پیر : 19 جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انگلینڈ میں کورونا وائرس کے باعث عائد کردہ تقریباﹰ تمام پابندیاں ختم[/pullquote]

انگلینڈ میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود آج پیر سے نئے ہفتے کے آغاز پر کووڈ انیس کے باعث عائد کردہ تقریباﹰ تمام پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔ حکومتی بیانات کے مطابق دیگر پابندیوں کے ساتھ ساتھ حفاظتی ماسک پہننے اور لازمی سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندیاں بھی اٹھا لی گئی ہیں۔ اب تمام ڈسکو کلب اور تھیٹرز دوبارہ کھولے جا سکیں گے اور کھیلوں کے مقابلوں کے لیے اسٹیڈیمز میں ان کی گنجائش کے مطابق شائقین کو جانے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ وزیر اعظم بورس جانسن کے مطابق اس متنازعہ فیصلے کا سبب یہ ہے کہ اب عوامی سطح پر کورونا کی وبا کے خلاف حفاظتی ویکسینیشن کی شرح بہت زیادہ ہو چکی ہے۔ ملکی اپوزیشن نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق انگلینڈ میں اب اس وبا کی ایک نئی بڑی لہر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

[pullquote]دوحہ مذاکرات میں جنگ بندی کی کوئی پیش کش نہیں کی، افغان طالبان[/pullquote]

افغان طالبان کے قطری دارالحکومت میں قائم سیاسی دفتر کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان نے دوحہ مذاکرات کے دوران افغان حکومت کو کسی جنگ بندی کی کوئی پیش کش نہیں کی۔ اس دفتر کے ترجمان نے قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ ٹی وی کو بتایا کہ اس بات چیت میں طالبان نے ایسی کوئی تجویز نہیں دی کہ وہ افغانستان میں تین ماہ تک جنگ بدی کے لیے تیار ہیں۔ ترجمان نے تاہم کہا کہ طالبان کی دوحہ میں کابل حکومت کے وفد کے ساتھ مکالمت آئندہ بھی جاری رہے گی تا کہ فریقین اپنے اپنے موقف میں ایک دوسرے کے قریب آ سکیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں ہزاروں مسلمانوں کی طرف سے مناسک حج کی ادائیگی جاری[/pullquote]

سعودی عرب میں ہزاروں مسلمانوں کی طرف سے مناسک حج کی ادائیگی جاری ہے۔ اس سال مسلسل دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر سے آنے والے حجاج کو معمول کے مطابق کئی ملین کی تعداد میں حج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس سال یہ تعداد ہزاروں میں ہے اور حاجیوں کے لیے کورونا کے حفاطتی ٹیکے لگوا چکے ہونا لازمی تھا۔ اس کے علاوہ ان کے لیے ماسک پہننا اور سماجی فاصلے رکھنا بھی لازمی ہے۔ اتوار کے روز مکہ میں ان ہزاروں حاجیوں نے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ کورونا کی عالمی وبا سے قبل ہر سال تقریباﹰ ڈھائی ملین مسلمان حج کے لیے مکہ جاتے تھے۔ اس سال سعودی عرب سے باہر سے کسی بھی مسلمان کو حج کے لیے وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

[pullquote]روس، ازبکستان اور تاجکستان کی افغان سرحد کے قریب مشترکہ فوجی مشقیں[/pullquote]

روس، ازبکستان اور تاجکستان اگلے ماہ افغان سرحد کے قریب چھ روزہ مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے۔ روسی مسلح افواج کے ایک اعلیٰ اہلکار نے پیر کے روز نیوز ایجنسی اِیتار تاس کو بتایا کہ یہ مشقیں پانچ سے دس اگست تک کی جائیں گی۔ ان عسکری مشقوں کا پس منظر یہ بتایا گیا ہے کہ افغانستان سے تقریباﹰ بیس سال بعد امریکی اور نیٹو دستوں کے انخلا کے بعد افغان طالبان کی پیش قدمی جاری ہے اور یہ پیش رفت سکیورٹی کے حوالے سے روس کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ ماسکو نہیں چاہتا کہ اس کے جنوب، خاص کر وسطی ایشیا میں صورت حال عدم استحکام کا شکار ہو جائے۔

[pullquote]بھارت میں چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے اڑتیس ہزار نئے کیسز[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس انفیکشن کے مزید اڑتیس ہزار ایک سو چونسٹھ نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ یہ بات ملکی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں پیر کے روز بتائی گئی۔ اس دوران مزید چار سو ننانوے افراد اس وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کے ہاتھوں ہلاک بھی ہو گئے۔ گزشتہ تین ماہ سے بھی زیادہ عرصے میں یہ بھارت میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی سب سے کم یومیہ تعداد ہے۔

[pullquote]افغانستان نے اپنے پاکستان متعینہ سفیر کو احتجاجاﹰ واپس بلا لیا[/pullquote]

افغان حکومت نے پاکستان میں متعینہ اپنے سفیر کو گزشتہ ہفتے ان کی بیٹی کے اغوا اور ان پر تشدد کے خلاف احتجاج کے طور پر واپس کابل بلا لیا ہے۔ اتوار کو رات گئے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کابل میں وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ جب تک سفیر کی بیٹی پر حملے کی تفتیش مکمل نہیں ہوتی، پاکستان میں تعینات افغان سفیر نجیب علی خیل اور دیگر اعلیٰ سفارت کاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ نجیب علی خیل کی چھبیس سالہ بیٹی سلسلہ علی خیل کو اسلام آباد میں گزشتہ ہفتے دوپہر کے وقت اغوا کر لیا گیا تھا، جس کے بعد اغوا کاروں نے انہیں کئی گھنٹے حراست میں رکھنے کے دوران ان پر تشدد بھی کیا گیا تھا۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے افغان حکومت کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]جرمنی کے کئی سیلاب زدہ علاقوں میں صورت حال اب تک تشویش ناک[/pullquote]

جرمنی کے کئی سیلاب زدہ علاقوں میں صورت حال اب تک تشویش ناک ہے۔ ملک کے مغربی صوبوں میں بہت خراب موسمی حالات کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں اور زیر آب خطوں میں متاثرین کی مدد اور سیلابی نقصانات کے ازالے کی پوری کوششیں جاری ہیں۔ جنوبی صوبے باویریا کے علاقے بَیرشتس گاڈنر کے علاقے میں حالات اب تک بہت پریشان کن ہیں۔ صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ماہرین یہ اندازہ لگانے کی کوششوں میں ہیں کہ آیا شٹائن باخ ٹال شپَیرے نامی بند ٹوٹنے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ اس بند سے چند روز قبل ماہرین نے احتیاطی طور پر بہت زیادہ پانی مجبوراﹰ چھوڑ دیا تھا۔ وہاں سے نکالے گئے مقامی باشندے ابھی تک اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکے۔

[pullquote]کئی ممالک کے ریاستی اداروں کی طرف سے سیاست دانوں اور صحافیوں کی جاسوسی[/pullquote]

صحافیوں کے ایک انٹرنیشنل کنسورشیم کی تحقیقات کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں بظاہر کئی برسوں تک ریاستی اداروں کی طرف سے سیاست دانوں، صحافیوں، وکلاء اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جاسوسی کی گئی۔ اس کنسورشیم کی طرف سے چھان بین میں جرمن میڈیا ادارے بھی شامل تھے۔ چھان بین کے نتائج کے مطابق کئی سال تک متعدد ممالک کے خفیہ اداروں اور پولیس کے محکموں نے ریاستی سطح پر جاسوسی کی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ اس دوران جاسوسی کے لیے ایک اسرائیلی کمپنی این ایس او کے تیار کردہ سافٹ ویئر کا غلط استعمال کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی موبائل فونز پر ہونے والی گفتگو سنی گئی۔ ماہرین کے مطابق اسرائیلی کمپنی این ایس او کا تیار کردہ سافٹ ویئر پیگاسُس اب تک موبائل فونز کے ذریعے جاسوسی کے لیے مؤثر ترین کمرشل سافٹ ویئر ہے۔

[pullquote]روسی وکلاء کے گروپ ’کومانڈا انتیس‘ نے اپنا کام بند کر دیا[/pullquote]

روسی ماہرینِ قانون کے گروپ ’کومانڈا انتیس‘ نے اپنا کام بند کر دیا ہے۔ اس گروپ کے ارکان نے کریملن کے ناقد سیاست دان الیکسی ناوالنی کی قائم کردہ تنظیموں کی ان کے خلاف عدالتی کارروائیوں کے دوران قانونی نمائندگی کی تھی۔ گروپ کے ارکان کو خدشہ ہے کہ ان کی طرف سے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے باعث روسی حکام اب ان کے خلاف عدالتی کارروائی کر سکتے ہیں۔ روسی دفتر استغاثہ کی درخواست پر حکام نے وکلاء کے اس گروپ کی ویب سائٹ بھی بند کر دی ہے۔ روسی تفتیشی ماہرین کے مطابق ان وکلاء پر الزام ہے کہ ان کے چیک جمہوریہ کی ایک ایسی تنظیم کے ساتھ رابطے تھے، جسے روس میں ناپسندیدہ قرار دیا جا چکا ہے۔ اس الزام میں ان وکلاء میں سے ہر ایک کو چھ سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ وکلاء کا یہ گروپ اپنے خلاف ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

[pullquote]پانی کی قلت، ایرانی پولیس کی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ[/pullquote]

ایرانی پولیس نے اتوار کو رات گئے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ شروع کی، جو ملک کے جنوب مغرب میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایرانی کارکنوں کی نیوز ایجنسی نے ایک ایسی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں صوبے خوزستان کے شہر سُوسنگرد میں پولیس کو مظاہرین کے خلاف ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ خوزستان میں پانی کی قلت کے خلاف زیادہ تر مظاہرے اسی شہر میں ہو رہے ہیں۔ اس علاقے کی مقامی آبادی میں اکثریت کا تعلق عرب نسل کی اقلیت سے ہے۔

[pullquote]اولمپک مقابلوں کا انعقاد محفوظ نہیں، جاپان میں عوامی سروے کے نتائج[/pullquote]

جاپان میں اولمپک مقابلوں کے آغاز سے صرف چند روز قبل کرائے گئے ایک جائزے کے مطابق ملکی عوام کی دو تہائی سے زائد اکثریت کے خیال میں ٹوکیو میں اولمپکس کا انعقاد کورونا کی وبا کے پیش نظر محفوظ نہیں ہو گا۔ جاپانی جریدے ’آساہی‘ کے مطابق اڑسٹھ فیصد رائے دہندگان کی رائے میں ان عالمی مقابلوں کے منتظمین کورونا وائرس کی وبا کی نئی لہر کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ پچپن فیصد شہریوں نے کہا کہ ٹوکیو میں اولمپک مقابلوں کا انعقاد ہونا ہی نہیں چاہیے۔ اسی دوران اولمپکس کے منتظمین نے کل اتوار کے روز اولمپک ایتھلیٹکس ولیج میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق بھی کر دی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے