وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان کی کرکٹ کے خلاف ایک اور سازش ناکام ہوئی۔
Announcement of ECB to visit Pakistan next year is a welcome step,I would like to thank stars of cricket world, diplomatic community, Media And Cricket lovers around the world on their support for pakistan Cricket, yet again Pak has emerged as strong and resilient nation
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 29, 2021
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ کے چیئرمین این واٹمور نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ بورڈ کا تھا، اس معاملے پر کھلاڑیوں سے مشاورت نہیں کی گئی۔
این واٹمور کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ فیصلے سے پاکستان میں لوگ مایوس ہوئے، پاکستان کے ساتھ تعلقات نئے سرے سے بنانے ہیں، اگلے سال پاکستان کے شیڈول ٹور کے حوالے سے جو ہو سکا ہم کریں گے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے معذرت کر لی تھی۔