پیر : 26 جولائی 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امريکی وزير خارجہ کا دورہ بھارت[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ اینتھونی بلنکن بھارت کے دو روزہ دورے پر منگل کے روز دارالحکومت نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق بلنکن وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے علاوہ اپنے ہم منصب ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے ساتھ اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات نیز خطے اور بالخصوص افغانستان میں ہونے والی اہم تبدیلیوں کے مدنظر بلنکن کا یہ دورہ کافی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر جو بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا بھارت کا یہ اولين دورہ ہے۔

[pullquote]افغانستان: شہريوں کی ہلاکت کا تناسب سینتالیس فیصد بڑھ گيا، اقوام متحدہ[/pullquote]

رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران افغانستان ميں جاری پر تشدد کارروائيوں ميں ہلاک اور زخمی ہونے والے شہريوں کا تناسب پچھلے سال اسی عرصے کے مقابلے ميں سينتاليس فيصد بڑھ گيا ہے۔ يہ انکشاف اقوام متحدہ کی آج پير کو جاری کردہ ايک رپورٹ ميں کيا گيا ہے۔ جنوری تا جون 1,659 افغان شہری ہلاک اور 3,254 زخمی ہوئے۔ افغانستان سے غير ملکی افواج کا انخلاء مئی ميں شروع ہوا اور تب سے جون تک 783 سويلين ہلاک اور 1,609 زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کيا ہے کہ اگر پرتشدد کارروائياں نہ رکيں، تو سن 2021 مسلح افغانستان تنازعے کا سب سے خونريز سال ثابت ہو سکتا ہے۔

[pullquote]اگست کے بعد بھی طالبان کے خلاف فضائی حملے کر سکتے ہيں، امريکی جنرل[/pullquote]

امريکا طالبان کے خلاف جنگ ميں فضائی حملوں کی صورت ميں افغانستان کی مدد جاری رکھے گا۔ يہ بيان امريکی فوج کی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل کينتھ مک کينزی نے کابل ميں گزشتہ روز ديا۔ ان کے بقول طالبان کے حملوں کے تناظر ميں پچھلے چند دنوں کے دوران امريکا نے فضائی حملے شروع کر رکھے ہيں اور اگر طالبان نے اپنی پرتشدد کارروائياں ترک نہ کيں، تو جوابی فضائی حملے بھی جاری رہيں گے۔ عسکری ماہرين کے مطابق حاليہ چند ہفتوں ميں طالبان اتنے زيادہ علاقوں پر قابض اس ليے ہوئے کيونکہ افغان دستوں کو امريکی فضائيہ کی مدد حاصل نہیں تھی۔ طالبان کی پيش قدمی روکنے کے ليے امریکی فضائی حملوں کا مرکزی کردار ہے۔

[pullquote]عراقی وزير اعظم کا دورہ امريکا، دستوں کا انخلاء بھی زير غور[/pullquote]

عراقی وزير اعظم مصطفیٰ الخادمی آج امريکا میں صدر جو بائيڈن سے ملاقات کريں گے۔ الخادمی نے گزشتہ روز اپنے ايک انٹرويو ميں کہا تھا کہ انہيں اپنے ملک ميں داعش سے لڑنے کے ليے امريکی لڑاکا دستوں کی اب مزيد ضرورت نہيں اور يہ کہ اس بارے ميں حتمی فيصلہ بائيڈن کے ساتھ ملاقات ميں کيا جائے گا۔ عراق ميں ايران نواز قوتوں کی حمايت ايک سياسی حقيقت ہے اور تين ماہ بعد ہونے والے انتخابات ميں يہ اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ يہی وجہ ہے کہ وزير اعظم الخادمی کو عسکری اتحادی ملک امريکا اور داخلی سطح پر اثر و رسوخ کے حامل ملک ايران کے مابين ايک توازن برقرار رکھنا ہے۔ عراق ميں اب بھی ڈھائی ہزار امريکی فوجی تعينات ہيں۔

[pullquote]لبنان ميں آئندہ وزير اعظم کی نامزدگی کے ليے مشاورت جاری[/pullquote]

لبنان ميں آج نئے وزير اعظم کی نامزدگی کے ليے مشاوت جاری ہے۔ پارليمانی بلاک اور صدر میشل عون سعد الحريری کا جانشين تلاش کرنے کے ليے بات چيت جاری رکھے ہوئے ہيں۔ لبنان ميں گزشتہ ايک سال کے اندر اندر دو وزرائے اعظم کابينہ تشکيل دينے ميں ناکام رہے ہيں۔ مقامی ميڈيا پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق قوی امکان ہے کہ کاروباری شخصيت اور دو مرتبہ وزير اعظم رہنے والے نجيب ميقاتی کو دوبارہ نامزد کيا جا سکتا ہے۔ عالمی بينک نے لبنان کے اقتصادی بحران کو انيسويں صدی کے وسط کے بعد سے اب تک کا بدترين بحران قرار دے رکھا ہے۔ نئے وزير اعظم کے نامزدگی اور توثيق کے بعد بھی حکومت سازی ميں کئی ماہ لگ سکتے ہيں۔

[pullquote]کورونا سے بچاؤ کے ليے دو مختلف ٹيکے لگوانا زيادہ موثر، مطالعہ[/pullquote]

کورونا سے بچاؤ کے ليے دو مختلف ٹيکے لگوانے سے اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت کافی زيادہ بڑھ جاتی ہے۔ يہ بات جنوبی کوريا ميں کیے گئے ايک مطالعے ميں سامنے آئی ہے۔ مطالعے ميں جن قريب پانچ سو طبی ورکرز کو وقفے کے ساتھ ايسٹرا زينيکا اور فائزر بيون ٹيک کے ٹيکے لگوائے گئے تھے، ان ميں چھ گنا زيادہ اينٹی باڈيز پائی گئيں، بانسبت ان لوگوں کے، جنہيں ايک ہی قسم کے ٹيکے کی دو خوراکيں مليں۔ برطانيہ ميں چند ہفتے قبل کرائے گئے ايک سروے ميں بھی ايسے ہی نتائج ديکھے گئے تھے۔ تاہم ابھی تک عالمی ادارہ صحت يا کسی طبی ادارے نے باقاعدہ طور پر اس کا مشورہ نہيں ديا۔

[pullquote]اسکاٹش کوہ پيما کے ٹو سر کرنے کی کوشش کے دوران ہلاک[/pullquote]

اسکاٹش کوہ پيما رِک ايلن پاکستان ميں ’کے ٹو‘ سر کرنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہو گئے ہيں۔ ان کی ٹيم نے مطلع کيا کہ وہ گزشتہ اختتام ہفتہ پر ايک نئے روٹ سے کے ٹو سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ايک برفانی تودے کی زد ميں آ گئے۔ اتوار کی شام ان کی لاش برآمد کر لی گئی۔ بتايا گيا ہے کہ انہيں آج ’کے ٹو‘ کی آغوش ميں ہی دفنايا جا رہا ہے۔ ’کے ٹو‘ دنيا کی دوسری سب سے اونچی چوٹی ہے مگر اسے سر کرنے کے کوششوں کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ اس اعتبار سے کے ٹو کو سر کرنے کے لیے مشکل ترين پہاڑ قرار ديا جاتا ہے۔

[pullquote]امريکا چين مذاکرات: سائبر سکيورٹی، انسانی حقوق اور تجارت زير بحث[/pullquote]

چينی شہر تيانجن ميں آج سے امريکا اور ميزبان ملک کے اعلی سطحی مذاکرات شروع ہو گئے ہيں۔ چين کے نائب وزير خارجہ نے ان مذاکرات کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ چند امريکی، چين کو ايک دشمن کے طور پر ديکھتے ہيں۔ انہوں نے امريکی حکام پر زور ديا کہ باہمی تعلقات بہتر بنانے اور کشيدگی ميں کمی کے ليے اس نقطہ نظر کو تبديل کرنے اور خطرناک پاليسياں ترک کرنے کی ضرورت ہے۔ چين ميں امريکی وفد کی قيادت نائب وزير خارجہ وينڈی شرمین کر رہی ہيں۔ ان مذاکرات ميں سائبر سکيورٹی، انسانی حقوق سے متعلق معاملات اور تجارتی امور پر بات چيت ہو گی۔

[pullquote]تيونس ميں سياسی بحران، وزير اعظم برطرف[/pullquote]

تیونس کے صدر قیس سعید نے اتوار کے روز ملک کے وزیر اعظم ہشام مشیشی کو برطرف کرنے کے بعد کہا ہے کہ اب وہ ملک کے انتظامی اختیارات خود سنبھال رہے ہيں۔ یہ نئی سیاسی معرکہ آرائی اتوار کے روز حکومت مخالف پر تشدد مظاہروں کے بعد شروع ہوئی، جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے تھے۔ صدر نے تیونس کی پارلیمان کو بھی آئندہ ایک ماہ تک کے لیے معطل کرنے اور تمام نائبین کے اختیارات کو بھی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی فوری خطرے کے پیش نظر آئین کی دفعہ 80 کے تحت انہیں ایسے احکامات صادر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ اس پيش رفت سے تيونس ميں سياسی اور اقتصادی بحران شديد ہو گيا ہے۔

[pullquote]غزہ ميں اسرائيل کا حملہ، بارودی غباروں کا رد عمل[/pullquote]

اسرائيلی لڑاکا طياروں نے پير کی صبح غزہ پٹی کے جنوبی حصے ميں ايک فضائی حملہ کيا ہے۔ اسرائيلی فوج کا دعوی ہے کہ جس مقام کو نشانہ بنايا گيا، وہاں سے بارودی مواد سے لدے غبارے اسرائيل کی جانب روانہ کيے جا رہے تھے۔ مذکورہ مقام سويلين علاقے کے قريب واقع ہے اور وہاں ايک اسکول بھی ہے۔ فوری طور پر اس حملے ميں جانی يا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہيں ہو سکی ہے۔ اسرائيل کا الزام ہے کہ غزہ سے ايک دو دن سے بارودی مواد سے لدے غبارے اسرائيلی علاقوں کی طرف بھيجے جا رہے ہيں۔ ان کے نتيجے ميں کوئی جانی نقصان نہيں ہوا مگر تين مقامات پر آگ لگنے کی رپورٹيں ہيں۔

[pullquote]فرانس نے ’کووڈ پاس‘ کی منظوری دے دی[/pullquote]

فرانسيسی پارليمان نے آج صبح ايک قانون کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت طب کے شعبے سے وابستہ تمام اہلکاروں کے ليے کورونا کے حفاظتی ٹيکے لگوانا لازمی ہوگا۔ علاوہ ازيں اندرون ملک سفر و سياحت سميت ريستورانوں اور تفريحی مراکز ميں داخلے کے ليے بھی اب ایک خصوصی پاس درکار ہو گا، جس سے يہ ثابت ہو سکے کہ مذکورہ شخص کو حفاظتی ٹيکے لگ چکے ہيں يا حال ہی ميں اس کا کورونا ٹيسٹ منفی آيا ہے۔ اس قانون پر عملدرآمد ستمبر کے وسط سے شروع ہو رہا ہے۔ يورپ ميں ان دنوں کووڈ پاس ايک سياسی موضوع بن چکا ہے اور کئی ممالک ميں اس بارے ميں بحث جاری ہے کہ آيا اسے منظور کيا جائے يا نہيں۔ اس کے ناقدين کی رائے ہے کہ اس سے معاشرہ منقسم ہو جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے