منگل : 03 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امريکی پابنديوں کے خاتمے کے ليے کوشش کروں گا، رئيسی[/pullquote]

ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے ابراہيم رئيسی کی ملک کے آئندہ صدر کے طور پر تقرری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ يہ پيش رفت تہران ميں آج منعقدہ ايک تقريب ميں ہوئی اور اسی ہفتے جمعرات کو رئيسی پارليمان ميں حلف اٹھائيں گے اور باقاعدہ طور پر صدر کی ذمہ داری سنبھال ليں گے۔ آج منعقدہ تقريب ميں رئيسی نے کہا کہ وہ امريکی پابنديوں کے خاتمے کے ليے کوششيں کريں گے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ ملکی معيشت کا دارومدار غير ملکيوں کی خواہشات پر نہيں۔ رئيسی کے ليے سب سے بڑا چيلج ڈگمگاتی ہوئی ايرانی معيشت کو سہارا دينا ہے۔ وہ سبکدوش ہونے والے صدر حسن روحانی کو اعتدال پسندانہ طرز حکومت کی وجہ کئی مرتبہ تنقيد کا نشانہ بنا چکے ہيں۔

[pullquote]مسلح افغان تنازعے کے فريقين انسانی جانوں کے تحفظ کو يقينی بنائيں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے افغانستان ميں حکومت اور طالبان پر زور ديا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو يقينی بنايا جائے۔ عالمی ادارے نے تنبيہ کی ہے کہ بصورت ديگر اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہيں۔ افغانستان ميں اقوام متحدہ کے مشن کی جانب سے منگل کو بتايا گيا ہے کہ طالبان کی پيش قدمی اور اسے روکنے کے ليے افغان دستوں کے فضائی حملے بھاری جانی و مالی نقصان کا باعث بن رہے ہيں۔ ان دنوں افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلاء کا عمل جاری ہے، جو اپنے آخری مراحل ميں ہے۔ ايسے ميں طالبان ملک کے وسيع تر علاقوں پر قابض ہوتے جا رہے ہيں اور ہزاروں کی تعداد ميں افغان شہری نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں۔

[pullquote]افغان پناہ گزينوں کے ليے امريکا ميں مواقع زيادہ، مگر انتظامی مسائل بھی[/pullquote]

افغانستان ميں بگڑتے ہوئے حالات کے مد نظر امريکا نے افغان شہريوں کے ليے سياسی پناہ سے متعلق اپنے پروگرام ميں توسيع کا اعلان کيا ہے۔ ايسے تمام افغان شہری، جنہوں نے افغانستان متعین امریکی فوج یا سفارت کاروں سے تعاون کیا ہے، ان کے ليے امريکا ميں پناہ کے مواقع اب بڑھ گئے ہيں۔ محکمہ خارجہ نے پير کو بتايا کہ اس تازہ پيشرفت کے تناظر ميں کئی اور افغان شہری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امريکا منتقل ہو سکيں گے تاہم کوئی حتمی تعداد نہيں بتائی گئی ہے۔ ايسے افراد کی مدد کے ليے بنائے گئے گروپ ’انٹر ايکشن‘ نے پناہ کے مراحل اور طريقہ کار پر تنقيد کی ہے جبکہ ديگر ريليف ايجنسيوں نے بھی اس ضمن ميں انتظامی مسائل کا تذکرہ کيا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب ميں سياسی ناقدين کے خلاف کريک ڈاؤن جاری، ايمنسٹی انٹرنيشنل[/pullquote]

ترقی ياقتہ ممالک کے گروپ ’جی ٹوئنٹی‘ کی صدارت کی مدت گزر جانے کے بعد سعودی عرب نے سياسی مخالفين کے خلاف سخت کريک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ ايمنسٹی انٹرنيشنل نے آج منگل کو اپنی ايک تازہ رپورٹ ميں يہ الزام عائد کيا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری تا جولائی چاليس افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کيا گيا جبکہ گزشتہ برس اس سے کم ستائيس افراد کو سزائے موت دی گئی تھی۔ کئی رضاکاروں کو انسانی حقوق کے ليے آواز بلند کرنے اور انٹرنيٹ پر تنقيدی پوسٹس کرنے پر سزائيں بھی دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جيلوں ميں قيد انتاليس افراد سے رابطہ بھی ممکن نہیں ہے۔

[pullquote]بيروت کی بندرگاہ کا دھماکا: تحقيقات کا مطالبہ[/pullquote]

ہيومن رائٹس واچ نے منگل کو جاری کردہ ايک رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا ہے کہ شواہد اس طرف اشارہ کرتے ہيں کہ چند لبنانی اہلکار بيروت کی بندر گاہ پر ’امونيئم نائٹريٹ‘ رکھنے کے خطرے سے آگاہ تھے اور انہوں نے دانستہ طور پر يہ خطرہ مول ليا۔ ايچ آر ڈبليو نے گزشتہ برس چار اگست کو ہونے والے دھماکے کی تحقيقات کا مطالبہ کيا ہے۔ اس دھماکے ميں دو سو سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔ ہيومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق کئی سرکاری ادارے لا پرواہی کے مرتکب پائے گئے۔

[pullquote]بھارت ميں مون سون بارشوں کا تازہ سلسلہ[/pullquote]

مشرقی بھارت ميں مون سون کی بارش کے تازہ سلسلے نے تباہی مچا دی ہے۔ منگل کو ہونے والی ان بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث اب تک سولہ افراد ہلاک جبکہ ڈھائی لاکھ بے گھر ہو چکے ہيں۔ زيادہ تر نقصان مغربی بنگال ميں ہوا ہے۔ اسی رياست ميں چند دن قبل بھی ايسی ہی بارش کی تباہ کاریوں کی وجہ سےگيارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ماہرين شديد بارشوں اور زيادہ سيلابوں کو موسمياتی تبديليوں کا نتيجہ قرار دے رہے ہيں۔

[pullquote]یروشلم سے بے دخلی: فلسطینیوں نے اسرائیلی تجویز مسترد کر دی[/pullquote]

مشرقی یروشلم کے شیخ جراح نامی علاقے میں بے دخلی کے خطرے سے دوچار فلسطینیوں نے اسرائیلی سپریم کورٹ کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ اپنے مکانات کو ایک یہودی آباد کار تنظیم سے کرائے پر حاصل کر لیں۔ ان سب فلسطینیوں نے اس تجویز کو یہ کہہ کر مسترد کیا کہ وہ اپنے مکانات پر اسرائیلی ملکیت کو تسلیم نہیں کریں گے۔ دو ماتحت عدالتوں کے اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جائیداد سے متعلق قانون کے مطابق یہ مکانات یہودیوں کی ملکیت ہیں کیوں کہ انہوں نے یہ پلاٹ 1948ء کی جنگ سے پہلے خریدے تھے۔

[pullquote]ترکی ميں جنگلاتی آگ چھٹے روز بھی جاری[/pullquote]

ترکی کے جنوبی حصوں ميں جنگلاتی آگ پر ابھی تک قابو نہيں پايا جا سکا ہے۔ وزير جنگلات و زراعت نے منگل کو بتايا کہ اب بھی انطاليہ اور موگلا ميں نو مختلف مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے جب کہ ديگر صوبوں ميں بھی کئی مقامات پر آتش زدگی کی اطلاعات ہيں۔ موگلا سے اب تک دس ہزار افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کيا جا چکا ہے۔ آگ بجھانے کی کارروائيوں ميں سولہ ہوائی جہاز، اکاون ہيلی کاپٹر اور پانچ ہزار سے زائد ريسکيو ورکرز شریک ہيں۔ اب تک آٹھ افراد ہلاک اور سينکڑوں زخمی بھی ہو چکے ہيں۔ ترکی کے جنوبی حصوں ميں يہ آگ گزشتہ ہفتے بدھ کو لگی تھی اور آج چھٹے روز تک اس پر قابو نہيں پايا جا سکا ہے۔

[pullquote]نسل پرستانہ رويوں کے انسداد کے ليے فورم کی تشکيل[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے گزشتہ روز ايک قرارداد منظور کر لی، جس کے تحت نسل پرستی، اجنبيوں سے خوف، عدم برداشت اور امتيازی سلوک جيسے مسائل کے انسداد کے ليے باقاعدہ طور پر ايک باڈی تشکيل دی جائے گی۔ 193 رکنی اسمبلی نے متفقہ طور پر اس قرارداد کی منظوری دی۔ اس فورم ميں بالخصوص افريقی نژاد افراد پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جنہيں نسل پرستانہ رويوں اور امتيازی سلوک کا عموماً سامنا رہتا ہے۔ اس مجوزہ فورم ميں مجموعی طور پر دس ارکان ہوں گے، جن ميں سے پانچ کو جنرل اسمبلی منتخب کرے گی اور بقيہ پانچ کو انسانی حقوق کونسل مقرر کرے گی۔ اس فورم کا اولين سيشن آئندہ برس منعقد ہو گا۔

[pullquote]آئندہ دس برسوں ميں لڑکياں کم پيدا ہوں گی، اسٹڈی[/pullquote]

ايک تازہ مطالعے ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ آئندہ دس برسوں کے دوران توقع سے 4.7 ملين کم لڑکياں پيدا ہوں گی۔ کئی معاشروں ميں لڑکوں کو ترجيح دی جاتی ہے۔بالخصوص جنوب مشرقی يورپ کے علاوہ جنوبی اور مشرقی ايشيا ميں صنف کی بنياد پر اسقاط حمل جاری ہے اور يہی حقيقت لڑکيوں کی پيدائش کی شرح ميں کمی کی وجہ بن سکتی گی۔ اس سے طويل المدتی بنيادوں پر معاشرے ميں عورتوں اور مردوں کا توازن خراب ہو گا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے