اتوار : 18 جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی میں سیلاب کے سبب مرنے والوں کی تعداد 156 ہو گئی[/pullquote]

جرمنی میں شدید بارشوں اور سیلاب کی زد میں آ کر مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 156 ہو گئی ہے۔ اس طرح یورپ کے مغربی حصے میں اس قدرتی آفت کے سبب مرنے والوں کی مجموعی تعداد 183 تک پہنچ گئی ہے۔ جرمنی کی ایک مغربی ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے اور صرف وہاں اسی سبب ہونے والی اموت کی تعداد 110 ہے۔ پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ صرف اسی ریاست میں زخمیوں کی تعداد بھی 670 بتائی گئی ہے۔

[pullquote]جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا سیلاب زدہ علاقے کا دورہ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہی ہیں۔ میرکل اس سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے ایک قصبے شُلڈ جائیں گی جہاں دریا کے سیلابی ریلے نے شدید تباہی مچائی۔ یورپ کا مغربی حصہ حالیہ چند دنوں کے دوران شدید بارشوں کی زد میں رہا ہے جو جرمنی اور بیلجیم میں سیلابی صورتحال کی وجہ بنیں۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب جرمنی اور بیلجیم میں 183 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ میرکل نے اس صورتحال کو ایک المیہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت متاثرہ مقامی حکومتوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

[pullquote]یورپ بھر میں سب سے زیادہ پناہ کی درخواستیں جرمنی میں[/pullquote]

گزشتہ چھ ماہ کے دوران سب سے زیادہ سیاسی پناہ کی درخواستیں جرمنی میں جمع کرائی گئیں۔ یہ بات یورپی کمیشن کی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ تارکین وطن اور مہاجرین کی صورتحال سے متعلق اس رپورٹ کے مطابق جرمنی میں رواں برس کے پہلے نصف حصے میں سیاسی پناہ کی 47,231 نئی درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ دوسرے نمبر پر فرانس رہا جہاں 32,212 پناہ حاصل کرنے کے لیے درخواستیں جمعہ کرائی گئیں۔ اس کے بعد بالترتیب اسپین اور اٹلی کا نمبر ہے۔ جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرانے والوں میں 36 فیصد شامی، 18 فیصد افغان جبکہ 6.6 فیصد عراقی باشندے شامل ہیں۔

[pullquote]بھارت: شدید بارش کے سبب لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی کم از کم تعداد بڑھ کر 26 ہوگئی[/pullquote]

بھارت کے اقتصادی حب ممبئی شہر کے مضافات میں لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ہلاکتوں کی کم از کم تعداد بڑھ کر 26 ہو گئی ہے۔ ممبئی کے دو مضافاتی علاقوں چیمبور اور وکھرولی میں لینڈ سلائیڈنگ کے یہ واقعات گزشتہ روز سے جاری شدید بارشوں کے سبب پیش آئے۔ حکام کے مطابق 19 افراد کی ہلاکت چیمپور میں چھ جھونپڑیوں کے گرنے کے سبب ہوئی۔ نو افراد ملبے تلے سے نکالے گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وکھرولی کے علاقے میں متعدد گھر گرنے کے سبب سات افراد ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ شدید بارش کے سبب ممبئی شہر کے کئی علاقے زیر آب ہیں۔

[pullquote]جرمنی: سیلاب زدگان کی مدد کے لیے 300 ملین یورو سے زائد امداد کا اعلان[/pullquote]

جرمنی کے وزیر خزانہ اولاف شُلز نے سیلاب سے متاثرین کے لیے 300 ملین یورو سے زائد ایمرجنسی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ایس پی ڈی پارٹی کی طرف سے چانسلر کے امیدوار اولاف شُلز کے مطابق یہ فنڈز سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں رائن لینڈ پلاٹینیٹ اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی حکومتوں کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے لیے بھی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ شُلز کے بقول اس قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے کم از کم ایک بلین یورو درکار ہوں گے۔

[pullquote]سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز[/pullquote]

سعودی عرب میں مسلمانوں کے مذہبی فریضے حج کے مناسک کا آج اتوار کے روز سے آغاز ہو گیا ہے۔ کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کے بعد سے دوسری مرتبہ حج ادا کیا جا رہا ہے۔ رواں برس قریب 60 ہزار مسلماں فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔ گزشتہ برس یہ تعداد محض 10 ہزار تک محدود رکھی گئی تھی۔ وبا سے قبل 2019ء میں دنیا بھر سے آنے والے دو ملین سے زائد مسلمانوں نے اپنا یہ مذہبی فریضہ ادا کیا تھا۔ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی غیر ملک سے آئے ہوئے کسی شخص کو حج ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

[pullquote]افغان تنازعے کے سیاسی حل کے بہت زیادہ حق میں ہیں، طالبان سربراہ[/pullquote]

طالبان کے سربراہ مولوی ھیبت اللہ اخونزادہ نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے تنازعے کے سیاسی حل کے انتہائی زیادہ حق میں ہیں۔ طالبان کی طرف سے جاری کیے جانے والے اخونزادہ کے بیان کے مطابق عسکری کامیابیوں کے باوجود اسلامی امارات ملک میں ایک سیاسی حل کے انتہائی زیادہ حق میں ہے۔ طالبان سربراہ کے اس بیان میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک میں اسلامی نظام، امن اور سلامتی کے قیام کے لیے ہر ممکن راستہ اپنایا جائے گا۔ طالبان سربراہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں طالبان کی عسکری کارروائیاں عروج پر ہیں۔

[pullquote]فرانس میں مجوزہ کورونا پابندیوں کے خلاف بڑے مظاہرے[/pullquote]

فرانس میں کورونا وائرس کے ایک بار پھر پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مجوزہ پابندیوں کے نفاذ کے خلاف ایک لاکھ سے زائد افراد نے مظاہرے کیے ہیں۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق صرف دارالحکومت پیرس میں 18 ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر نکلے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے تناظر میں سخت اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ مستقبل قریب میں فرانس میں کورونا کا منفی ٹیسٹ، کووڈ سے صحت یابی کا سرٹیفیکیٹ یا پھر ویکسینیشن کا تصدیقی سرٹیفیکیٹ بہت سی جگہوں پر دکھانا ضروری ہو جائے گا۔ ہفتے کو ہونے والے مظاہروں میں طبی اہلکاروں کے لیے لازمی کورونا ویکسینین کے فیصلے پر بھی احتجاج کیا گیا۔

[pullquote]بھارت میں طوفانی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ، کم از کم 20 ہلاک[/pullquote]

شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب بھارتی شہر ممبئی کے مضافات میں دو گھر زمین بوس ہو گئے جس کی وجہ سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا پر دکھائی جانے والے مناظر میں امدادی کارکن ہاتھوں سے مٹی ہٹا کر ملبے تلے دب جانے والوں کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں مزید لوگ دبے ہو سکتے ہیں۔ پانچ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کے سبب ممبئی شہر کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہے جبکہ لوکل ٹرین سروس سخت متاثر ہوئی ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے