جمعہ : 06 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان نے افغان حکومت کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کو قتل کر دیا[/pullquote]

افغانستان میں طالبان نے حکومت کے میڈیا انفارمیشن سینٹر کے سربراہ کو قتل کر دیا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق آج بروز جمعہ کابل کی ایک مسجد میں سرکاری میڈیا انفارمیشن سینٹر کے سربراہ دوا خان میناپال کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کے نام جاری کردہ ایک پیغام میں اس قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ افغان فورسز کی طرف سے طالبان کے خلاف فضائی حملوں میں تیزی کے بعد طالبان نے اعلی حکومتی عہدیداران کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل افغان وزیر دفاع ایک قاتلانہ حملے میں بچ گئے تھے۔

[pullquote]بھارت نے جموں و کشمیر پر او آئی سی کا بیان مسترد کر دیا[/pullquote]

بھارتی وزارت خارجہ نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے حوالے سے مسلم ملکوں کی تنظیم او آئی سی کے بیان پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کو بھارت کے داخلی امور میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ او آئی سی نے پانچ اگست کو اپنے ایک بیان میں بھارتی حکومت سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو حصوں میں تقسیم کر دینے کے اقدامات کو منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے او آئی سی کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر سے متعلق امور میں او آئی سی کو مداخلت کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہے۔ یہ بھارت کا داخلی معاملہ ہے اور جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے۔

[pullquote]امریکا نے نئے ایرانی صدر سے جوہری مذاکرات بحال کرنے کو کہا ہے[/pullquote]

امریکا نے نئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے سن 2015 میں طے ہونے والے جوہری معاہدے پر تعطلی کے شکار مذاکرات جلد بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ واشنگٹن حکومت نے تاہم اس بات پر بھی زور دیا کہ سفارت کاری کے دروازے ہمیشہ کھلے نہیں رہیں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے جمعرات پانچ اگست کو صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ امریکا اپنی قومی سلامتی اور اپنے اتحادیوں کے مفادات کا دفاع کرے گا۔ وہ امید کرتے ہیں کہ ایران اس موقع سے فائدہ اٹھا کر سفارتی سطح پر معاملات کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھے گا۔ ابراہیم رئیسی نے گزشتہ روز ایران کے آٹھویں صدر کا حلف لینے کے بعد ملک کو مضبوط کرنے اور عالمی طاقتوں سے بات چیت پر زور دیا ہے۔

[pullquote]چین: مسلم اقلیتی علاقے سنکیانگ میں نیا چینی کمانڈر تعینات[/pullquote]

چین نے اپنے شورش زدہ علاقے سنکیانگ میں ایک نیا فوجی کمانڈر تعینات کیا ہے۔ اس علاقے میں بڑے پیمانے پر تعینات چینی فوج کی نگرانی لیفٹینینٹ جنرل وانگ ہائی جیانگ کریں گے۔ چین کے اس علاقے میں حکام نے مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے ایک ملین سے زیادہ مسلمانوں کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ضمن میں’ری ہیبیلیٹیشن مراکز‘ میں قید کر رکھا ہے۔ سنکیانگ علاقائی اسٹرٹیجک اعتبار سے بھی چین کا نہایت اہم حصہ ہے۔ اس علاقے کی سرحدیں بہت ہی غیر مستحکم ہیں اور یہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے علاوہ پاکستان اور افغانستان سے ملتی ہیں۔ چین کے لیے افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کے بعد کی علاقائی صورتحال سب سے بڑا چیلنج نظر آ رہی ہے۔ بیجنگ کو اپنی اس سرحد پر دوبارہ سے مسلم عسکریت پسندی کے فروغ کا خدشہ ہے۔

[pullquote]جرمنی میں سیلاب: حکام کے خلاف تحقیقات کا آغاز[/pullquote]

جرمنی میں حالیہ سیلابوں کی تباہ کاریوں کے بعد استغاثہ نے سیلابی خطرے کو نظر انداز کرنے کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ دفتر استغاثہ کے مطابق چودہ جولائی کی شب سیلاب کی ہنگامی وارننگ بروقت جاری نہیں کی گئی۔ لہٰذا سب سے زيادہ متاثرہ علاقے آہر وائلر کے ضلعی رہنما کے خلاف سیلابی صورتحال میں غفلت اور ناکافی انتظامات کے حوالے سے تفتیش شروع کی جارہی ہے۔ گزشتہ ماہ کے وسط میں مغربی جرمنی میں شدید بارشوں اور سیلابوں نے بڑی تباہی پھیلائی، جس کے سبب ایک سو نواسی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ایتھوپیا: تیگرائی باغیوں نے لالیبیلا پر قبضہ کر لیا[/pullquote]

ایتھوپیا کے شمالی خطے تیگرائی کی باغی فورسز نے اقوام متحدہ کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل قصبے لا لیبیلا کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ لالیبیلا بارہویں صدی کے چٹانوں کے تاریخی گرجا گھروں کے لیے جانا جاتا ہے۔ مقامی باشندوں نے بتایا ہے کہ بہت سے لوگ علاقہ چھوڑ کر فرار ہوچکے ہیں۔ امریکی حکومت نے تیگرائی پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) سے عالمی ثقافتی ورثے کی حفاظت کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتوں کے دوران باغی فورسز نے تیگرائی کے ہمسایہ علاقے امہارا اور عفار میں اپنی پیش قدمی بڑھا دی ہے۔

[pullquote]چاڈ میں بوکو حرام کا حملہ، دو درجن سے زائد فوجی ہلاک[/pullquote]

وسطی افریقی ملک چاڈ میں جہادیوں کے مبینہ حملے میں کم از کم 26 فوجی مارے گئے۔ یہ فوجی چاڈ کے شورش زدہ علاقے لیک چاڈ میں گشت پر مامور تھے۔ چاڈ کی فوج کے ترجمان جنرل اعظم برمانڈووا آگونا نے جمعرات کے روز بتایا کہ انتہا پسندوں کے حملے میں چاڈ آرمی کے چھبیس جوان ہلاک ہو گئے، اور چودہ دیگر زخمی ہوئے۔ ان میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے جبکہ فوجی کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی ابھی جاری ہے۔ فوج نے اس حملے کے لیے انتہا پسند گروپ بوکو حرام کو مورد الزام ٹھہرایا ہے لیکن اس خطے میں اسلامک اسٹیٹ ویسٹ افریقہ پرووینس (آئی ایس ڈبلیو اے پی) بھی سرگرم ہے۔

[pullquote]میسی اور ایف سی بارسلونا کی راہیں جدا ہو گئیں[/pullquote]

ارجنٹائن کے سپر اسٹار فٹ بال کھلاڑی لیونیل میسی کی اٹھارہ سال بعد ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا کے ساتھ راہیں جدا ہو چکی ہیں۔ لا لیگا کلب کے بیان کے مطابق ’مالی اور انتظامی مشکلات کی وجہ‘ سے لیونل میسی اب بارسلونا کے لیے نہیں کھیلیں گے۔ چونتیس سالہ میسی یکم جولائی سے بارسلونا کے ساتھ کانٹریکٹ ختم ہونے کے بعد فری ایجنٹ ہیں۔ میسی نے اس کلب میں تیرہ برس کی عمر میں بارسا یوتھ پروگرام کے تحت شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ سات سو اٹھہتر میچوں میں چھ سو بہتر گول کے ساتھ کلب کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ میسی بارسلونا کو دس مختلف فٹ بال لیگز میں فتح سے ہمکنار کرا چکے ہیں۔

[pullquote]امریکی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے کووڈ کے لاکھوں نئے کیسز سے خبردار کر دیا[/pullquote]

امریکی محکمہ صحت سی ڈی سی کی سربراہ نے ملک میں روزانہ لاکھوں نئے کورونا انفیکشن کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ روشیل ویلنسکی نے امریکی نیوز چینل سی این این سے گفتگو میں کہا کہ بگڑتی ہوئی صورت حال کا کووڈ سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے اور ماسک پہننے جیسے اقدامات کے ذریعے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ویلنسکی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ویکسینیشن وائرس کی منتقلی کو مکمل طور پر روک نہیں سکتی۔ انہوں نے یہ بات خاص طور پر کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے حوالے سے کہی ہے۔

[pullquote]آئی او سی نے دو بیلاروسی ٹرینرز پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]

بیلاروس کی اولمپک ایتھلیٹ کرسٹینا سوانوسکایا کی طرف سے اپنے ٹرینرز پر لگائے گئے سنگین الزامات کے نتیجے میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے دو بیلاروسی ٹرینرز پر پابندی عائد کر دی ہے۔ آئی او سی کے ڈسپلنری کمیشن نے یوری موئیسیوچ اور آرٹور شوماک سے کرسٹینا سوانوسکایا کو مبینہ طور پر اغواء کرنے کے الزامات کے بارے میں تفتیش کے بعد اولمپکس مقابلوں میں شرکت کا اجازت نامہ واپس لے لیا۔ آئی او سی کے مطابق دونوں کوچز اولمپک ولیج سے واپس بیلاروس کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ کرسٹینا سوانوسکایا کے مطابق ان پر کوچز نے واپس منسک لوٹنے کا دباؤ ڈالا تھا۔ بیلاروسی ایتھلیٹ گزشتہ دو روز سے پولینڈ میں موجود ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے