دینے کی دھمکی دیتے رہے ہیں۔

[pullquote]ایتھوپیا کے تیگرائی علاقے میں پناہ گزینوں کے کیمپ میں جھڑپیں[/pullquote]

ایتھوپیا کے جنگ زدہ تیگرائی علاقے میں ایک مہاجر کیمپپ میں حریف فوجوں کے مابین مسلح جھڑپوں کی اطلاع ہے۔ اس تصادم میں تاہم ابھی تک ہلاکتوں کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ امکان ہے کہ ایک مہاجر کیمپ مائی عینی میں جہاں ایریٹریا کے مہاجرین آباد ہیں، مہارن اسپیشل فورسز اور ایتھوپیا کے فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ یہ ہنگامے تیگرائی فورسز کی طرف سے جنوب اور مغربی علاقوں میں نئے حملے کے اعلان کے بعد شروع ہوئے۔

[pullquote]جرمن فوج کے اسپیس کمانڈو نے کام شروع کر دیا[/pullquote]

آج منگل کے روز سے وفاقی جرمن فوج کے خلائی کمانڈو نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ انہيں جرمنی کے مغربی صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے ایئر آپریشن سینٹر میں تعینات کیا گیا ہے اور ان کی ذمہ داری سیاروں کی نگرانی اور حفاظت ہے۔ وہ خطرناک خلائی ملبے پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ فوج کو معلومات فراہم کرنے کا کام بھی سر انجام ديں گے۔ گزشتہ برس جرمن فوج نے وضاحت پیش کی تھی کہ جرمنی دیگر جدید معاشروں کی طرح کئی طریقے سے خلائی حدود کے استعمال پر انحصار کر رہا ہے۔ خلا کا تحفظ حقیقی معنوں میں وفاقی جرمن فوج کی ہی ذمہ داری ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر برائے ترقیاتی امور اقوام متحدہ کی تنظیم یونیڈو کے نئے سربراہ منتخب[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی وزیر برائے ترقیاتی امور گیئرڈ مؤلر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صنعتی ترقی یونیڈو کے آئندہ سربراہ ہوں گے۔ کرسچین سوشل یونین سی ایس یو کے سیاست دان اس تنظیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی میں عہدے کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں فاتح کے طور پر سامنے آئے۔ اس امر کا اعلان جرمنی کی وزارت ترقیاتی امور نے کیا۔ تاہم نومبر کے آخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ان انتخابات کے نتائج کی تصدیق کرے گی۔ گیئرڈ مؤلر ویانا میں قائم اس تنظیم کی سربراہی کرنے والے پہلے جرمن ہوں گے۔ یہ تنظیم ترقی پذیر ممالک میں صنعتی ترقی کی دیکھ بھال کرتی ہے۔ اس کی سربراہی 2013 ء سے چینی سیاستدان لی یونگ کر رہے تھے۔ گیئرڈ مؤلر نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سیاست سے دستبردار ہو جائیں گے۔

[pullquote]جرمنی کی حکمران جماعتیں افغانستان ملک بدری کا سلسلہ جاری رکھنے کے حق میں[/pullquote]

جرمنی کی وفاقی پارلیمان میں کرسچین ڈیموکریٹک يونين سی ڈی یو اور اس کی ہم خیال جماعت سی ایس یو کے پارلیمانی دھڑے نے کابل حکومت کی طرف سے جرمنی سے مزید ملک بدری نہ کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ پارلیمانی گروپ کے نائب چیئرمین تھورسٹن فرائی نے جرمنی کے ايک نشرياتی ادارے کو بتایا کہ وہ افغان حکومت کے اس مطالبے کو سمجھنے سے قاصر ہیں کیونکہ یہ چند افغان باشندوں کی ملک بدری کا معاملہ ہے۔ 2016 ء سے اب تک محض ایک ہزار سے کچھ ہی زیادہ افراد کو ملک بدر کر کے افغانستان بھیجا گیا ہے۔ افغانستان میں اس وقت انتہا پسند طالبان ہر طرف چھائے ہوئے ہیں اور ان کی پیش قدمی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ نیٹو فورسز انخلاء کے عمل سے گزر رہی ہيں۔

[pullquote]یوکرائن کی کورونا کے خلاف جنگ میں جرمنی کی طرف سے مدد کا اعلان[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جرمنی یوکرائن کو 15 لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرے گا۔ جرمن چانسلر نے یوکرائن کے سربراہ مملکت ولودیمیر زیلينسکی سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا کہ یوکرائن سے اس کا وعدہ کیا جا سکتا تھا۔ حکومت نے پہلے ہی مغربی بلقان کی ریاستوں اور نمیبیا کو ايسٹرا زینیکا ویکسین عطيہ کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ ايسٹرا زینیکا کی یہ ویکسین خوراکیں جرمنی نے یورپی یونین کے پروگراموں کے ذریعے خریدی تھیں۔

[pullquote]کیوبا حکومت مظاہرین کے مطالبات پر غور کرے، جو بائیڈن[/pullquote]

کیوبا میں عوامی مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ہوانا حکومت کو چاہیے کہ مظاہرین کے احتجاج کو سنجیدگی سے لے۔ بائیڈن نےکہا کہ وہ کیوبا کے مظاہرین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جو ان کے بقول دہائیوں سے جبر و ستم اور معاشی مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ امریکی صدر کے مطابق وہ کیوبا کے عوام کی مشلات کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔ اُدھر کیوبا کے صدر نے امریکا کی طرف سے اپنے ملک پر لگی پابندیوں کو کیوبا کے مسائل کا ذمہ دار قرار دیا۔ کیوبا میں گزشتہ اتوار کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران ضروری غذائی اشیاء کے لیے طویل قطاروں میں لگنے اور ادویات کی قلت سے تنگ آ کر ہزاروں شہری کمیونسٹ حکومت کے خلاف مظاہرے کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

[pullquote]انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر کا ٹوکیو کا دورہ[/pullquote]

انٹرنيشنل اولمپک کمیٹی آئی او سی کے صدر تھوماس باخ 2020ء کے اولمپک کھیلوں کے آغاز سے پہلے آئندہ جمعے کو ہیروشیما کے دورے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مغربی جاپانی علاقہ ہیروشمیا ایٹمی بم دھماکے سے متاثر ہونے والا دنیا کا پہلا شہر ہے۔ گزشتہ برس جاپان میں اولمپک کھیلوں کا انعقاد ہونا تھا تاہم کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یہ گیمز اب 23 جولائی سے 8 اگست تک جاپان میں منعقد ہونے جا رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے