یومِ عاشور پر ملک بھر میں جلوس و مجالس، سکیورٹی انتہائی سخت

نواسہ رسول ﷺ، حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج پاکستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

ملک کے کئی شہروں میں سکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس بند ہے جبکہ سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو گا، جلوس سے قبل مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے اور واقعہ کربلا میں امام حسین اور ان کے رفقا کی قربانی کی یاد تازہ کریں گے۔

بعد از مجلس مرکزی جلوس نشترپارک سے بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہو گا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیان پر اختتام پزیر ہوگا، جلوس کے شرکاء تبت سینٹر پر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کریں گے۔

[pullquote]سکیورٹی کے سخت انتظامات[/pullquote]

جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی گلیاں اور سڑکیں کنٹینر لگا کر سیل کی گئی ہیں جبکہ گزرگاہ کی عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہ کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سرچنگ کروائی جارہی ہے اور جلوس کی طرف آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ جلوس کی گزرگاہ پر موبائل فون سروس معطل ہے جبکہ اطراف کی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہیں۔

[pullquote]ہزاروں پولیس اہلکار تعینات[/pullquote]

کراچی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی نگرانی اور سکیورٹی کے لیے پولیس کے 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

10 محرم الحرام کو شہر میں مجموعی طور پر 513 مجالس اور 281 جلوس برآمد ہوں گے، مجالس اور جلوس کی سکیورٹی کے لیے 12 ہزار 455 پولیس کے افسران و اہلکار تعینات ہیں، خواتین کمانڈوز، سینئر افسران، اسپیشل سکیورٹی یونٹ اور ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار تعینات ہیں، مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں پر 1000 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔

[pullquote]لاہور میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات[/pullquote]

لاہور میں دسویں محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے رات گئے برآمد ہوا، جلوس برآمد ہونے قبل مجلس عزا ہوئی جس میں ذاکرین نے سوز و سلام پیش کیا اور حضرت امام حسینؓ اور آپ کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے اطراف میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

لاہور کا مرکزی جلوس محلہ شیعاں، وزیرخان چوک، رنگ محل اور بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا شام کو کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔

[pullquote]ملک کے مختلف شہروں میں بھی جلوس[/pullquote]

کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا جبکہ راولپنڈی میں مرکزی جلوس تیلی محلہ امام بارگاہ عاشق حسین سے صبح 11 بجے برآمد ہو گا۔ اس کے علاوہ پشاور، سکھر اور گلگت بلتستان میں بھی جلوس نکالے جار ہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے